پیٹرولیم قیمتیں 86 روپے فی لیٹر بڑھنے کا امکان، سبسڈی دینے سے 75 ارب کا بوجھ پڑسکتا ہے

اگر حکومت آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت پرائس ڈیفرنشل کلیم کے طور پر آئل کمپنیوں کو ادائیگیوں میں کوئی سبسڈی دینے کا فیصلہ کرتی ہے تو آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 86 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے جس میں ٹیکس شامل نہیں ہوگا جبکہ سبسڈی فراہم کرنے کی صورت میں قومی خزانے پر 75 ارب روپے بوجھ پڑ سکتا ہے۔

 اسلام آباد میں مقیم آئی ایم ایف کے نمائندے استھر پریز روئز کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی ٹیم 18 مئی سے دوحہ میں موجود پاکستانی حکام کے ساتھ اسٹاف مشن کا آغاز کرے گی۔

آئی ایم ایف اور مفتاح اسمٰعیل کی زیر قیادت اقتصادی ٹیم نے اپریل کے آخری ہفتے میں آئی ایم ایف فنڈ پروگرام کو بحال کرتے ہوئے 2 ارب ڈالر کی توسیع اور آئندہ بجٹ میں ایندھن اور توانائی کی سبسڈی سمیت دیگر اقدامات کو مکمل طور پر تبدیل کرنے کے ساتھ ایک سال کی توسیع پر اتفاق کیا۔

حکومت اس وقت پیٹرول پر 31 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 73 روپے فی لیٹر سبسڈی فراہم کر رہی ہے علاوہ ازیں بجلی پر فی یونٹ 5 روپے سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔

اسی طرح مٹی کے تیل اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بالترتیب 52 روپے اور 69 روپے فی لیٹر اضافے کا حساب لگایا گیا ہے جس میں ٹیکس شامل نہیں ہوگا۔

اس عمل کے لیے رواں ماہ کے اختتامی پندرہ روز کے لیے پی ڈی سیز کے طور پر آئل کمپنیز کو قومی خزانے سے تقریباً 75 ارب روپے کی اضافی رقم ادا کرنی ہوگی۔

اوگرا ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس ریٹ کی موجودہ شرح جو اس وقت زیرو ہے، اس کے مطابق تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 46 سے 86 فیصد فی لیٹر اضافہ ہونا چاہیے تاکہ سبسڈی کے کسی عنصر کے بغیر صارفین سے بریک ایون (وہ قیمت جس میں نافع حاصل ہو نہ ہی نقصان کا سامنا کرنا پڑے) قیمت حاصل کی جاسکیں۔

آرمی چیف کا کور ہیڈکوارٹرز بہاولپور کا دورہ

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز بہاولپور کا دورہ کیا ہے جہاں انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں، تربیت اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں کے مورال اور آپریشن تیاریوں کو سراہا، کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیانے آرمی چیف کااستقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں سے خطاب بھی کیا،آرمی چیف نےمینٹی ننس سہولیات اورپیشہ ورانہ ترقی کے ریسورس سنٹر کا بھی دورہ کیا۔

عمران خان نے اپنے قتل کی سازش کی ویڈیو فرح گوگی کے پاس رکھی ہے، ناصر شاہ کا طنز

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے چیئرمین عمران خان تحریک انصاف کی جانب سے اپنے قتل کی سازش کے بیان پر انہیں طنز کا نشانہ بنایا ہے۔
عمران خان کی تقریر پر رد عمل میں ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ آج عمران کی تقریر ایک شکست خوردہ شخص کی تقریر تھی، ان کے پاس کچھ بتانےکے لیے نہیں تھا تو اپنے قتل کا شوشہ چھوڑا۔
ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے قتل کی سازش کی ویڈیو فرح گوگی کے پاس رکھی ہے، لگتا ہے عمران خان اب ذہنی توازن کھو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا مشورہ ہےکہ پی ٹی آئی والے عمران خان کو کسی اچھے نفسیاتی ڈاکٹر کو دکھائیں، اگر چاہیں تو ہم ان کو گدو کے نفسیات وارڈ میں داخل کرسکتے ہیں۔

