اسلام آباد(این این آئی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 13 یونیورسٹیوں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر کے کنسورشیم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔الیکشن کمیشن اور پاکستان کے تعلیمی و تحقیقی اداروں کا یہ اقدام کے ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے جس کا مقصد انتخابی عمل میں تحقیق کا فروغ، اور سیاسی عمل میں جمہوری شعور کو اجاگر کرنے کیلیتمام طبقات کی شمولیت کو یقینی بنانا ہے۔ مفاہمتی یاداشتوں کی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے نثار احمد درانی، ممبر الیکشن کمیشن نے جمہوری اقدار کے فروغ، باخبر معاشرے کی تشکیل اور نوجوانوں کی انتخابی عمل میں شمولیت کے حوالے سے تعلیمی اداروں اور یوتھ کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کنسورشیم انتخابی امور میں علمی و تحقیقی مہارتوں کو استعمال کرتے ہوئے، تحقیق و جدت کو فروغ دینے اور شواہد پر مبنی انتخابی مسائل کے حل کی تلاش کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگااور اس پلیٹ فارم سے انتخابی نظام میں جدت کیلے تحقیق اور تجاویز پر بھی غور ہوگا۔ اس تین سالہ شراکت داری کے دوران الیکشن کمیشن اور شریک یونیورسٹیاں تحقیق، علمی مہارت کے تبادلے، نوجوانوں کی انتخابی عمل میں شمولیت کے شعور اور آگاہی کے لیے مختلف اقدامات پر تعاون کریں گے۔
