لاہور( این این آئی)پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چودھری قیصر نذیر ساہی اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی چودھری ارشد علی ہنجرا نے کہا ہے کہ ملک کو موجودہ سیاسی و معاشی چیلنجز سے نکالنے کے لیے قومی یکجہتی، مضبوط اتحاد اور باہمی ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے،سیاسی جماعتیں ذاتی اور جماعتی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفادات کو ترجیح دیں اور ملک کی ترقی و استحکام کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں محاذ آرائی اور تقسیم کے بجائے مفاہمت، برداشت اور قومی سوچ کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان کی ترقی کے لیے سیاسی و معاشی استحکام، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بجلی و گیس کے بڑھتے اخراجات اور عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے خاتمے کے لیے حکومت اور تمام قومی اداروں کو سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