All posts by Khabrain News

آج اپوزیشن بلاول بھٹو کے بتائے ہوئے روڈ میپ پر عمل کر رہی ہے ، فیصل کریم کنڈی

فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ آج اپوزیشن بلاول بھٹو کے بتائے ہوئے روڈ میپ پر عمل کر رہی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری میٹنگ میں منی بجٹ کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں کم از کم ویج 25 ہزار ہو گی ، بلاول بھٹو اور آصف زرادری صاحب بلوچستان اور کے پی کے کے دورے کریں گے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہم بلدیاتی انتخابات کے حوالے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر رہے ہیں ، فیصلہ کیا گیا ہے کہ جنرل انتخابات کے حوالے سے بھی ابھی سے درخواستیں طلب کریں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ ذوالفقارعلی بھٹو کے قتل کیس کا فیصلہ عدالتوں کے سرد خانے میں پڑا ہے اس پر جلد فیصلہ کیا جائے ، دسمبر نیازیوں پر بھاری ہوتا ہے ایک نیازی نے دسمبر میں ہتھیار ڈالے تھے ، اب دیکھیں عمران نیازی کا کیا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج اپوزیشن بلاول بھٹو کے بتائے ہوئے روڈ میپ پر عمل کر رہی ہے ، تحریک انصاف کے ممبران اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں۔

سول ملٹری تعلقات میں کوئی مسئلہ نہیں: ترجمان پاک فوج

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہےکہ سول ملٹری تعلقات میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بھارتی فوجی قیادت کی جانب سے دھمکیاں اورجھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا، بھارت نے خطے کے امن کو داؤ پر لگایا ہوا ہے، بھارت اندرونی طورپرانتہاپسندی کی طرف گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جی ایم اوزکے فروری کے رابطےکے سبب پوراسال ایل او سی پُرامن رہی لیکن حال ہی میں بھارتی فوج نے وادی نیلم کے سامنے ایک جعلی ان کاؤنٹر کیا جس کا الزام پاکستان پر لگادیا، بھارت پہلے بھی کئی بےگناہ لوگوں کو شہید کرچکا ہے، بھارت کے جھوٹے پراپیگنڈے کا مقصد انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ ہٹانا ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھاکہ کشمیر کا بدترین محاصرہ جاری ہے ، بھارتی فوج دہشتگردی کےنام پرکشمیریوں کونشانہ بنارہی ہے، بھارت جنیواکنونشن اورعالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہاہے، بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی مستند سیاسی قیادت کی آوازیں اٹھ رہی ہیں، اب ناصرف بھارت بلکہ کشمیری قیادت اور دنیا بھر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 2021 میں شمالی وزیرستان میں اہم آپریشن کیا گیا، اس آپریشن میں مکمل ریاستی رٹ بحال ہوئی، اگست 2021 میں افغانستان سے غیرملکی افواج کا اچانک انخلا ہوا جس کے  اثرات پاکستان کی سکیورٹی پرپڑے۔

ترجمان نے کہا کہ  پاک افغان بارڈرپر باڑلگانے کا کام 94 فیصد مکمل ہوچکا ہے، باڑ کا مقصد لوگوں کو تقسیم کرنا نہیں انہیں محفوظ بنانا ہے، اس باڑ کو لگانے میں شہدا کا خون شامل ہے، یہ امن کی باڑہے اورمکمل ہوگی۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال سنگین انسانی المیے کو جنم دے سکتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ کوئی دو رائے نہیں کہ ہرچیز میں معیشت کا عمل دخل ہے اور معاشی چیلنجزنئے نہیں ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ شام کوپروگرامزمیں کہا جاتا ہےکہ اسٹیبلشمنٹ نے یہ کردیا وہ کردیا، سول ملٹری تعلقات میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، اسٹیبلشمنٹ کو اس مسئلے سے باہر رکھیں۔

