کرنل (ر)حبیب ظاہر بارے اہم خبر

کھٹمنڈو( خصوصی رپورٹ) نیپال نے کہاہے کہ لاپتہ کرنل حبیب ظاہر کے معاملے کی پولیس تفتیش کر رہی ہے تاہم ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیپال پولیس کے ترجمان سرویندر کھنال نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایاکہ مقامی پولیس اس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ تفتیش میں ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔جو اطلاعات گمشدگی کے پہلے دن ملی تھیں اسی کی بنیاد پر تفتیش ہو رہی ہے۔ ایئر پورٹ کے باہر جس فوٹیج کا ذکر ہو رہا تھا اس کے بارے میں بھی اب واضح طور پر کچھ نہیں بتایا جا رہا ۔ پاکستانی سفارتخانہ تفتیش میں مدد کر رہا ہے۔ اس طرح کی بھی اطلاعات ہیں کہ پاکستانی تفتیش کار بھی یہاں آنے والے ہیں۔

ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستان کو بڑی مشکل

جمیکا(ویب ڈیسک) دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستانی ٹیم فٹنس مسائل کا شکار ہوگئی ہے۔ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی ان فٹ ہوگئے جس کے بعد سلیکشن کمیٹی نے سہیل خان کو تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق حسن علی کی فٹنس کا جائزہ لیا جارہا ہے اور وہ ری ہیبلی ٹیشن مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ پی سی بی کے مطابق حسن علی سہ روزہ میچ کے دوران گروئن انجری کا شکار ہوئے ۔دائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے حسن علی کو پہلی بار پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور انہیں جمیکا میں ٹیسٹ کیپ ملنے کا امکان تھا، تاہم پریکٹس میچ میں فیلڈنگ کرتے ہوئےانجرڈ ہوئے ۔ٹیم انتظامیہ نے توقع ظاہر کی ہے کہ حسن علی ٹیسٹ میچ سے قبل فٹ ہوجائیں گے۔

ماضی کی نامور ادکارہ بابرہ شریف کا اپنے مداحوں کے نام اہم پیغام

لاہور(خصوصی رپورٹ)ماضی کی نامور اداکارہ بابرہ شریف نے کہا ہے کہ اپنے حصے کا کام کر چکی ہوں اور اب مطمئن زندگی گزار رہی ہوں ، کسی پیشکش کی صورت میں کوئی کردار دل کو بھا گیا تو پھر سوچوں گی ۔ ایک انٹر ویو میں بابرہ شریف نے کہا کہ میرے نزدیک سب فنکار اچھا کام کر رہے ہیں ، دوسروں کے کام میں کیڑے نکالنے کی بجائے اصلاح کی غرض رہنمائی ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ میں تو یہی مشورہ دیتی ہوں کہ جو بھی کسی شعبے میں کام کر رہا ہے وہ اپنااحتساب خود کرے کیونکہ اس سے نہ صرف اپنی خامیوں کینشاندہی ہوتی ہے بلکہ ان پر قابو بھی پایا جا سکتاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنے حصہ کا کام کرلیا ہے اوراب مطمئن زندگی گزار ہوں ۔ کئی مرتبہ اداکاری کی پیشکش ہو چکی ہے لیکن میرا اب اس طرف رجحان نہیں ، کسی پیشکش کی صورت میں کوئی کردار دل کو بھا گیا تو اس کے بارے میں سوچوں گی ۔

