صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ الحمدللہ ایک مرتبہ پھر پنجاب ریلیف دینے میں تمام صوبوں سے آگے نکل گیا ہے اور جب بھی عوام کو ریلیف دینے کی باری آئے گی تو پنجاب سب سے آگے ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کو ریلیف فراہم کر کے دلی سکون محسوس کرتی ہیں اور انہوں نے پنجاب کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا بلکہ ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی ہوئی ہیں اور مریم نواز نے پورے پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ مکمل فری کر کے عوام کے دل جیت لیے ہیں اور جب تک جنگی صورتحال رہے گی عوام پبلک ٹرانسپورٹ میں بالکل مفت سفر کریں گے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز کسانوں کو ہمیشہ ترجیح دیتی ہیں اور کسانوں کیلئے دو سال میں تاریخی اقدامات کیے گئے ہیں کیونکہ پنجاب کا کسان پورے پاکستان کو اجناس فراہم کرتا ہے، جو لوگ سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ عوام کے خیر خواہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں وہ صوبائی حکومتیں اور ان کی جماعتیں عملی طور پر کچھ نہیں کر رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرول کی قیمت میں 80 روپے مزید کمی کی ہے جبکہ عوام پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنی کابینہ کی تنخواہوں میں کٹوتی کی ہے۔

