All posts by Khabrain News

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کورونا میں مبتلا ہوگئیں

صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کورونا میں مبتلا ہوگئیں۔

ترجمان کے مطابق کورونا کی تشخیص کے بعد ڈاکٹر یاسمین راشد نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ یاسمین راشد آج ڈینگی سے متعلق اجلاس میں شریک تھیں جس میں چیف سیکرٹری بھی موجود تھے، اجلاس میں شریک تمام افراد کو بھی کورونا ٹیسٹ کرانے کا کہا گیا ہے۔

یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ بیٹے کا امریکا پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تو اپنا بھی ٹیسٹ کرایاجومثبت آیا۔

ہینرچ میلان آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ مقرر

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ ہینرچ میلان کو آئر لینڈ کی سینئیر ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔

میلان کو گراہم فورڈ کی جگہ آئرلینڈ کرکٹ بورڈ نے یہ ذمہ داریاں دی ہیں، گراہم فورڈ گزشتہ چار سے آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے، ان کا معاہدہ دسمبر میں ختم ہو گیا۔

ہینرچ میلا بطور ہیڈ کوچ تین سال تک آئرش کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

میلان اس وقت آکلینڈ ایکسز کرکٹ کلب کی بطور ہیڈ کوچ کوچنگ کر رہے تھے ، اس سے قبل انہوں نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے لئے اسسٹنٹ کوچ کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں ہیں۔

میلان نے آئرش کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں ملنے کو اپنے لئے ایک اعزاز قرار دیا۔

آئرلینڈ میں رہائش کے لئے ورک پرمٹ کی منظوری کے بعد میلان مارچ تک آئرلینڈ ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔

ہینرچ میلان کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ کی ٹیم ایک بہترین اسکواڈ پر مشتمل ہے، اور اسکواڈ میں دنیا کی بہترین ٹیموں سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

نئے کوچ میلان نے کہا کہ یہ میرے لئے ایک چیلنج ہے، میں اور میری فیملی اس امتحان سے گزرنے کے لئے بڑی بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

آنے والی نسلوں کیلئے گلوبل وارمنگ کو روکنے کی ضرورت ہے، وزیراعظم

وزیراعظم  عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کیلئے گلوبل وارمنگ کو روکنے کی ضرورت ہے۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی اور عالمی بینک میں معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں  ماحولیات کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں  کیلئے گلوبل وارمنگ کو روکنے کی ضرورت ہے، گلوبل وارمنگ روکنے کیلئے بہت سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈی آئی خان جیسے علاقوں میں بارشیں کم ہونا شروع ہوگئی ہیں، درجہ حرارت بڑھنے کی وجہ سے جنگلوں میں آگ لگنا شروع ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اس کو کنٹرول نہ کیا تو یہ  بہت خطرناک ثابت ہوگا، 10ارب بلین ٹری سونامی ہمارے لیے بہت ضروری ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں اپنے جنگلات کو بچانا ہے، ہمیں نیشنل پارکس کو بچانا ہے، ہم نے اب تک 15نئے نیشنل پارک ڈکلیئر کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان کے بنجر علاقوں میں درخت لگائے جس سے وہاں وائلڈ لائف آگئی۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے اپنے نیشنل پارکس اور جنگلات کی حفاظت کرنی ہے، شہر پھیلتے  جارہے ہیں، اسلام آباد میں نیشنل پارکس میں انکروچمنٹ شروع ہوگئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ لاہور میں درخت کاٹنے کی و جہ سے  آلودگی بہت زیادہ ہوگئی ہے، مختلف ممالک نے ماحولیاتی آلودگی کو تاخیر سے سنجیدہ لیا۔

کراچی: موسم کی خرابی، پی آئی اے کی پروازیں متاثر

کراچی میں موسم کی خرابی کے باعث پی آئی اے کی پروازیں متاثر ہو گئی ہیں۔

پی آئی اے ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے کراچی سے تربت جانے والی پرواز منسوخ کردی ہیں ، تربت میں موسم خرابی کے باعث پی آئی اے نے پرواز منسوخ کردی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے پشاور جانے والی  ایئر سیال کی صبح 10 بجے پرواز تاحال روانہ نہ ہوسکی ، پشاور میں موسم خرابی کے باعث پرواز کو رات 9 بجے شیڈول کردیا گیا۔

پاکستان سے پہلی مال بردار ٹرین 13 روز بعد ترکی پہنچ گئی

تہران کے ذریعے استبول اور اسلام آباد کے درمیان ایک دہائی بعد چلنے والی ٹرین لاہور، تفتان، اور زاہدان سے ہوتی ہوئی انقرہ پہنچ گئی، مال بردار ٹرین نے اپنے 17 روز کا سفر 13 روز میں مکمل کیا جبکہ دوسری ٹرین بھی ترکی کے راستے پر رواں ہیں۔

