عراق کے مقدس شہر کربلا میں حضرت امام حسینؑ کے چہلم (اربعین) کے موقع پر دنیا کے سب سے بڑے مذہبی اجتماعات میں سے ایک منعقد ہوا، جس میں لاکھوں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ رپورٹس کے مطابق اربعین 2026 کے لیے 2 کروڑ سے زائد زائرین کربلا پہنچے، جہاں انہوں نے روضۂ امام حسینؑ اور حضرت عباسؑ پر حاضری دی۔
اربعین حضرت امام حسینؑ کی شہادت کے 40 روز بعد منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر عراق سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے زائرین کربلا کا رخ کرتے ہیں، جن میں بڑی تعداد پیدل سفر کرنے والے عقیدت مندوں کی ہوتی ہے۔
عراقی حکام کے مطابق اربعین کے دوران زائرین کی سہولت کے لیے سیکیورٹی، ٹرانسپورٹ، طبی امداد اور رہائش کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ مختلف راستوں پر رضاکاروں کی جانب سے کھانے، پانی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
کربلا میں ہونے والا یہ اجتماع ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں افراد کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے اور اسے دنیا کے بڑے مذہبی اجتماعات میں شمار کیا جاتا ہے۔

