صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سی پیک کی مدد سے بلوچستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بلوچستان پر نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وسطی ایشیائی ممالک کو اپنی تجارت کے فروغ کیلئے پاکستان کے راستے بحیرہ عرب تک رسائی ملے گی۔
صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان میں ماہی گیری کے شعبے سے زرمبادلہ کمانے کی بڑی صلاحیت موجود ہے، بلوچستان کے ماہی گیری کے شعبے کو جدید اور پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کے خلاف ہائبرڈ جنگ میں ملوث ہے۔
صدر مملکت کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کررہا ہے، افغانستان میں جنگ کے پاکستان پر گہرے اثرات مرتب ہوئے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ سے پاکستان کی معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر گہرے اثرات پڑے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ طالبان کو افغانستان میں مفاہمت اور مصالحت کی پالیسی اپنانی چاہیے۔