نوشہرہ، لاہور (بیورو رپورٹ، صباح نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) امام کعبہ شریف الشیخ صالح بن محمد ابراہیم نے کہا ہے کہ پوری اسلامی دنیا کی نظریں اس وقت پاکستان کی طرف ہیں اور اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے اور اسے عالم اسلام کی ترقی کا ذریعہ بنائے۔ پاکستان کے عوام، پاکستان کی حکومت اور تمام پاکستانی قائدین کو یہ بات ذہن نشین کرنا چاہیے کہ عالم اسلام اس وقت جن شدید مشکلات سے دوچار ہے ان تمام کی نظریں پاکستان پر ہیں لہٰذا پاکستان کی حفاظت اور پاکستان کی ترقی پاکستان کے عوام پر فر ض ہے۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کے عوام اور پاکستان کی حفاظت فرمائے۔ کشمیر، فلسطین ،افغانستان، شام، عراق اور دیگر مسلم ممالک میں جاری انتشار کے خاتمے کےلئے تمام امت کو متحد ہونا پڑے گا۔ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کی مشکلات ختم کرے۔ ان خیالات کا اظہار امام کعبہ شیخ صالح بن محمد ابراہیم نے جے یو آئی(ف)کے صد سالہ اجتماع کے آخری روز خطاب اور بعدازاں دعا کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام پوری دنیا کےلئے امن اور خیر کا دین ہے ۔اسلام کا تعلق دہشت گردی یا فرقہ واریت سے نہیں جبکہ مدارس خیر کا سبب اور دین کی تعلیم پہنچا رہے ہیں۔ مدارس کی تعلیم دہشت گردی سے روکتی ہے ۔آج تمام مسلمان دہشت گردی کے خلاف ایک صف میں کھڑے ہیں ۔آج ہم متحد ہو کر تمام مقدس مقامات کی حفاظت کریں ۔پورے عالم کے مسلمان پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ حرمین کی حفاظت کےلئے پاکستان کا مو¿قف غیر متزلزل ہے۔ اس اجتماع نے انسانیت کو امن کا پیغام دیا اور انسانیت کو پیغام خیر پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجتماع آج ہمیں اس بات کا پیغام د ے رہا ہے کہ قرآن کریم کی یہ آیت کریمہ کہ آپس میں ایک دوسرے سے مت الجھو۔ تاکہ تم ناکام نہ ہو جاﺅ اور قرآن کریم کی یہ آیت پیغام دے رہی ہے کہ یہ امت امت واحدہ ہے اور یہ ہی آج اس عظیم اجتماع کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اختلافات بھلا کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں۔ جمعیت علماءاسلام کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے کتاب و سنت کی حفاظت کی میں جمعیت علماءاسلام کی اس کاوش کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ دین کا تعلق کسی دہشت گردی کے ساتھ نہیں ہے یہ دین پوری انسانیت کےلئے خیر کا دین ہے۔ مدارس اسلامیہ جن کا وجود اس وقت پوری دنیا کے اندر پھیلا ہوا ہے یہی اس کی تعلیمات ہیں کہ جو لوگوں کو دہشت گردی سے دور رکھنے کی تعلیمات دے رہے ہیں ۔یہی مدارس خیر کا سبب ہیں ۔ہم ان کی ان خدمات کو عزت اور تکریم کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔اسی طرح ان علماءکا تعلق حرمین شریفین کے ساتھ جس طرح قائم اور دائم ہے یہی تعلق انشاءاللہ اس امت کےلئے خیر اور برکت کا ذریعہ بنے گا ۔امام کعبہ شریف نے کہا کہ دہشت گردی سوسائٹی ،معاشرے اور ملک کے اندر اقتصادی طور پر اسے مفلوج کرتی ہے اس ملک کی پیداوار کو مفلوج کرتی ہے لہٰذا آج تمام مسلمان متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہو جائیں ۔