اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گزشتہ روز مستعفی ہونیوالے اٹارنی جنرل شہزاد عطاء الہٰی نے اپنے استعفے سے متعلق وضاحتی بیان جاری کردیا۔
مستعفی اٹارنی جنرل آف پاکستان بیرسٹر شہزاد عطاء الہٰی نے ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ روز اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، مجھے مستعفی ہونے کے لیے کہا گیا یہ بات بےبنیاد اور درست نہیں ہے۔
شہزاد عطاء الہٰی کاکہنا تھا کہ اہم حکومتی شخصیت کو مستعفی ہونے سے آگاہ کیا تو مجھے استعفیٰ دینے سے روکا گیا، تاہم اپنا استعفیٰ دستخط کرکے سینئر وزیر کے حوالے کردیا ہے ، حکومت جب چاہے میرا استعفیٰ صدر پاکستان کو بھیج دے۔
یاد رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے بیرسٹر شہزاد عطاء الہٰی کو رواں برس 2فروری کو اٹارنی جنرل کے عہدے پر تعینات کرنے کی منظوری دی تھی ۔
وفاقی حکومت کی جانب سے شہزاد عطاء کو منصور عثمان کے عہدہ نہ سنبھالنے کے باعث اٹارنی جنرل تعینات کیا گیا۔
استعفی دینے کیلئے کہا گیا یہ بات درست نہیں : شہزاد عطاء الہٰی