عمران خان جان کو خطرے کا کہہ کر شعبدہ بازی کر رہے ہیں: وزیر دفاع خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کی باتیں سن کر ان کے ذہنی توازن پر شک ہوتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ملکی معیشت کو وینٹی لیٹر پر پہنچایا، کوئی بات نہیں عمران مجھے وینٹی لیٹر کہہ دے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاست جانتے تو آج ملک کا یہ حال نہ ہوتا، یہ سب باتیں ہیں کہ سازش ہو رہی ہے، جب تک ان کی سرپرستی ہوتی رہی سب اچھا تھا، جب تک انہیں بے ساکھیاں فراہم ہوتی رہیں تب تک سب ٹھیک تھا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اگر کوئی ان سے قانون کے تحت ڈیل کرے تو یہ گالیوں پر اتر آتے ہیں، سیاست دانوں کو ایسی زبان نہیں استعمال کرنی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جان کو خطرے کا کہہ کر شوبدا بازی کر رہے ہیں، ماضی میں بھی ایسی حرکتیں ہوتی رہی ہیں، اگر انہیں پتہ تھا تو یہ پہلے کیوں نہیں بولے، تین سال تک یہ حکمرانی میں تھے بولتے نا، اتنا عرصہ اقتدار میں رہنے کے بعد تو ان میں بلوغت آنی چاہیئے تھی۔

جلد انتخابات کے حوالے سے پیر کو اتحادی جماعتوں کا اجلاس متوقع

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزیراعظم کی جانب سے جلد انتخابات اور حکومتی مدت پوری کرنے کے حوالے سے اتحادی جماعتوں کا اجلاس 16 مئی کو طلب کیے جانے کا امکان ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پیر16 مئی کو تمام اتحادی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس بلانے کی توقع ہے جس میں اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے پاکستان کے سیاسی اور معاشی مستقبل، موجودہ حکومت کی آئینی مدت پوری کرنے یا جلد الیکشن میں جانے سے متعلق متفقہ فیصلہ کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم معاشی صورت حال پر بھی اتحادی جماعتوں کے قائدین کو اعتماد میں لیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اتوار کو لندن سے ابوظبی روانہ ہوں گے جہاں وہ متحدہ عرب امارات کے صدر صدر شیخ خلیفہ کی وفات پر پاکستان کی طرف سے دلی تعزیت کا اظہار کریں گے اور اتوار کی شب پاکستان واپس پہنچ جائیں گے۔
پاکستان واپسی کے اگلے روز تمام اتحادی جماعتوں کا اجلاس متوقع ہے جس میں لندن دورے میں کیے جانے والے فیصلوں سمیت ملک کی تازہ ترین صورت حال پر اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا، اتحادی جماعتوں کے سامنے تمام صورت حال اور معاشی حالات رکھے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں حتمی طور پر مشاورت سے یہ طے کیا جائے گا کہ موجود حکومت نے آئینی مدت مکمل کرنا ہے نہیں، مدت پوری ہونے کی صورت میں آئی ایم ایف سے معاشی معاملات طے اور پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافہ ہوگا،آئی ایم ایف سے معاملات طے ہونے پر سعودی عرب، یو اے ای،قطر اور چین سے معاشی مالی پیکج بھی ملنے کا امکان ہے۔ حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے پر فوری الیکشن میں جانا ہوگا، اجلاس میں ملکی تازہ ترین سیاسی معاشی صورتحال تمام اتحادی جماعتوں کے سامنے رکھ کر مشترکہ اور اہم دور رس نتائج کے حوالے سے فیصلے کیے جائیں گے۔

شمالی وزیرستان: ریسٹورنٹ کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ، 4 افراد جاں بحق

میرانشاہ: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں ایک ریسٹورنٹ کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے باعث 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق رات دس بجے کے قریب میران شاہ کے ایک مقامی ریسٹورنٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں چار مقامی افراد گل نائب، نصراللہ، غالب دین اور چھوٹا بچہ ذوالقرنین جاں بحق ہو ہے جبکہ نیک دراز نامی ایک شہری زخمی ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق تمام افراد کو ہیڈکوارٹر ہسپتال میرانشاہ منتقل کردیا گیا ہے اور واقعے کی تفصیلات معلوم کی جارہی ہے۔