وزیر اعلیٰ کے پی کے کی بیجنگ میں سی پیک کے حوالے سے اہم گفتگو

بیجنگ(ویب ڈیسک ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے آ ئندہ ماہ بیجنگ میں دی بیلٹ اینڈ روڈ کے حوالے سے منعقدہونے والے عالمی تعاون فورم کو خوش آ ئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین پاک اقتصادی راہداری منصوبے پر پورا پاکستان یکجا ہے ،اس کی ایک مثال خیبر پختونخواہ کے روڈ شو میں شریک حکمراں جماعت کے پارلیمانی رہنما کی موجودگی ہے، سی پیک سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ سرمایہ کاری میں اضافہ اور معاشی شعبے میں تعاون کو مزید فروغ حاصل ہو گا ، میری وفاق کے ساتھ زبردست ہم آ ہنگی ہے ہم اکھٹے پاکستان کو آ گے لے کر جانا چاہتے ہیں، مغربی روٹ کے حوالے سے وفاق کے ساتھ سب تحفظات ختم ہو چکے ہیں ، وفاق سے کسی قسم کی کوئی شکایت نہیں ہے، خیبر پختونخواہ نہ صرف سی پیک کی ترقی بلکہ پاکستان کا بھی ایک صنعتی مرکز بننے جا رہا ہے،چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فوری فراہم کی جائیں گی،حکومت اور فوج نے سی پیک کی سیکیورٹی سے متعلق بہترین اقدامات کیے ہیں،پاکستان ایک بہترین ملک بننے جا رہا ہے، بیجنگ قرض لینے نہیں بلکہ سرمایہ کاری کے لیے بہترین منصوبہ جات کے ساتھ آ ئے ہیں ۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلی پرویز خٹک نے بیجنگ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آ ئندہ ماہ بیجنگ میں دی بیلٹ اینڈ روڈ کے حوالے سے منقعد ہونے والے عالمی تعاون فورم کو خوش آ ئند قرار دیا اور کہا کہ اس منصوبے کی بدولت چین اور پاکستان کے درمیان معاشی شعبے میں تعاون کو مزید فروغ حاصل ہو گا اور دو طرفہ سرمایہ کاری میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔وزیر اعلی نے کہاکہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ چین اور پاکستان کی دوستی گزرتے وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی جا رہی ہے چین پاک اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے پورا پاکستان یکجا ہے اور اس کی ایک مثال صوبہ خیبر پختونخواہ کے روڈ شو میں شریک وفد میں حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ ۔ن کے پارلیمانی رہنما کی موجودگی ہے ، وزیر اعلی کے مطابق سیاست اپنی جگہ لیکن سب سے پہلے پاکستان ہے اور ملک کی ترقی کے لیے سب نے ایک ساتھ مل کر ایک ہی سوچ کے ساتھ کام کرنا ہے۔پرویز خٹک نے کہا کہ میری وفاق کے ساتھ زبردست ہم آ ہنگی ہے اور ہم اکھٹے پاکستان کو آ گے لے کر جانا چاہتے ہیں۔ وزیر اعلی کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ میں تیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لا ئی جا سکے گی، اس ضمن میں عالمی معاہدے بھی طے پا رہے ہیں جبکہ چینی سرمایہ کاروں کی مدد سے سرمایہ کاری کے اس ہدف کا حصول ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا صوبہ خیبر پختونخواہ بہترین قدرتی و افرادی وسائل سے مالا مال ہے اور مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ اپنے جغرافیائی محل وقوع کی بدولت نہ صرف سی پیک کی ترقی بلکہ پاکستان کا بھی ایک صنعتی مرکز بننے جا رہا ہے اور مستقبل میں کے پی کے چین پاک اقتصادی راہداری منصوبے کی کامیاب تکمیل کے حوالے سے رہنما کردار ادا کرئے گا۔ وزیر اعلی نے واضح کیا کہ مغربی روٹ کے حوالے سے وفاق کے ساتھ جو تحفظات تھے وہ اب ختم ہو چکے ہیں اور مغربی روٹ پر کام بھی جاری ہے ، وفاق سے کسی قسم کی کوئی شکایت نہیں ہے اور ترقی کار استہ اختیار کیا جائے گا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ وہ سی پیک کے تحفظ کی ضمانت دے سکتے ہیں اور اس حوالے سے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں ۔ تقریبا پانچ ہزار افراد پر مشتمل خصوصی سیکیورٹی فورس تشکیل دی جا رہی ہے جو سی پیک کی سلامتی کو یقینی بنائے گی۔ پرویز خٹک نے کہا کہ وہ چینی سرمایہ کاروں کو بتانا چاہتے ہیں کہ کے پی کے کی حکومت شفافیت پر عمل پیرا ہے اور صوبے میں اصلاحات کی بدولت چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فوری فراہم کی جائیں گی۔وزیر اعلی کے مطابق عالمی برادری میں پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق غلط فہمی پائی جاتی ہے ، سیکیورٹی اس وقت پوری دنیا کا مسئلہ ہے اور پاکستان کی حکومت اور فوج نے سی پیک کی سیکیورٹی سے متعلق بہترین اقدامات کیے ہیں اور پاکستان ایک بہترین ملک بننے جا رہا ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ وہ بیجنگ قرض لینے نہیں بلکہ سرمایہ کاری کے لیے بہترین منصوبہ جات کے ساتھ آ ئے ہیں ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے حالیہ دورے سے چین اور پاکستان کے درمیان بہترین دوستانہ روابط کو مزید فروغ ملے گا۔

