All posts by Sultan Malik

سعودی عرب میں سال نو کے جشن کی تیاریاں عروج پر، 31 دسمبر کو خصوصی کنسرٹ ہوگا

سعودی عرب میں سال نو کے جشن کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔

گزشتہ دنوں سعودی دارالحکومت ریاض میں 4 روزہ میوزک فیسٹول ہوا تھا جس میں ریکارڈ تعداد میں لوگ شریک ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ سلمان خان کا بھی کنسرٹ ہوا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

اب سعودی عرب میں سال نو کے جشن کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ 31 دسمبر کی رات ریاض میں خصوصی کنسرٹ ہو گا جس میں سعودی عرب سمیت دیگرعرب گلوکار شرکت کریں گے۔

پاکستان میں 90 فیصد دہشت گردی افغانستان سے ہوتی ہے، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی

پشاور میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی جاوید اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 90 فیصد دہشتگردی افغانستان سے ہوتی ہے، افغانستان کے دہشتگردوں نے پاکستان میں بھی دہشتگردی کی کوشش کی۔

جاوید اقبال نے کہا کہ پولیس نے کوشش کر کے دہشتگرد کارروائیوں کو روکا ہے، اس سال داسو  میں خودکش حملہ ہوا تھا جس میں چینی باشندے ہلاک ہوئے، حملے میں ملوث ملزمان کو سی ٹی ڈی نے گرفتار کیا۔

انہوں نے کہا کہ داعش کے لوکل چیپٹر نے پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں کی بھرپور کوشش کی، داعش نے یہاں پولیو ٹیموں پر حملے کیے، اس گروپ نے ستنام سنگھ کو بھی مارا تھا۔

جاوید اقبال نے کہا کہ سی ٹی ڈی نے تین بڑے داعش کے پی چیپٹر کے دہشتگرد مارے ہیں، اس سال 44 بھتے کی ایف آئی آرز  درج کی ہیں جن میں 31 افراد کو مختلف کارروائیوں میں گرفتار کیا گیا ہے۔

جاوید اقبال نے کہا کہ اس سال 40 کے قریب پولیس اہلکارشہید ہوئے، 599 ہائی پروفائل دہشتگردوں کو پکڑا جن میں 110 دہشتگرد اس سال مختلف کارروائیوں میں مارے گئے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے کہا کہ داعش کا بنوں میں ابوبکر نامی دہشتگرد پولیو ٹیموں پر حملے کرتا تھا جو پکڑا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے چار پانچ مہینوں میں پولیو مہم میں 44 ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ہوئے،اس سال تین خودکش حملے ہوئے۔

امریکا میں5 جنوری سے فائیو جی وائرلیس سروس کا آغاز

امریکا میں فائیو جی وائرلیس نظام کا نفاذ دنیا بھر میں موجود ائیر لائنز کو مشکل میں ڈال سکتا ہے کیونکہ  فائیو جی سی بینڈ اسپیکٹرم  کی فریکوئنسی پر کام کرے گا جو کہ دنیا بھر کی ائیرلائنز کو الاٹ شدہ محفوظ اسپیکٹرم سے صرف ایک درجے بعد کی فریکوئنسی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے اگر ائیر لائنز کو الاٹ شدہ محفوظ اسپیکٹرم تبدیل نہ کیا گیا تو خدشہ ہے فائیو جی اسپیکٹرم کے باعث نہ صرف پروازیں تاخیر کا شکا رہوں گی  کئی پروازوں کو راستہ بدلنا ڑے گا یا منسوخ بھی ہوسکتی ہیں۔
یادرہے امریکا میں فائیو جی اسپیکٹرم 3.7 گیگا ہرٹرز سے لے کر 3.98 گیگا ہرٹز کی فریکوئنسی پر آپریٹ ہوگی جبکہ انٹرنیشنل ایوی ایشن  کو الاٹ شدہ محفوظ فریکوئنسی 4.2 گیگا ہرٹز ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ فائیو جی ٹیکنالوجی طیاروں کی حساس الیکٹرونک تنصیبات کے فنکشنز یا کمیونیکشنز کو متاثر کرسکتی ہے۔  کسی بھی ناخوشگوار حادثے یا عوام کو مشکلات  سے بچنے کے لئے  فائیو جی کو فوری لانچ نہ کیا جائے۔ یونائٹڈ ائیر لائنز ک چیف ایگزیکٹو اسکاٹ کربی  کے مطابق فائیو جی سروسز کے لانچ سے ہزاروں مسافر متاثر ہوسکتے ہیں۔

