اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ روسی کمپنیاں پانی ذخیرہ کرنے اور بجلی پیدا کرنے میں مدد دیں۔روسی ٹی وی کو انٹرویو میںوزیر توانائی اور پاک روس بین الحکومتی کمیشن کے شریک چیئرمین اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان اپنے تعلقات روس سے بڑھانا چاہتا ہے کیونکہ روس نہ صرف خطے بلکہ دنیا میں پاکستان کے اہم ترین شراکت داروں میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ روسی کمپنیاں پانی ذخیرہ کرنے اور بجلی پیدا کرنے میں مدد دیں۔ وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے ہر عالمی اسٹیج پر روس کے صدر پیوٹن سے ملاقات کی ہے اور دونوں لیڈر حقیقی معنوں میں قریبی تعلقات چاہتے ہیں جوکہ علاقائی امن و سلامتی اور اقتصادی نمو کیلئے بھی ضروری ہے۔