مکہ میں دنیا کا سب سے بڑا ہوٹل …. حیران کن تفصیلات

ریاض (خصوصی رپورٹ) مکہ مکرمہ میں دنیا کا سب سے بڑا ہوٹل رواں سال عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مکہ میں تعمیر ہونے والا ہوٹل جسے ابراج کدائی کا نام دیا گیا ہے،10 ہزار کمروں پر مشتمل ہوگا جبکہ یہ 14 لاکھ سکوائر میٹرز پر پھیلا ہوا ہوگا۔ دس ہزار کمروں کے ساتھ ساتھ اس ہوٹل میں 70 ریسٹورنٹس،ایک بڑا شاپنگ مال اور پرتعیش بال روم بھی ہوگا،اس ہوٹل کی تعمیر پر سعودی حکومت کی جانب سے 3.5 ارب ڈالرز (تین کھرب 65 ارب پاکستانی روپوں سے زائد) خرچ کیے جائیں گے۔اس ہوٹل کی تعمیر کے لیے سرمایہ سعودی وزارت خزانہ نے فراہم کیا جبکہ اس کا ڈیزائن ایک بین الاقوامی کمپنی دارالاہندسہ نے تیار کیا ہے،یہ ہوٹل دنیا کی سب سے بڑی مسجد، مسجد الحرام سے دو کلو میٹر دور واقع ہوگا جہاں حج یا عمرہ کے لیے ہر سال لاکھوں مسلمان دنیا بھر سے آتے ہیں۔یہ ہوٹل عوام کے لیے کھولا جائے گا مگر اس کی پانچ منزلیں سعودی شاہی خاندان کے لیے مخصوص ہوں گی،ہوٹل اتنا بڑا ہوگا کہ اس کے حجم کے سامنے بیشتر شہر یا قصبے بھی چھوٹے محسوس ہوں گے۔ اس ہوٹل میں 12 ٹاورز ہوں گے جن میں سے 10 میں 4 سٹار ہوٹل کی آسائشات فراہم کی جائیں گی جبکہ دو میں فائیو سٹار سہولیات ہوں گی اور وہ اہم افراد کے لیے مخصوص ہوں گے۔

دپیکا اچانک حادثے کا شکار

ممبئی (ویب ڈیسک)صف اول کی بھارتی اداکارہ دپیکا پڈوکون کی گردن میں بل پڑنے کی وجہ سے انکی نئی آنے والی فلم”پدماوتی “کی شوٹنگ روک دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق فلم پدماوتی جس کی شوٹنگ نہایت سرگرمی سے جاری تھی کی عکسبندی کے دوران اداکارہ دپیکا کی گردن میں بل پڑ گیا جس کی وجہ سے انھوں نے عکسبندی میں حصہ لینے سے معذرت کرتے ہوئے مختصر چھٹی لے لی ہے۔دپیکا کے ترجمان کے مطابق وہ جیسے ہی اپنی طبیعت میں بہتری محسوس کریں گی فلم کی شوٹنگ دوبارہ بحال کر دی جائے گی۔

کن افراد میں درد برداشت کرنے کی صلاحیت کم ہوتی ہے

لندن (نیٹ نیوز) کسی بھی دائمی درد کے مریض کو چاہئے کہ وہ اپنی نیند پر توجہ دے کیونکہ ایک طبی تحقیق کے مطابق جو افراد بے خوابی کا شکار ہوتے ہیں۔ ان کا جدیدتحقیق کے مطابق ایسے افراد جو بے خوابی کا شکار ہیں اور انہیں کوئی دائمی درد بھی لاحق ہوتو ان کے سونے جاگنے کے معمول کے ربط میں خرابی کے باعث ان کو لاحق درد شدت اختیار کر سکتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق ایسے افراد کو چاہئے کہ اپنی نیند اور آرام کا خاص خیال رکھیں۔ ایک تجربے کے دوران دائمی درد میں مبتلا افراد کے ہاتھ ٹھنڈے پانی میں ڈالے گئے اور وہ افراد جنہوں نے اپنے ہاتھ جلد باہر نکال لئے ان میں درد برداشت نہ کرنے کی صلاحیت میں کمی کی نشاندہی کی گئی اور ایسے افراد میں بے خوابی کا مرض بھی پوری طرح موجود تھا جبکہ وہ افراد جنہوں نے اپنے ہاتھ دیر تک ٹھنڈے پانی میں رکھے ان میں درد کی شدت برداشت کرنے کی صلاحیت زیادہ تھی۔

اداکارہ پریانکا چوپڑا نے مساجد میں اذان کے حوالے سے اپنا خوبصورت تجربہ بتا کر سونو نگھم کا سر شرم سے جھکا دیا

