وزیر اعلی ٰپنجاب سردار عثمان بزدار نے رات گئے بغیر پروٹوکول جنوبی پنجاب کے مختلف شہرو ں کے 24 گھنٹے مسلسل طوفانی دورے کئے ۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدارملتان سے تونسہ شریف، ڈیرہ غازی خان اور پھر مظفر گڑھ گئے اور بذریعہ سڑک ملتان واپس پہنچے ۔ عثمان بزدار 4 شہرو ں کے مسلسل دورے کرنے والے پہلے وزیر اعلیٰ ہیں ۔عثمان بزدارکی ہدایت پر فرائض سے غفلت برتنے اور عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی پر 25 افسروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ 12 افسرمعطل کئے گئے جبکہ 4 افسروں کو عہدوں سے ہٹا دیا گیااور متعدد افسر وں کو شوکاز نوٹس دیا گیا اور ان کی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کیا گیا ۔ عثمان بزدار کی ہدایت پرڈی ایس پی ملتان، ایس ایچ او ملتان اور سرکل انچارج سپیشل برانچ کو معطل کر دیا گیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر ز ڈیرہ غازی خان(ایڈیشنل انچارج اے سی تونسہ)، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تونسہ، تحصیل آفیسر (آئی اینڈ ایس) تونسہ اور ایس ایچ او تھانہ تونسہ سٹی کو بھی معطل کر دیا گیا ۔ اسی طرح ریسکیو 1122 ڈیرہ غازی خان کے ضلعی انچارج کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ۔ انچارج ریسکیو 1122 سنٹر تونسہ، ایڈمن افسر تحصیل ہیڈ کوارٹر زہسپتال تونسہ، انچارج میڈیسن تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال تونسہ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ز تونسہ کے ڈاکٹرکو بھی معطل کر دیا گیا ۔ ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان کے انچارج ایمرجنسی کوبھی معطل کر دیا گیا ہے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈیرہ غازی خان ،ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ڈیرہ غازی خان) کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ۔ جبکہ سی پی او اور ڈپٹی کمشنر کو پہلے ہی عہدوں سے ہٹا دیا گیا تھا ۔وزیر اعلیٰ نے ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے کمشنر ز،آرپی او ڈیرہ غازی خان اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہارکیا جبکہ وزیر اعلی ٰکی ہدایت پر ڈی ایس پی تونسہ، سپرنٹنڈنگ انجینئراور ایکسیئن ہائی وے ڈیرہ غازی خان کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن مظفر گڑھ کو بھی شوکاز نوٹس دیا گیا ہے منیجنگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملتان کی کارکردگی پر اظہار ناراضگی کیا گیا اورایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال تونسہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ۔اسی طرح پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ تونسہ کے ایکسیئن اور ایس ڈی او کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے رات گئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ کا دورہ کیا۔ عثمان بزدار نے تھانہ سٹی تونسہ کا بھی دورہ کیا اور حوالات میں بند ملزموں سے گفتگو کی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا پولیس کو عوام کا خادم بن کر فرائض سرانجام دینا ہوں گے عوام کے ٹیکس سے تنخواہیں لینے والے افسران کو عوام کیلئے کام کرنا پڑے گا۔ عوام کو ریلیف نہ دینے والے افسروں کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں ، بہت برداشت کر لیا،اب عوام کو سہولتیں نہ دینے والے افسروں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ پنجاب کے ہر ضلع میں جاؤں گا اور عوام کے مسائل خود حل کروں گا۔عثمان بزدارنے ڈیرہ غازی خان ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیااور ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں اور انکے تیمارداروں سے سہولیات اور ادویات کی فراہمی بارے پوچھا۔ مریضوں کے تیمارداروں کی جانب سے ادویات اور تھر مامیٹر بازار سے منگوانے کی شکایات کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے شکایات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اورمریضوں سے ادویات اور تھرما میٹر بازار سے منگوانے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے مشیر صحت محمد حنیف پتافی کو معاملہ کی انکوائری کا حکم دیا۔ وزیر اعلی ٰڈیرہ غازی خان کے بعد مظفر گڑھ پہنچے اور شہر کا دورہ کیا ۔ ملتان میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اچانک دورہ کیا ۔عثمان بزدار نے کہا کہ کارڈیالوجی کی نئی ایمرجنسی کا کام جلد مکمل کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو کام کرے گا، وہی عہدے پر رہے گا۔عثمان بزدار نے کہاہے کہ اٹلی اور پاکستان کے مابین تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں ۔ اطالوی سفیر کاکہناہے کہ وزیراعلی ٰپنجاب کی قیادت میں پنجاب میں سرمایہ کاروں کے لئے ساز گار ماحول فراہم کیا گیا ہے ، وزیراعلیٰ سے پاکستان میں اٹلی کے سفیرآندریاس فیراریس نے ملاقات کی ۔اٹلی کے سفیر نے عثمان بزدار کو اٹلی کے دورے کی دعوت دی ۔ملاقات میں سیاحت اور تاریخی مقامات کے تحفظ کے لئے تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ۔وزیر اعلی ٰ نے اٹلی کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی ۔ عثمان بزدار کاکہناتھاکہ اٹلی کے سرمایہ کار سپیشل اکنامک زونز میں دل کھول کر سرمایہ کاری کریں، تمام سہولتیں دیں گے ۔عثمان بزدار سے صوبائی وزیر سید صمصام علی بخاری اور اراکین قومی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں ۔ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں سردار نصراللہ خان دریشک،سردار طالب نکئی، رضا نصراللہ، خرم شہزاد،ڈاکٹر محمد افضل خان اور ریاض فتیانہ شامل تھے ۔ منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا ۔ عثمان بزدار نے مسائل نوٹ کئے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات دیئے ۔بزدار نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی حمایت سے مخالفین کی ہر سازش پہلے بھی ناکام بنائی اور آئندہ بھی یہ عناصر کامیاب نہیں ہوں گے ۔ تنقید برائے تنقید کرنے والوں کو عوامی خدمت کے ذریعے جواب دیتے رہیں گے ۔ مخالفین اپنے 30 برس کے سیاہ دور کا ہمارے اڑھائی برس کے روشن دور سے موازنہ نہیں کر سکتے ۔
وزیراعلیٰ کے طوفانی دورے،عوامی ایکشن فرائض میں غفلت پر 27افسروں کیخلاف کاروائی،12معطل ،4فارغ