 پاکستان ریلوے ڈائریکٹر (آپریشنز) امتیاز احمد نے ڈان کو بتایا کہ ’21 دسمبر کو اسلام آباد سے پہلے مال بردار ٹرین روانہ ہوئی، جو پیر کی شام انقرہ (ترکی) پہنچی، جس میں دیگر سازو سامان کے ساتھ بڑی تعداد میں پنک نمک بھی بڑی تعداد میں موجود تھا۔

انہوں نے بتایا کہ منزل پر پہنچنے سے قبل ٹرین میں موجود سامان کو ایرانی، ترک ریل گیج سسٹم کے ذریعے دوسری بوگیوں میں منتقل کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹرین 8 ویگنز پر مشتمل ہے جس میں 150 ٹنز پنک نمک موجود ہے۔

امتیاز احمد نے مزید بتایا کہ دوسری ٹرین 28 دسمبر کو بندرگاہ پہنچی جس میں 525 ٹن صابن کے پتھر موجود تھے، یہ ٹرین ایران میں داخل ہوچکی ہے اور جلد ہی زاہدان پہنچ جائے گی، جہاں ترسیل سے متعلق دیگر کام مکمل کیا جائےگا۔

ایک سوال کے جواب میں استنبول، تہران، اسلام آباد (آئی ٹی آئی) کے ترجمان امتیاز احمد نے بتایا کہ پاکستان ریلوے نے پہلی ٹرین سے 8 لاکھ اور دوسری ٹرین سے 22 لاکھ روپے کمائے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران صرف راستہ فراہم کرنے والے ملک کےطور پر استعمال ہوگا اور پاکستان سےلوڈ کیے جانے والے تمام سازو سامان کی ترسیل ترکی میں ہی کی جائے گی۔

پنک سالٹ سرگودھا سے ٹرک میں لوڈ کرکے اسلام آباد میں آئی ٹی آئی ٹرین تک منتقل کیا گیا جبکہ صابن کے پتھر جلال آباد (افغانستان)سے خریدے گئے اور فریٹ بھیجنے والوں نے اسے خریداروں کےمطالبے کے مطابق آئی ٹی آئی پر بُک کیا۔

امتیاز احمد نے مزید کہا کہ تیسری ٹرین بھی جلد ہی ترکی کے لیے روانہ ہوگی، اسے مال بردار ٹرین بھیجنے والوں کی جانب سے لوڈ کیا جارہا ہے۔

ڈیڑھ کروڑ افراد کا ڈیٹا مل چکا، اسی ماہ نوٹسز بھیجنا شروع کردیں گے، وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے اعلان کیا ہے کہ ڈیڑھ کروڑ افراد کا ڈیٹا مل چکا ہے اور اسی ماہ لوگوں کو نوٹسز بھیجنا شروع کردیں گے۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے سال 2019کی پارلیمنٹرینز ٹیکس ڈائریکٹری کا افتتاح کیا اور اس موقع پر تقریب سے خطاب میں کہا کہ ٹیکس کلچر بنانا ہے تو شروعات پارلیمنٹیرین سے ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھاکہ ٹیکس سسٹم میں شفافیت اور آسانی لانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، معاشرے کی ترقی میں ٹیکس کا بڑا اہم کردار ہے، کرنٹ اخراجات بھی اپنے ریونیو سے پورا نہیں کرپارہے ادھار لینا پڑتا ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ انکم ٹیکس سمیت صرف 2 قسم کا ٹیکس ہونا چاہیے، صرف انکم ٹیکس اور کنزامپشن ٹیکس ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھاکہ ہر آدمی کی آمدنی کے مطابق اس کا ٹیکس کاٹا جائے گا، ہمارے پاس ڈیڑھ کروڑ افراد کے نام ہیں، انہیں استعمال کریں گے، اسی ماہ لوگوں کو نوٹسز بھیجنا شروع کردیں گے، نادرا کے ساتھ مل کر ٹیکس کا دائرہ کار بڑھا رہے ہیں۔