ایسا لگ رہا ہے کہ اس ملک میں بجلی اور گیس ہے ہی نہیں، فیصل کریم کنڈی

پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے کہ اس ملک میں بجلی اور گیس ہے ہی نہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے قومی سلامتی پالیسی کو چھپا کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام پر منی بجٹ نازل کیا جا رہا ہے، حکومت نے ملک کی جو حالت کی ہے سب کے سامنے ہے۔

پی پی پی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت خیبر پختونخواہ میں امن و امان قائم رکھنے میں ناکام ہو گئی ہے پر اب کے پی میں تبدیلی کا سورج طلوع ہو چکا ہے۔

فیصل کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ماضی کے مقابلے میں اچھی کارکردگی رہی، بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کارکردگی پہلے سے بہتر ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جس جس چیز کا عمران خان نے نوٹس لیا اس کا بیڑہ تباہ ہو گیا۔ عمران خان خود کہتے تھے کہ مہنگائی ہو تو وزیر اعظم چور ہوتا ہے، آج ملک میں اتنی زیادہ مہنگائی ہے تو کون چور ہے؟

پی پی پی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کو اپنے ملک سے زیادہ یورپ اور مغرب کے بارے میں پتا ہے۔ ملک میں مہنگائی سے تنگ لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں، حکمرانوں کو علم ہی نہیں ہے کہ ملک میں کتنی مہنگائی ہے۔

اپوزیشن ایٹمی اثاثوں کے حوالے سے اپنے ذہن سے وسوسہ نکال دے، وزیر خارجہ

بدھ کو قومی اسمبلی میں راجہ پرویز اشرف اور  مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف کی طرف سے نکتہ ہائے اعتراض پر جواب دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی معاشی اور اقتصادی خودمختاری کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان آج جن اقتصادی مشکلات سے دوچار  ہے حسابات جاریہ ، تجارتی خسارہ اور ریونیو کے بیشتر حصے کے بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں جیسے معاملات پر سنجیدہ بات کرنے کی ضرورت ہے، ہم سب نے مل کر اسے ٹھیک کرنا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کلی معیشت کے اشاریے گزشتہ تین برسوں میں نہیں بگڑے یہ ایک طویل داستان ہے جن کا جائزہ لینا ضروری ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ معاشی خودمختاری کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے، ہم ملک کی معاشی خودمختاری کا دفاع کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک فاضل ممبر نے پاکستان کے جوہری اثاثوں کے حوالے سے بات کی ہے، کم سے کم دفاعی صلاحیت پر  قومی اتفاق رائے تھا، ہے اور رہے گا۔ ہم کسی غفلت اور کوتاہی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ پاکستان کی پوری قوم اس حوالے سے متفق ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کورم کی بنیادی ذمہ داری حکومت کی ہے لیکن اپوزیشن کے ارکان سے دست بدست درخواست ہے کہ وہ ایوان کو فعال رکھنے کیلئے گھڑی گھڑی کورم کی نشاندہی نہ کریں تاکہ ہم ان کے خیالات سے بھی مستفید ہوں۔

قبل ازیں پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نکتہ اعتراض پر کہا تھا کہ ایوان کے اندر اور باہر چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں کہ حکومت مَنی بل یا مِنی بجٹ لا رہی ہے، مہنگائی، بیروزگاری اور گیس کی قلت نے لوگوں کے دکھوں میں پہلے سے اضافہ کیا ہے، ہمیں اس کی مزاحمت کرنی چاہیے۔

اس موقع پر ایوان کی کارروائی چلانے والے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا کہ جب یہ بل ایوان میں آجائے گا تو اس پر بحث ہوگی۔

ٹی 20 پلیئر آف دی ایئر کی نامزدگیوں کا اعلان، پاکستان کے رضوان بھی شامل

پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان آئی سی سی ٹی 20 پلیئر آف دی ایئر کی نامزدگیوں میں شامل ہیں۔
آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے پلیئرز آف دی ایئر کی نام زدگیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
کرکٹ کی بین الاقوامی تنظیم کی جانب سے سال کے بہترین کھلاڑی کے چناؤ کے لیے نامزد 4 کھلاڑیوں میں پاکستان کے محمد رضوان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
پلیئر آف دی ایئر کے لیے نامزد دیگر کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے جوز بٹلر، سری لنکا کے ہسارنگا اور آسٹریلیا کے مچل مارش کے نام بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے ایک کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔

لاہور میں نئے سال پر موسیقی کی تقریبات اور آتشبازی پر پابندی عائد کردی گئی

لاہور میں سال نو پر موسیقی کی تقریبات اور آتشبازی پر پابندی عائد کردی گئی۔
لاہور میں نیو ایئر نائٹ پر موسیقی کی تقریبات اور آتشبازی پر پابندی ہوگی، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نیو ایئرنائٹ پر سیکیورٹی خدشات کے تحت عوامی اجتماع، کنسرٹ اور موسیقی کی تقریب کی اجازت نہیں ہوگی۔
انتظامیہ کے مطابق فضائی آلودگی، اسموگ کے مسائل اور آتش بازی کی آڑ میں ہوائی فائرنگ کے خدشات کے پیش نظر آتش بازی کے لیے دی جانے والی تمام درخواستیں مسترد کردی گئی ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور میں سال نو کے دوران آتش بازی کی اجازت کے لیے ضلعی انتظامیہ کو درخواستیں بھیجی گئی تھیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں کئی افراد اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں اور متعدد افراد فائرنگ سے زخمی ہوجاتے ہیں۔

‘چاہوں تو شارٹس اور ٹی شرٹ پہن سکتی ہوں لیکن میرے خیالات دقیانوسی ہیں’

اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ وہ پہننے اوڑھنے کے معاملے میں ذرا دقیانوسی خیالات کی مالک ہیں۔
کچھ روز قبل اداکارہ نے ایک ویب شو میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنی طلاق سے لے کر بیٹے کی پرورش اور اپنی زندگی میں آنے والی مشکلات کے حوالے سے گفتگو کی۔
ماہرہ خان نے کہا کہ اپنے پہناوے کو لے کر میں بچپن سے ہی کافی دقیانوسی ہوں، مجھے نہیں معلوم کہ ایسا کیوں ہے، حالانکہ میں کئی عرصے بیرونِ ملک رہ چکی ہوں، چاہوں تو شارٹس اور ٹی شرٹ پہن سکتی ہوں۔
اداکارہ نے مداحوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ناظرین کو اچھا نہیں لگتا اگر میں کپڑوں میں سے ذرا سی بھی ٹانگ دکھا دوں، وہ اسے ناپسند کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ناظرین کی جانب سے آنے والی رائے سے آگاہ ہوتی ہوں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں ان کے بارے میں بہت زیادہ سوچتی ہوں۔

پرچم کشائی کے دوران بھارتی جھنڈا نیچے آگرا

پرچم کشائی کے دوران بھارتی جھنڈا فضا میں لہرائے جانے کی کوشش کے دوران نیچے آگرا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کے 137 ویں یوم تاسیس کی تقریب کے موقع پر بھارتی جھنڈا گرنے کا واقعہ پیش آیا، اس موقع پر راہول گاندھی سمیت پارٹی کے اہم عہدیدار بھی موجود تھے۔
بھارتی جھنڈے کے گرنے کی ویڈیو بھی وائرل ہوچکی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یوم تاسیس کی تقریب کے موقع پر پارٹی سربراہ سونیا گاندھی نے جب قومی پرچم لہرانے کی کوشش کی تو اس دوران بھارتی جھنڈا کھمبے پر لہرانے کے بجائے گر گیا۔
بعد ازاں ایک کارکن کی مدد سے جھنڈے کو دوبارہ کھمبے پر لگاتے ہوئے پرچم کشائی کی گئی۔

صدر پوٹن کی دعوت پر ایرانی صدر اگلے ماہ روس کا دورہ کریں گے

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی آئندہ سال کے آغاز میں روس کا دورہ کریں گے جو 2017 کے بعد کسی ایرانی صدر کا پہلا دورہ ہوگا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ویلادیمیر پوٹن نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کو روس کے دورے کی دعوت دی ہے جسے ایرانی ہم منصب نے قبول کرلیا ہے۔
اس حوالے سے ایرانی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ صدر ابراہیم رئیسی روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کی دعوت کے بعد دورۂ روس کی تیاری کر رہے ہیں جو آئندہ ماہ متوقع ہے۔ 4 سال بعد کسی ایرانی صدر کا روس کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔
ایرانی حکومت کے ترجمان کے مطابق اس دورے میں دوطرفہ، علاقائی، قومی تعاون خصوصاً اقتصادی اور تجارتی تعاون پر بات ہوگی جس کے خطے میں قیام امن کے لیے دیرپا نتائج نکلیں گے۔
دوسری جانب روس نے ایرانی صدر کے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں ممالک میں خطے میں اہم اتحادی ہیں اور خطے میں تیزی سے بدلتی صورت حال پر دونوں رہنما تبادلہ خیال کریں گے۔
خیال رہے کہ امریکا سے مخاصمت کے باعث روس اور ایران کے درمیان مضبوط سیاسی اور فوجی تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک امریکا پر دباؤ برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ یوکرائن کے معاملے پر روس کے امریکا اور نیٹو ممالک کے تعلقات کشیدہ ہوگئے ہیں جس کے باعث اب روس نئی صف آرائی میں مصروف ہے۔