بھارتی گلو کار سونو نگم فیملی سمیت کرونا وائرس کا شکار

بھارت کے معروف گلوکار سونو نگم کا پورا گھرانہ مہلک عالمی وباء کورونا وائرس کا شکار ہوگیا۔
بالی ووڈ گلوکار سونو نگم نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور صرف وہ ہی نہیں، ان کی اہلیہ، بیٹے اور بھابھی کا بھی ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
ویڈیو میں سونو نگم نے کہا کہ وہ دبئی میں ہیں اور انہیں ایک شو کے لیے بھونیشور جانا تھا لیکن اب وہ سفر نہیں کریں گے کیونکہ وہ قرنطینہ میں ہیں۔
سونو نے کہا ہمیں محتاط رہنا ہوگا، خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ اس بار یہ وباء تھوڑی تیزی سے پھیل رہی ہے، مجھے تھیٹر والوں کے لیے برا لگتا ہے، مجھے فلم بنانے والوں کے لیے بھی برا لگتا ہے کیونکہ پچھلے 2 سالوں میں ہمارے تمام کام متاثر ہوئے ہیں۔
واضح رہے حالیہ کچھ دنوں میں بھارتی شوبز شخصیات کورونا کے ریڈار پر آئے ہیں جن میں پریم چوپڑا، دلناز ایرانی، جان ابراہم اور ان کی اہلیہ پریا رنچل، مرونال ٹھاکر، نورا فتیحی اور معروف پروڈیوسر ایکتا کپور شامل ہیں انہوں نے مداحوں سے احتیاط برتنے اور وباء سے بچنے کے لئے ویکسی نیشن کرانے کی اپیل کی ہے۔

پٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر عوامی احتجاج، وزیراعظم نے استعفی دیدیا

قازقستان کے وزیراعظم عسکر مامن نے پٹرولیم قیمتوں کے خلاف احتجاج پر صدر قاسم جومارت کو استعفی پیش کر دیا جسے قبول کرتے ہوئے صدر نے کابینہ برطرف کر دی۔ رپورٹ کے مطابق قازقستان میں 2 جنوری کو پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے تھے، پرتشدد مظاہروں میں اب تک 95 سے زائد پولیس اہلکار زخمی اور 200 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ دارالحکومت الماتے سمیت کشیدہ صورتحال کے شکار شہروں میں 17 جنوری تک ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ مظاہرین نے قیمتوں میں نصف سے زیادہ کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت کے گھر جانے تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنے کا الٹی میٹم دیا تھا۔ بحران پیدا ہونے پر صدر قاسم جومارت نے وزیراعظم سے ملاقات کی جس کے بعد عسکر مامن نے اپنا استعفی صدر کو پیش کر دیا جسے قبول کرکے کابینہ تحلیل کر دی گئی۔ قازقستانی صدر کے تازہ بیان کے مطابق قائم مقام کابینہ تشکیل دیدی گئی ہے جسے پٹرولیم قیمتوں سمیت مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

صبا قمر کو پھر شادی کی پیشکش

عروف اداکارہ صبا قمر کو ان کے مداح نے شادی کی پیشکش کردی۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے رافع محمود نامی اکاؤنٹ نے انسٹاگرام پر سوال و جواب کا ایک سیشن رکھا۔ایک صارف نے اپنی خواہش کا اظہار کیا اور لکھا کہ میں 50 سال کی عمر میں صبا قمر سے شادی کرنا چاہتا ہوں لیکن میری شوبز انڈسٹری سے کوئی وابستگی نہیں ہے، میں اس معاملے میں مذاق نہیں کررہا بلکہ سنجیدہ ہوں۔ رافع محمود نے اپنی اسٹوری شیئر کی اور اداکارہ کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ یہ آپ کے لیے ایک اور پروپوزل آگیا ہے، برائے مہربانی اس بار سوچیں۔ صبا قمر نے اسٹوری کو ری پوسٹ کیا اور لکھا کہ ‘لفظ قبول ہے مجھے راس نہیں آتا’۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کئی بار صبا قمر کو ان کے چاہنے والوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شادی کی پیشکش کی جاچکی ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج یوم حق خود ارادیت منارہے ہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کشمیری یوم حق خود ارادیت منارہے ہیں۔

کشمیر کے یوم  حق خودارادیت پر صدر پاکستان عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغامات جاری کیے ہیں۔

صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کشمیریوں سے اقوام متحدہ کے حق خود ارادیت کے وعدے کو 73 سال ہو گئے، اقوام متحدہ کو73 سال قبل کیے گئے وعدے کا پاس رکھنا چاہیے،کشمیری اقوام متحدہ سے کیے گئے وعدے کو عملی شکل دینے کے منتظر ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ  تنازع کشمیر کا اقوام متحدہ کی زیرنگرانی جمہوری طریقے ، آزادانہ اور منصفانہ رائےشماری سے فیصلہ کیا جائے۔

وزیراعظم کا بیان

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ عالمی برادری اور بالخصوص اقوام متحدہ بھارت کے جنگی جرائم اور مقبوضہ کشمیر میں اس کے انسانیات کے خلاف جرائم کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارتی قبضے اور ظلم کے خلاف جارحیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے کشمیریوں کے یومِ حق خود ارادیت کے موقع پر ایک بار پھر کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔

سائبر کرائم کی شرح میں تشویشناک اضافہ، ایک لاکھ مقدمات درج

اسلام آباد ( ملک منظور احمد ) پاکستان میں سائبر کرائم کی شرح میں تشوش ناک حد تک اضافہ ہو گیا ،سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سال 2021میں رجسڑڈ ہونے والے سائبر کرائم کی تعداد 1لاکھ سے تجاوز کر گئیں ہیں ۔ذمہ دا ر ذرائع کے مطابق ملک میں سمارٹ فونز اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ ساتھ سائبر کرائم کی شرح میں کئی گنا تک اضافہ ہو چکا ہے ۔ایف آئی اے ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے ادارے پر عوام کے اعتماد کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں اس حوالے سے آگاہی مہم چلائی گئی ہے اسی لیے عوام کی بڑی تعداد نے اس حوالے سے ایف آئی اے میں اپنی شکایات کا اندراج کروایا ہے ،لیکن خبریں نے جب اس حوالے سے سائبر کرائم کے ماہرین سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ ایف آئی اے نے گزشتہ دو برس کے دوران عوام کو سائبر کرائم کے حوالے سے آگاہی دینے اور عوام کی رسائی آسان بنانے کے لئے کام کیا ہے لیکن اتنی بڑی تعداد میں شکایات کا رجسٹرڈ ہونا بڑھتی ہو ئی عوامی آگاہی کا اثر ہے ۔ایف آئی اے میں ہر شکایت پر فوجداری کاروائی نہیں کی جاتی ہے پہلے شکایت کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے اور اس کے بعد اگر کوئی جرم ہوا ہے تو پھر اس پر فوجداری کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔گزشتہ سال رجسٹر ہونے والی 1لاکھ سے زائد شکایات میں سے 80ہزار کے خلاف انکوائری کروائی گئیں اور ان میں سے بھی 1200کے خلاف کیس درج کیے گئے ہیں ۔1300کی تعداد میں گرفتاریاں بھی عمل میں لا ئیں گئیں ہیں ۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال رجسٹر ہونے والی شکایات میں سے 25فیصد طلباءکی شکایات تھیں جبکہ 25فیصد مالی معاملات کے حوالے سے شکایات کا اندراج کیا گیا ۔فراڈ اور دھوکہ بازی کے کیسز میں 427ایف آئی آر رجسرڈ کی گئیں اور 300سے زائد گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں ہیں ۔اس کے بعد بلیک میلنگ اور بھتہ خوری کے کیسز تھے جن میں 185گرفتاریاں عمل میں آئیں ۔ریپ کے 199،سائبر دہشت گردی کے 76 جبکہ چائلڈ پو رنوگرافی کے بھی 49کیس سامنے آ ئے ہیں ۔ذرائع کے مطا بق ملک میں ماہانہ بنیادوں پر سامنے آنے والے کیسز کی تعداد میں گزشتہ دو سال میں دگنا اضا فہ ہو چکا ہے ۔2018ءمیں ماہانہ بنیادوں پر کیسز کی تعداد 4ہزار ماہانہ کے قریب تھی جبکہ اب یہ تعداد بڑھ کر 8ہزار ماہانہ سے زائد ہو چکی ہے ۔ذرائع کے مطابق کرونا کی صورتحال میں کیسز میں اضافے کا باعث بنی ہے ۔اس حوالے سے ایف آئی اے کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا تھا کہ محدود وسائل کے با وجود عوام کو ریلیف مہیا کرنے کی بھرپور کو شش کی جا رہی ہے ،عام آدمی ہماری پالیسیوں کا محور ہے اور ہم نے عام آدمی کے فائدے کے لیے ای تحقیقات کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے ۔سائبر ونگ کے بجٹ میں اضافی کیا جا رہا ہے ،نئی بھرتیاں کی جا رہی ہے اور ہر ضلع میں ایف آئی اے کا سینٹر کھولا جا رہا ہے ۔انٹر پول کے ذریعے سوشل میڈیا ویب سائٹس تک رسائی حاصل کی جاتی ہے اور اس حوالے سے ہمیں مثبت نتائج مل رہے ہیں ۔عوام کی آسانی کے لیے ویب سائٹ nr3c.gov.pkاور ای میل helpdesk@nr3c.gov.pkکا اجرا کیا گیا ہے جس پر شہری اپنی شکایات کا اندراج کر سکتے ہیں ۔