پانچ عالمی جوہری طاقتوں کا ایٹمی جنگ شروع نہ کرنے پر اتفاق

پانچ عالمی جوہری طاقتیں جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ روکنے کیلئے متحدہو گئیں، ایٹمی جنگ شروع نہ کرنے کے معاہدے پر اتفاق کر لیا۔
پی فائیو گروپ میں شامل امریکا، روس، برطانیہ، چین اور فرانس نے اتفاق کیا ہے کہ جوہری جنگ کبھی نہیں جیتی جا سکتی، اس کے دور رس نتائج نکلتے ہیں لہٰذا رکن ممالک ایک دوسرے اور کسی دوسرے ملک کے خلاف جوہری جنگ نہیں لڑیں گے۔
رکن ممالک نے اتفاق کیا کہ جوہری ہتھیار جب تک رہیں گے وہ دفاعی مقاصد اور جارحیت کو روکنے کیلئے استعمال ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ، تخفیف اسلحہ اور ہتھیاروں کے کنٹرول کے معاہدوں کی پاسداری جاری رکھی جائے گی، رکن ممالک تنازعات کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالیں گے۔

فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے سابقہ مس ورلڈ کا دل جیت لیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد حسنین کی بگ بیش لیگ میں باؤلنگ نے سابقہ مس ورلڈ آسٹریلیا ایرن ہالینڈ کا بھی دل جیت لیا ہے۔
خیال رہے کہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے آسٹریلوی بگ بیش لیگ ڈیبیو میں میڈن اوور کراتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کرکے اپنی باؤلنگ اور رفتار سے آسٹریلیا کے ماہرین کو حیران کردیا۔
سوشل میڈیا پر محمد حسنین کی باؤلنگ کے خوب چرچے ہوئے اور ویڈیو وائرل ہوگئی جبکہ اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے سابقہ حسین عالم ،سپورٹس کمنٹیٹر،گلوکارہ اور ماڈل ایرن ہالینڈ نے فاسٹ باؤلر کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے لکھا کہ بہت ہی شاندار،بگ بیش لیگ میں ایک مرتبہ پھر پیس سٹرائیک،ساتھ ہی انہوں نے تالی بجاتے ہوئے سٹیکر کا استعمال کیا اور حسنین کی کارکردگی کو سراہا۔
یاد رہے کہ محمد حسنین نے بگ بیش لیگ میں اپنے اوور کی پہلی گیند پر کوئی رن نہیں دیا جبکہ دوسری اور تیسری گیندوں پر وکٹیں حاصل کیں ،چوتھی گیند بھی ڈاٹ ہوئی، پانچویں گیند پر پھر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔
سڈنی تھنڈرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کو جیت کے لیے 173 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ناکام ٹیم 144رنز پر آؤٹ ہوکر میچ 28رنز سے ہار گئی۔ حسنین نے چار اوورز میں سے ایک میڈن کرایا اور20رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ میچ کے دوران کھلاڑیوں ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے گریز کرتے ہوئے دکھائی دیئے۔
خیا ل رہے کہ ایرن ہالینڈ پی ایس ایل کے کمنٹری پینل میں بھی شامل رہ چکی ہیں اور انہوں نے پاکستان کی میزبانی پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔

پاکستان میں جمادی الثانی کا چاند نظر نہیں آیا

پاکستان میں جمادی الثانی کا چاند نظر نہیں آیا۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے اعلان کے مطابق وزارت مذہبی امور نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا جس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان سمیت زونل کمیٹی اسلام آباد کے ارکان نے شرکت کی۔

مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان بھر میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس انکے ہیڈ کوارٹرز پرمنعقد ہوئے ، پاکستان بھر میں مطلع ابر آ لود رہا اور کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ، لہذا کمیٹی ارکان نے متفقہ اعلان کیا کہ آج چاند نظر نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ یکم جمادی الثانی 1443 ہجری 5 جنوری بروز بدھ کو ہو گی ، شہریوں سے اپیل ہے وہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔

جسٹس عائشہ ملک کی تقرری کا معاملہ، پاکستان بارکونسل کا 6 جنوری کو ہڑتال کا اعلان

پاکستان بارکونسل نے لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ ملک کی تقرری کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن اجلاس کے دن ہڑتال اور عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین خوشدل خان کا کہنا تھاکہ 6 جنوری کو جوڈیشل کمیشن اجلاس والے ہڑتال اور عدالتی بائیکاٹ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھاکہ سمجھ سے بالاترہے جسٹس عائشہ ملک کو لانے کا مقصد کیا ہے؟ایک کے بجائے 3 خواتین ججز سپریم کورٹ لائیں مگر سینیارٹی کےمطابق لائیں۔

وائس چیئرمین کا کہنا تھاکہ چیف جسٹس کہہ چکے ججز تقرری کا معاملہ نئے چیف جسٹس پرچھوڑنا چاہیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں بھی لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں تقرری کا معاملہ چار چار سے ٹائی ہوگیا تھا، اُس وقت بھی جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں تقرری کے معاملے پر وکلا کی جانب سے بھی احتجاج کیا گیا تھا۔