لاہور( این این آئی)دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کا ہائیڈرو مکینیکل (ایچ ایم ون)کنٹریکٹ ایوارڈ کردیا گیا، کنٹریکٹ 133 ارب 18 کروڑ روپے پر مشتمل ہے اور یہ پاور چائنا، آئیکان جوائنٹ وینچر کو ایوارڈ کیا گیا ہے۔واپڈا کی جانب سے دیامر بھاشا ڈیم کے پراجیکٹ ڈائریکٹر عارف علی اور جوائنٹ وینچر کی جانب سے مجاز نمائندے لنگ جیانکے نے کنٹریکٹ پر دستخط کئے۔ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد سعید ، واپڈا کے ممبر فنانس، ممبر واٹر اور ممبر پاور کے علاوہ دیامر بھاشا ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے علاوہ پاور چائنا انٹرنیشنل کے چیئرمین، جوائنٹ وینچر میں شامل کمپنیوں اور کنسلٹنٹس کے نمائندے اور واپڈا کے سینئر آفیسرز معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شریک ہوئے۔ایچ ایم ون کنٹریکٹ میں دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے ہائیڈرو مکینیکل آلات اور ہائیڈرالک سٹیل سٹرکچرز شامل ہیں۔معاہدے میں دیامر بھاشا ڈیم پر پانی کا بہا ئوکنٹرول کرنے کیلئے گیٹس اور سٹیل سٹرکچرز کی تیاری، فراہمی اور تنصیب بھی شامل ہے۔
