وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے صوبے کے عوام کو ان کی دہلیز پربنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 18 ارب روپے کے فنڈز کا فوری اجراء کر دیا ۔ عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر میونسپل سروسز کی فوری فراہمی کیلئے 136تحصیل کونسلز کو 18ارب روپے جاری کر دیئے گئے ہیں اور اس ضمن میں وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے فنڈز کا اجراء کر دیا ۔وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں مقامی سطح پر تعمیر وترقی کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام 21۔2020 ترتیب دیا گیا ۔لوکل گورنمنٹ سالانہ ترقیاتی پروگرام سے دیہی تحصیل کونسلز،میٹروپولیٹن،میونسپل کارپوریشنز اورمیونسپل و ٹاؤن کمیٹیوں پر مشتمل 306 لوکل گورنمنٹس کی آبادی مستفید ہوگی۔وزیر اعلی ٰنے کہا کہ مقامی سطح پر ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گااور لوکل گورنمنٹ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت تقریباً20ارب روپے کی لاگت سے 7352سکیموں کی نشاندہی کی گئی ،تا ہم 7352میں سے 18 ارب روپے کی لاگت سے 6688سکیموں کو منظور کیا گیا جس سے مقامی سطح پر تعمیر و ترقی کا نیا سفر شروع ہو گا۔ عثمان بزدار سے صوبائی وزیر سید یاور بخاری،اراکین قومی اسمبلی جویریہ ظفر آہیر،نواب شیر وسیر اورشوکت بھٹی نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال،فلاح عامہ کے منصوبوں پر پیش رفت اورحلقوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔عثمان بزدار نے مسائل نوٹ کئے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات دیئے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔عوامی نمائندوں کے جائز کاموں میں کسی کورکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔انہوں نے کہا کہ ہر موقع پر ناکامی کے بعد پی ڈی ایم کو منفی سیاست سے توبہ کر لینی چاہئے ۔
136تحصیل کونسلز کو 18ارب کے فنڈ جاری، ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، عثمان بزدار

