ایران نے امریکا کے ساتھ جاری کشیدگی اور جنگ کے خاتمے کے لیے اپنی شرائط قطری ثالث کے ذریعے واشنگٹن تک پہنچا دی ہیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایران اور امریکا کے درمیان رابطہ قطری ثالث کے ذریعے ہوا۔
ایرانی حکام کے مطابق تہران کی اہم شرائط میں تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ، امریکی حملوں یا جارحیت کا خاتمہ، بحری ناکہ بندی ختم کرنا، اقتصادی جنگ روکنا اور منجمد ایرانی اثاثے جاری کرنا شامل ہیں۔
ایران کے سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے بھی اس سے قبل کہا تھا کہ قطر کے ذریعے ایرانی شرائط امریکا تک پہنچائی گئی ہیں اور تہران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جواب کا منتظر ہے۔ ان کے مطابق ایران جنگ ختم کرنے کے لیے مذاکرات میں دوبارہ شامل ہونے پر تیار ہے، تاہم اپنی شرائط پر قائم ہے۔
تازہ رابطے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ہوئے، جہاں امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان براہِ راست ملاقات کے بجائے ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ ہوا۔ امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے بھی بتایا کہ ثالث دونوں وفود کے درمیان پیغامات منتقل کرتے رہے۔