ہم سب کو معلوم ہے کہ ہماری زندگی کی بنیاد اور ترقی کا دارومدار قرآن اور سنت پر ہے اور قرآن و سنت ہمیں اللہ کے رسول اور صحابہ ؓ کے ذریعے ملی ہے اگر صحابہ پر اعتماد ختم ہو گیا تو پھر سارا دین مجروح ہو جائے گا اس لئے ہمارے نبی اور صحابہ ؓ کے درمیان رشتوں کو کاٹنے کی کوشش کی جارہی ہے ان رشتوں کو ہم نے مضبوط بنانا ہے ۔مقدس مقامات کی حفاظت تمام مسلمانوں پر فرض ہے یہ امت کےلئے رحمت ہے اور یہ ہمیشہ امت کےلئے رحمت رہے گا ہر معاملے میں درگزر کرنا ضروری ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ہم مقدس مقامات کی حفاظت سے ہٹ جائیں ان کا دفاع تمام مسلمان اور عالم اسلام پر فرض اور واجب ہے اس لئے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔پورے عالم کے مسلمان پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں اور پاکستان کے ساتھ ان کی امیدیں وابستہ ہیں اور پاکستان امت مسلمہ اور حرمین کی حفاظت کرنے کےلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ہمیں یہ احساس ہے کہ یہ امت بہت ساری مشکلات سے گزر رہی ہے لیکن پاکستان کے علماءاور پاکستان کے عوام اور پاکستان کی حکومت نے دفاع حرمین کے لئے جو غیر متزلزل مو¿قف اپنایا ہے ہم اس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ عظیم الشان کے اجتماع کے انعقاد پر جے یو آئی اور مولانا فضل الرحمان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔میں نے اجتماع کا ہیلی کاپٹر کے ذریعے جائزہ لیا۔ اس اجتماع نے ثابت کر دیا ہے کہ مسلمانوں کے آج بھی حوصلے بلند ہیں اور مسلمان آج بھی امت کا درد اپنے سینوں میں رکھ رہے ہیں۔ امام کعبہ شریف نے دینی خدمات پر مولانا فضل الرحمن کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے اتوار کو ماڈل ٹاﺅن میں امام کعبہ الشیخ صالح محمد بن طالب نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے امام کعبہ الشیخ صالح محمد بن طالب اور ان کے وفد کے اراکین سے عربی زبان میں گفتگو کی۔ امام کعبہ الشیخ صالح بن محمد آل طالب اتوار کے روز پاکستان علماءکونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی کی خصوصی دعوت پر کونسل کے مرکزی دفتر شادمان لاہور میں تشریف لائے جہاں انہوں نے ملک بھر کے نامور علماءسے ملاقات اور صحافیوں سے خصوصی بات چیت کی گئی۔ اس موقعہ پر مدرستہ صولتیہ مکہ مکرمہ کے شیخ الحدیث ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ‘ سنیٹر طلحہ محمود ‘ جے یو آئی کے مرکزی رہنماءحافظ حسین احمد‘ مولانا حافظ اسعد عبید اور مولانا الیاس گھمن نے خصوصی طور پر شریک تھے۔ امام کعبہ الشیخ صالح بن محمد آل طالب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں علامہ طاہر محمود اشرفی کا مشکور ہوں کہ ان کی وساطت سے میں آج آپ حضرات کی زیارت اور ملاقات کر رہا ہوں۔ میں پاکستان کی عوام اور علماءسے مانوس ہو چکا ہوں۔ پاکستان کے حکمرانوں اور عوام کی حرمین شرفین سے والہانہ محبت کی وجہ سے خادم الحرمین شریفین شاہ محمد سلمان کے خصوصی ہدایت پر میں باہمی الفت و محبت سے فروغ دینے کیلئے یہاں پاکستان آیا ہوں اور یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپس کے اختلافات اور فرقہ واریت سے اجتناب کرتے ہوئے آپس میں متحد ہو جائیں۔






































