اسلام آباد: آئندہ ہفتوں میں گندم کی کٹائی کا آغاز ہونے والا ہے جبکہ وفاقی حکومت نے گندم کی کم سے کم امدادی قیمت ایک ہزار 800 روپے فی 40 کلو مقرر کردی۔
رپورٹ کے مطابق حکومت نے صارفین کو ریلیف کی فراہمی کے لیے گندم کے آٹے کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گندم کی پیداوار سے متعلق منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تحفظ خوراک اور تحقیق سید فخر امام نے کہا کہ گندم کی کم سے کم امدادی قیمت ایک ہزار 650 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار 800 روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے آئندہ ایک سال میں 30 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ اجناس کی کوئی قلت نہ ہو۔
فخر امام نے کہا کہ ہم نے درآمد کے تخمینے کو حتمی شکل دے دی ہے اور مربوط طریقے سے صورتحال کو سنبھال رہے ہیں تاکہ صارفین کو کسی بھی وقت گندم کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیر تحفظ خوراک نے کہا کہ رواں برس گندم کی پیداوار 2 کروڑ 62 لاکھ ٹن متوقع ہے جبکہ گزشتہ برس کی پیداوار 2 کروڑ 52 لاکھ ٹن تھی۔