ممبئی (ویب ڈیسک)بھارتی گلو کار سونو نگھم کے اذان کے بارے میں ناز یبا بیان کے بعد سوشل میڈ یا پر ہنگامہ بر پا ہو گیا ہے ،گلو کار کو متنازعہ بیان دینے کے بعد بھارت میں بھی تنقید کا نشانہ بنا یا گیا اور اب بالی ووڈ سے بھی فلمی ستاروں کے اذان کے حق میں بیان آرہے ہیں ۔پہلے سلمان خان نے بگ باس 8کے پروموشن کے دوران اذان کی آواز سنی تو میزبان کو بات کرنے سے روک دیا اور اب پریانکا چوپڑا کی ویڈ یو سامنے آئی ہے جس میں وہ اذان کے بارے میں اپنے خیا لات کا اظہار کر رہی ہیں۔سونو نگھم نامی ہیش ٹیگ میں بھارتیشہری محمد انس خان نے پریانکا چوپڑا کی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اذان کے حوالے سے اپنے خوبصورت تجربے کا تذکر ہ کر رہی ہیں،معروف اداکارہ نے کہا کہ بھوپال میں سب سے دلچسپ چیز جو میں نے دیکھی ہے اور جس کا میں انتظار کرتی ہوں ،وہ شام کو اذان کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں فلم سے پیک اپ کر کے ٹیرس پر بیٹھتی ہوں ،جب اذان کا وقت آتا ہے تو پورے بھوپال میں اذان کی آواز آتی ہے۔انہوں نے بتا یا کہ جس ٹیرس پر میں بیٹھتی ہوں وہاں چھ مساجد سے آواز آتی ہے ،وہ پانچ منٹ مجھے بہت اچھے لگتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت سورج غروب ہو رہا ہوتا ہے ،اذان کی آواز آرہی ہوتی ہے تو یہ سب بہت ہی پر امن لگتا ہے،یہ میرے دن کا سب سے اچھا وقت ہوتا ہے۔


channel 5 pryanka chopra india by channel5tv

ہمسایہ ملک میں خوفناک دھماکہ

کابل(ویب ڈیسک)افغانستان کے سرحدی علاقے اسپین بولدک میں افغان آرمی کے اسلحہ ڈپو میں ہونے والے دھماکوں کے بعد آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہوگئے ۔افغان میڈیا کے مطابق اسپین بولدک میں واقع افغان آرمی کے فوجی کیمپ میں اسلحہ کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی آگ لگنے کے فوری بعد اسلحے کے گودام میں شدید دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 19 افراد زخمی ہوگئے دھماکوں کے باعث آس پاس کے تمام مکانات منہدم ہوگئے ہیں ۔افغان حکام کے مطابق دھماکوں کے بعد متعدد فوجی لاپتہ ہوگئے ہیں دھماکے اتنے شدید تھے کہ چمن شہر میں بھی اس کی آوازیں سنائی دی گئی جب کہ کئی گھروں کی دیواروں میں دراڑیں بھی پڑگئیں۔اسپین بولدک میں ہونے والے دھماکوں کے بعد پاک افغان سرحد پر سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ۔

ورلڈ بینک، اسلام آباد اور نئی دہلی میں اہم معاملہ حل کرانے کو تیار

نئی دہلی/واشنگٹن (ویب ڈیسک)بھارت نے میری ٹائم مذاکرات معطل کرنے کے بعد پانی کے تنازعے پر بھی بات چیت میں تاخیر کردی، پاکستان اور بھارتی سیکرٹریز آبپاشی کے درمیان مذاکرات 11 سے 13 اپریل تک واشنگٹن میں ورلڈ بینک کی ثالثی میں ہونا تھے۔ ورلڈ بینک کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان پانی کا تنازع حل کرانے کیلئے تیارہیں۔بھارت پانی کے تنازعے پر بھی پاکستان سے بات چیت سے بھاگنے کیلئے ٹال مٹول کرنے لگا۔ بھارت اس سے پہلے میری ٹائم سیکورٹی سے متعلق پاکستان سے بات چیت معطل کرچکاہے۔ اس حوالے سے بھارت کی جانب سے نیا بہانہ سامنے آیا ہے کہ کشن گنگا اور ریٹل ہائیڈرو پاور پروجیکٹس پر پاکستان سے مذاکرات کیلئے تیاری کرنا لازمی ہے۔واضح رہے کہ ورلڈ بینک کی ثالثی میں پاکستان اور بھارت کے سیکرٹری آبپاشی کے درمیان مذاکرات 11 سے 13 اپریل تک واشنگٹن میں ہونا تھے۔ بھارت نے کشن گنگا اور ریٹل ہائیڈرو پاور پروجیکٹس پر عالمی عدالت کا ٹریبیونل بنانے اور ماہرین کی مقرری پر اتفاق کیا تھا۔ اس ضمن میں بھارت کا موقف ہے کہ مذاکرات سے متعلق تیاری کیلئے مزید وقت درکار ہے۔ دوسری جانب عالمی بینک کے ایشیا سے متعلق افسر الیگزینڈر انتھونی فرگوسن نے واشنگٹن سے جاری بیان میں کہا ہے کہ پانی تنازعے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت کیلئے اتفاق جلد ہوجائےگا اور ہم اس میں مدد کیلئے بھی تیارہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان سندھ طاس معاہدہ 1960 میں ورلڈ بینک کی ثالثی میں ہی ہوا تھا۔