اکشے کمار پھر کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ میں کھلاڑی کے نام سے مشہور اداکار اکشے کمار ایک بار پھر کورونا وائرس کا شکار ہوگئے جس کی وجہ سے ان کی کانز فلم فیسٹول میں شرکت بھی مشکوک ہوگئی ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں اکشے کمار نے اپنے مداحوں کو کورونا سے متاثر ہونے کی خبر دی اور بتایا کہ وہ کانز 2022 میں بھارتی پویلین میں اپنی سنیما انڈسٹری کی نمائندگی کے لیے پرجوش تھا لیکن کورونا کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہوگا۔
اپریل 2021 میں بھی اکشے کمار کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔
اکشے کمار کی آنے والی نئی فلم پریتھوی راج ہے جس میں وہ پریتھوی راج چوہان کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ فلم میں ان کے مدمقابل مس ورلڈ 2017 مانوشی چلر نظر آئیں گے۔
اس کے علاوہ فلم میں سونو سود اور سنجے دت بھی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

جان کو خطرہ،ویڈیو ریکارڈکرادی جس میں سب سازشیوں کے نام ہیں:عمران خان

سیالکوٹ: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میرے خلاف بند کمروں کے اندر سازش ہورہی ہے کہ عمران خان کی جان لے لی جائے، اس سازش کا مجھے پہلے سے پتا تھا ، میں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کروائی ہے کہ اگر مجھے کچھ ہوا تو یہ ویڈیو پوری قوم کے سامنے آئے گی۔ اس ویڈیو میں سب سازشیوں کے نام ہیں۔
سیالکوٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اللہ تیری عبادت اورتیرے سے مدد مانگتے ہیں، کسی انسان اورکسی سپرپاورکے سامنے ہم نہیں جھکتے، ہم دنیا کے سب سے عظیم لیڈرکی امت ہے۔ نوازشریف جتنے بزدل تم اتنی ہی تمہاری پارٹی ہے، ہماری حکومت نے ایک دفعہ بھی ان کے جلسے، لانگ مارچ روکنے کی کوشش نہیں کی،ہرتین ماہ بعد یہ ہماری حکومت گرانے آتے تھے،تمہارے ساتھ ملک کی بڑی بیماری زرداری بھی تھا۔
انہوں نے کہا کہ میرے خلاف بند کمروں کے اندر سازش ہورہی ہے کہ عمران خان کی جان لے لی جائے، اس سازش کا مجھے پہلے سے پتا تھا ، میں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کروائی ہے کہ اگر مجھے کچھ ہوا تو یہ ویڈیو پوری قوم کے سامنے آئے گی۔ حکومت نے سازش کر کے ہمیں بڑے میدان میں جلسہ نہیں کرنے دیا، نواز شریف بزدل ہے، جس نے زندگی میں کوئی ایک کام ایمانداری سے نہیں کیا۔
چیئر مین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنی بیماری کی ایسی اداکاری کی کہ لگتا تھا ابھی مرجائے گا ، مگر جیسے ہی انہوں نے جہاز کی سیڑھیاں دیکھیں تو فوراً اس میں جاکر بیٹھ گئے۔ شریف اور زرداری خاندان نے تیس سال حکومت کی، ہمیں صرف ساڑھے تین سال اقتدار ملا، شہباز شریف کہتا ہے، پاکستانی بھکاری ہیں، اس لیے انہیں امریکی غلامی کرنی پڑےگی۔
انہوں نے وزیر دفاع خواجہ آصف پر تنقید کرتے ہوئے انہیں خواجہ وینٹی لیٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ملک کو وینٹی لیٹر پر تم نے ڈالا ہے ، ہم نے تو صرف ساڑھے تین سال ملک میں حکومت کی ، تم لوگ یہاں سے پیسہ لوٹ لوٹ کر باہر لے گئے ہو۔ آج تک دنیا کی تاریخ میں کبھی کوئی انقلاب کو نہیں روک سکا، یہ سیاست نہیں ہورہی یہ انقلاب آرہا ہے، اور اسے نہ نواز شریف روک سکتے ہیں ، نہ شہباز شریف ، نہ ان کا بیٹا روک سکتا ہے، نہ ہی وزیر داخلہ روک سکتا ہے ، اس انقلاب کو اب دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ جب ہم اسلام آباد پہنچیں گے تو پر امن رہیں گے ، اگر تم نے روکنے یا انتشار پھیلانے کی کوشش کی تو تمھیں پورے پاکستان میں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میں عدلیہ سے عاجزی کے ساتھ سوال کرتا ہوں ، کہ میں کیا بہت خطرناک ہوں جو ملک سے غداری کرنے جارہا تھا کہ آپ نے رات بارہ بجے عدالتیں کھول دیں۔ میرا معصومانہ سا سوال ہے کہ شہباز شریف ، ان کے بیٹے حمزہ اور سلمان شہباز پر 24 ارب روپے کے کیسز ہیں، 24 ارب کا مطلب دو ہزار چار سو کروڑ روپے کی کرپشن کے ان لوگوں پر کیسز ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2004کے بعد ہمارے دورمیں سب سے زیادہ صنعتی پیداوارہوئی، یہ جنون قیمے والے نان کھلا کرنہیں خریدا جاسکتا، یہی جنون اسلام آباد کے اندر انقلاب لائے گا جو حقیقی آزادی دلائے گا، ہماری حکومت میں 29 فیصد ایکسپورٹ بڑھی، ہماری حکومت میں سب سے زیادہ پیسہ کسانوں کو ملا، برصغیر میں سب سے زیادہ روزگار پاکستان میں ملا، معاشی گروتھ 6 فیصد ریکارڈ ہے، جب سے یہ چورآئے ہیں روپے کی قدرکم ہورہی ہے، سٹاک مارکیٹ نیچے کی طرف جارہی ہے، اب بلاول امریکا جا کر بھیک مانگے گا، امریکیوں کو بلاول کے تمام اثاثوں کا پتا ہے، امریکیوں کوپتا پے نوازشریف کی طرح بلاول نے پیسہ کدھر چھپایا ہوا ہے، تحریک پاکستان کی طرح یہ میرے اورآپ کے لیے بھی جہاد ہے، زندگی، موت، رزق اللہ کے ہاتھ میں ہے ڈرنا نہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میری طرح آپ کو بھی کوئی خوف نہیں ہونا چاہیے، انشا اللہ اسلام آباد میں ملاقات ہو گی، عثمان ڈار، عمر ڈار کو ڈاکوؤں کا مقابلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، عثمان ڈاراسلام آباد آتے ہوئے کسی چیزسے نہ گھبرانا۔
ان کا کہنا تھاکہ آج اپنی عدلیہ سے بڑی عاجزی سے ایک سوال پوچھ رہا ہوں، بڑا اچھا کیا اتوار کو آپ نے از خود نوٹس لے لیا، آپ کو عمران خان سے کوئی بڑا خطرہ ہوگا، 12 بجے عدالتیں کھول دیں چلیں ٹھیک ہے، میں بہت خطرناک اور ملک سے کوئی بڑی غداری کرنے جا رہا تھا کہ رات کے 12 بجے عدالتیں کھول دیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنی عدلیہ سے بڑی عاجزی سے پوچھتا ہوں کہ بڑا معصومانہ سا سوال ہے کہ شہباز شریف اور اس کا بیٹا حمزہ شہباز اور مفرور بیٹا سلمان شہباز پر ایف آئی اے کے 24 ارب روپے کے کیسز ہیں۔ میرا ڈاکٹر رضوان کو سلام پیش کرتا ہوں، جو ایف آئی اے کا ایک زبردست افسر، جس میں دلیری تھی، جس نے شریف مافیا کے خلاف کارروائی کرکے، مقصود چپراسی اور نوکروں کے بینک اکاؤنٹ پر 16 ارب روپے پکڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ پھر کیا ہوا، ڈاکٹر رضوان کے اوپر دباؤ ڈالا گیا، حمزہ شریف نے اس کو دھمکیاں دیں اور وہ ڈاکٹر رضوان شدید دباؤ میں تھا، اس کو دل کا دورہ پڑا اور مرگیا۔ دوسرا افسر جو شہباز شریف کے ایف آئی اے کے کیس کی تفتیش کر رہا تھا، اس کا نام ندیم اختر تھا، اس کو کل دل کا دورہ پڑا، یہ کیسے ہے جو مافیا کی تفتیش کرتا ہے، ان کے اوپر کس طرح کا دباؤ ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ کدھر ہیں میری عدالتیں، ان کی حفاظت کرنا آپ کا کام ہے، کون آگے سے اس ملک کے کون سے سرکاری نوکر، کون سی ایف آئی اے، کون سی ایف بی آر، کون سے پولیس افسر کبھی بھی آپ کے سامنے کھڑے ہوں گے۔ اس ملک کے ادارے کیسے طاقت ور مجرموں کے سامنے کھڑے ہوں گے، اپنی عدلیہ سے سوال پوچھتا ہوں کون اس ملک کے اداروں کی حفاظت کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں بڑی عاجزی سے اپنی عدالتوں سے پوچھتا ہوں کہ یہ آپ کے سامنے ہمارے ملک کی تباہی ہو رہی ہے، جب ادارے ختم ہوتے ہیں تو ملک تباہ ہوجاتا ہے۔ میں اگلا سوال پوچھتا ہوں کہ یہ جو ہمارے جیلوں میں چھوٹے چور بھرے ہوئے ہیں، کیا ان کا یہ قصور ہے کہ وہ چھوٹے چور ہیں، کیا یہ سبق مل رہا کہ ملک میں ڈاکا مارو تو بڑا ڈاکا مارو نہیں تو جیل چلے جاؤگے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے ان کو نہیں پکڑنا تو میں کہتا ہوں کہ پاکستان کے جیل کھول دیں، ان غریبوں کو باہر نکالیں، ان غریب چوروں کی پوری چوری ملا کر وہ ایک مقصود چپراسی کے بینک میں جو 4 ارب آئے تھے وہ کم ہے۔

