لاہور(جنرل رپورٹر)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کے زیر اہتمام میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ)2026 کل بروز اتوار پنجاب کے 15 شہروں میں قائم 31 امتحانی مراکز میں منعقد ہوگا۔ امتحان میں مجموعی طور پر 49 ہزار 201 امیدوار شرکت کریں گے، جن میں 36 ہزار 633 طالبات اور 12 ہزار 568 طلبہ شامل ہیں۔لاہور میں ایم ڈی کیٹ کے لیے 12 ہزار 30 امیدوار رجسٹرڈ ہیں، جن میں 9 ہزار 150 طالبات اور 2 ہزار 880 طلبہ شامل ہیں۔ لاہور میں امتحان کے لیے چھ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ پنجاب یونیورسٹی امتحانی ہال وحدت روڈ میں 4,400 طالبات، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں 1,600، یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹان شپ میں 1,624 طالبات، ڈویژنل پبلک اسکول ٹان شپ میں 881 طلبہ، بی آئی ایس ای امتحانی ہالز لارنس روڈ میں 2,000 طلبہ جبکہ کامسیٹس یونیورسٹی لاہور کیمپس ڈیفنس روڈ میں 1,525 طلبہ و طالبات امتحان دیں گے۔ایم ڈی کیٹ کے دوران سیکیورٹی اور نگرانی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ امتحانی مراکز کے داخلی و خارجی راستوں اور امتحانی ہالز میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی، جبکہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں سے مراکز کی چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ ہوگی۔ امتحانی مراکز پر نادرا کے بائیومیٹرک تصدیقی نظام کے ذریعے امیدواروں کی شناخت بھی کی جائے گی۔ایم ڈی کیٹ لاہور کے علاوہ فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، سرگودھا، ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، میانوالی اور لیہ میں بھی منعقد ہوگا۔یو ایچ ایس کے نئے وائس چانسلر میجر جنرل (ر) پروفیسر سہیل صابر نے ایم ڈی کیٹ کے انتظامات کا ذاتی طور پر جائزہ لیا۔ عہدہ سنبھالنے کے پہلے روز انہوں نے امتحان کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی اور بعد ازاں لاہور کے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کرکے سیکیورٹی، داخلی و خارجی راستوں اور امیدواروں کے لیے سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ امتحان کے دوران مکمل چوکس رہتے ہوئے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔پنجاب حکومت نے سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور پرو وائس چانسلرز کو ریجنل انچارج مقرر کیا ہے، جبکہ سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالجز کے پرنسپلز کو سینٹر انچارج کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ سینئر فیکلٹی ارکان بھی امتحانی مراکز پر فرائض انجام دیں گے، جبکہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران بھی امتحان اور انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ تقریبا 3,700 نگران اور سپروائزری عملہ امتحانی مراکز پر فرائض سرانجام دے گا۔ تمام عملہ یو ایچ ایس فوکل پرسنز کی نگرانی میں کام کرے گا۔ سپروائزری عملے کی تربیت اور حتمی بریفنگ بھی متعلقہ مراکز پر مکمل کرلی گئی ہے۔ لاہور کے علاوہ دیگر 14 شہروں میں امتحانی مواد پہنچا دیا گیا ہے۔ سوالیہ پرچے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں سیل شدہ اسٹیل ٹرنکس میں منتقل کرکے متعلقہ اضلاع کے خزانہ خانوں میں محفوظ کر دیے گئے ہیں۔ امتحانی مواد کی منتقلی کے دوران یو ایچ ایس کے سینئر فیکلٹی ارکان اور افسران بھی ہمراہ رہے۔ امتحان کے دوران مراکز کے ساتھ مسلسل رابطے اور انتظامات کی نگرانی کے لیے یو ایچ ایس میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں نے سیکیورٹی، ٹریفک، طبی امداد، بجلی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات بھی مکمل کرلیے ہیں۔ امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، جبکہ واک تھرو گیٹس، اسکینرز، سیکیورٹی اہلکار اور طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اسپیشل برانچ اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں امتحان سے قبل مراکز کی تکنیکی سویپنگ بھی کریں گی۔ یو ایچ ایس نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ وقت سے کافی پہلے اپنے امتحانی مراکز پہنچیں۔ مراکز میں داخلہ صبح 7:30 بجے شروع ہوگا جبکہ 9:00 بجے تمام مراکز بند اور سیل کردیئے جائیں گے۔ صبح 9 بجے کے بعد کسی امیدوار کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ امتحان ٹھیک 10:00 بجے شروع ہوگا اور 1:00 بجے اختتام پذیر ہوگا۔ امیدواروں کے لیے لازم ہے کہ وہ 20 ستمبر 2026 کی نئی تاریخ والا تازہ ایم ڈی کیٹ ایڈمٹنس کارڈ اور اصل شناختی کارڈ، جونیئر کارڈ یا پاسپورٹ ہمراہ لائیں۔ پرانی تاریخ والا ایڈمٹنس کارڈ قابل قبول نہیں ہوگا۔
بریکنگ نیوز
- بلوچستان، میر غلام قادر بگٹی میموریل ہسپتال میں پہلی بار100 بڑی سرجریز مکمل
- کراچی: شوہر کیساتھ آفس جانیوالی خاتون پر موٹر سائیکل سوار نے تیزاب پھینک دیا
- نیتن یاہو حکومت کی بیرونِ ملک مقیم اسرائیلیوں کو ووٹنگ کیلئے واپس آنے سے روکنے کی کوشش
- بھارت’ امتحان میں چیٹ جی پی ٹی استعمال کرنے والے طالب علم نے خودکشی کر لی
- پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کا پارلیمانی اجلاس 23 ستمبر کو مظفرآباد میں ہوگا
- ناقص کھانے اور آلودہ آب و ہوا، بھارت میں برکس کانفرنس میں شریک عالمی لیڈر واپسی پر بیمار
- گوادر ایئرپورٹ ہفتے میں 3 دن بند رہے گا، نئے اوقات جاری
- نیویارک میں برقی مسافر طیارے کی پہلی پرواز، 27 منٹ میں صرف 5 ڈالر کی بجلی خرچ
- بی ڈی ایس پروگرام کے5سالہ پروگرام کا نفاذ موخر،نوٹیفیکشن جاری
- مسلم لیگ ڈیرہ کے زیر اہتمام حرمین شریفین میں حملوں کیخلاف ریلی
- جنگلات کی آگ کا دھواں دیگر فضائی آلودگی سے زیادہ نقصان دہ ہو سکتا ہے’ تحقیق
- امریکہ کی قدیم ترین ڈکشنری میریم ویبسٹر میں1400 نئے الفاظ شامل
- سری لنکا کی پاکستان کو شکست، ایشین گیمز کے گولڈ میڈل میچ میں جگہ بنا لی
- ایران نے امریکا سے مذاکرات کی شرائط پیش کردیں، جنگ ختم کرنے پر آمادگی
- نوازشریف کینسر ہسپتال افسران اور ڈاکٹرز کیلئے لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہیں مقرر کیے جانے کا انکشاف
- چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں شہری نقدی ز یورات قیمتی اشیاء سے محروم
- نجی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کے تنازع میں محکمہ اینٹی کرپشن کی مداخلت کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر
- پاکستان کو فساد کی نہیں، امن و استحکام کی ضرورت: احسن اقبال
- پنشنرز کیلئے پروف آف لائف سہولت’ ایک ماہ میں 3 لاکھ سے زائد سرٹیفکیٹ جاری
- نئے انتظامی یونٹس بننے سے کوئی قتل و غارت نہیں ہوگی’ نئے صوبے سندھ کو عروج پر لے جائیں گے: مصطفی کمال