بالی ووڈ اداکار جان ابراہم اور اہلیہ کورونا وائرس کا شکار

بالی ووڈ کے نامور اداکار جان ابراہم کورانا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جس کے متعلق انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے مطلع کیا ہے۔
اداکار سمیت ان کی اہلیہ پریا کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد دونوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔ انسٹاگرام پر سٹوری شیئر کرتے ہوئے اداکار کا نے بتایا کہ ہم دونوں کی ویکسی نیشن مکمل ہے لیکن پھر بھی کورونا کی معمولی علامات ظاہر ہوئیں تھیں جس کے بعد ان کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

امریکہ میں اومیکرون سے متاثرہ افراد کی تعداد دس لاکھ سے تجاوز کر گئی

امریکہ میں نئے ویرئینٹ اومیکرون سے متاثرہ افراد کی تعداد دس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق پیر کے روز امریکہ میں 1080211 افراد میں اومیکرون کی تصدیق ہوئی جو پوری دنیا سے زیادہ ہے۔

یونیورسٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اومیکرون کے سب سے زیادہ متاثرین امریکہ کے شہری ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ لاکھوں کی تعداد میں کیسز کا آنا خطرناک صورتحال ہے۔

جونزہاپکنز یونیورسٹی نے مزید خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ابھی ابتداء ہے اومیکرون کے پھیلاؤ میں ابھی مزید تیزی آئے گی۔

امریکہ کے وبائی امراض کے مشیر انتھونی فوسی نے کہا کہ امریکہ اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے۔

مشیر انتھونی فوسی نے جنوبی افریقہ کی مثال دیتے ہوئے امید ظاہر کی جنوبی افریقہ میں یہ ویرئینٹ ظاہرہوا تھا لیکن اب صورتحال کنٹرول میں ہے۔

امریکی اسپتالوں میں نئے مریضوں کی آمد کے حوالے سے مشیر ڈاکٹر انتھونی فوسی نے کہا کہ ابھی اسپتالوں پر دباؤ نہیں ہے۔

ڈاکٹر انتھونی فوسی کا کہنا تھا کہ اب تک کی تحقیقات کے مطابق نیا ویرئینٹ اومیکرون انڈین ڈیلٹا وائرس کے مقابلے میں کم خطرناک ہے، اور اموات کی شرح انتہائی کم ہے۔

جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق گزشتہ ہفتے میں اس وائرس سے 8652 افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔

کیسز کا پچھلا ریکارڈ 590000 ہزار تھا جو چار روز قبل ریکارڈ کیا گیا تھا۔

امریکہ سے باہر مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد انڈین ویرئینٹ ڈیلٹا کے دوران آئی تھی۔

ڈیلٹا وائرس سے مئی 2021 میں 414188 افراد میں اس بیماری کی تشخیص ہوئی تھی۔

حفیظ ریٹائرمنٹ کے بجائے مزید کھیلنا چاہتے تھے، آفریدی کا انکشاف

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ محمد حفیظ ریٹائرمنٹ لینے کے موڈ میں نہیں تھے۔

نجی ٹ وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان کے اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا میں نے ہمیشہ کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان موجود فاصلے کی بات کی ہے اور محمد حفیظ کے کیس میں بھی مجھے ایسا ہی دکھائی دے رہا ہے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس کے دوران محمد حفیظ کے رویے سے واضح طور پر دکھائی دے رہا تھا کہ وہ ریٹائرمنٹ کے موڈ میں نہیں تھے اور مزید پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتے تھے۔

شاہد آفریدی نے کہا میں محمد حفیظ کو شاندار کیریئر پر مبارکباد دیتا ہوں اور مجھے اس بات کی بھی خوشی ہے کہ انہوں نے خوشدلی سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ لے کر کسی بڑے تنازع کو دعوت نہیں دی۔

خیال رہے قومی ٹیم کے آل راؤنڈر اور سابق کپتان محمد حفیظ نے گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ  18 سال قبل جو سفر شروع کیا آج اس سے ریٹائر ہورہا ہوں لیکن جب تک فٹ ہوں اور پرفارم کررہا ہوں لیگ کھیلتا رہوں گا۔

سابق کپتان نے 392 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 12 ہزار 789 رنز بنائے اور اپنے ملک کے لیے 21 سنچریاں اور 64 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ اس دوران انہوں نے 253 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سمیت دیگر کھلاڑیوں نے محمد حفیظ کو شاندار کریئر پر خراج تحسین پیش کیا۔