مری(نمائندہ خبریں) مری میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے کم نہ ہو سکے ٹرانسپورٹرز کی من مانیاں عروج پر مسافر لٹنے پر مجبور پٹرول 400 روپے کے قریب تھا تب بھی کرائے یہی تھے اور اب 300 روپے کے لگ بھگ پہنچنے کے باوجود بھی کرایوں میں کوئی کمی نہیں کی گئی لوکل روٹس پر بھی
پرانے کرائے وصول مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑے روز کا معمول بن گئے ٹریفک پولیس اور انتظامیہ کی خاموشی پر عوامی حلقوں میں تشویش، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ مری میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں تاحال کمی نہ ہو سکی جس کے باعث مقامی شہریوں، طلبہ، ملازمین اور روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے پرانے اور من مانے کرائے وصول کیے جانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس نے عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ جب پٹرول کی قیمت 400 روپے فی لیٹر کے قریب تھی، اس وقت بھی مری کے مختلف روٹس پر پبلک ٹرانسپورٹ کے جو کرائے وصول کیے جا رہے تھے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود آج بھی وہی کرائے برقرار ہیں۔ پٹرول کی قیمت کم ہو کر 300 روپے فی لیٹر کے قریب پہنچنے کے باوجود ٹرانسپورٹرز نے مسافروں کو ریلیف دینے کے بجائے پرانے کرایوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، جس پر شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر محکمہ ٹرانسپورٹ، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی خاموشی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ آخر مری میں سرکاری کرایہ نامے پر عملدرآمد یقینی بنانے اور مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے کی ذمہ داری کس ادارے کی ہے؟ متعلقہ محکموں کی جانب سے نہ تو کرایوں میں کمی کے حوالے سے کوئی مثر اقدامات دکھائی دے رہے ہیں اور نہ ہی مبینہ زائد کرایوں کی وصولی کے خلاف کوئی عملی کارروائی سامنے آ رہی ہے۔شہریوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والے مسافروں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر مری اور دیگر اعلی حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ مری کے تمام لوکل اور بین الاضلاعی روٹس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں کا فوری ازسرنو تعین کیا جائے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے نیا کرایہ نامہ جاری کیا جائے اور اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