حکومت نے آم برآمد کرنے کی اجازت دے دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے آم برآمد کرنے کی اجازت دے دی۔
وزارت تجارت کی جانب سے آم برآمد کرنے کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آم کی برآمد کی 25 مئی 2022 سے اجازت ہوگی اور آم کی برآمد کی شرائط و ضوابط ایکسپورٹ پالیسی آرڈر 2022 کے تحت ہوں گی۔
خیال رہے کہ پاکستانی آم دنیا بھر میں پسند کیے جاتے ہیں اور کئی ممالک میں لوگ آموں کا شدت سے انتظار کرتے ہیں۔

یوکرین امن مذاکرات میں سنجیدہ نہیں، روس

ماسکو: (ویب ڈیسک) یوکرین میں روس کے خصوصی آپریشن کے آغاز کے بعد ماسکو اور کیف استنبول میں یوکرین جنگ کے حل کیلئے مذاکرات کے کئی دور کرچکے ہیں جو کہ اب تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچ پائے ہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق کریملن کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ماسکو-کیف مذاکرات سردمہری کا شکار ہیں۔ پوٹن نے مذاکراتی عمل کے حوالے سے کہا کہ یوکرین نے مذاکرات معطل کیے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یوکرین تعمیری مذاکرات میں دلچسپی نہیں رکھتا اور غیر سنجیدہ ہے۔
واضح رہے کہ ڈونباس میں آٹھ سال سے جاری جنگ کو روکنے کے لیے ماسکو نے فروری میں آپریشن شروع کیا تھا۔ صدر پیوٹن نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں یوکرینی فوج کی کارروائیاں نسل کشی کے مترادف ہیں اور کہا کہ روس کا ہدف یوکرین کے ’نازی ازم‘ کو روکنا ہے۔