کراچی: (ویب ڈیسک) پانچویں قومی خواتین امیچور گالف چیمپئن شپ 3 سے 5 فروری تک ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی ( ڈی ایچ اے ) کنٹری اینڈ گالف کلب میں کھیلی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تین روزہ گالف چیمپئن شپ میں ملک کی 60 باصلاحیت گالفرز حصہ لیں گی جبکہ قومی گالفرز کو اپنی عالمی امیچور گالف رینکنگ کو بہتر بنانے کا موقع ملے گا کیونکہ چیمپئن شپ پہلی بار رینکنگ کے مطابق منعقد کی جا رہی ہے۔
چیمپئن شپ تین مختلف کیٹیگریز میں منعقد ہوگی، صفر سے 12 ہینڈی کیپ کھلاڑی اے کیٹیگری میں 54 ہول میں حصہ لیں گی جبکہ بی کیٹیگری میں 13 سے 24 ہینڈی کیپ گالفرز 36 ہول اور سینئر امیچور اور جونیئر انڈر 14 لڑکیاں 9 ہول مقابلوں میں حصہ لیں گی۔
ٹورنامنٹ ڈائریکٹر حمیرا خالد کے مطابق خواتین کھلاڑی کھیل کے فروغ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں اور انہوں نے چیمپئن شپ میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی ہے۔
قومی خواتین امیچور گالف چیمپئن شپ 3 فروری سے شروع ہوگی

