لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) تجزیوں اور تبصروں پر مشتمل چینل فائیو کے پروگرام ”کالم نگار“ میں گفتگو کرتے ہوئے کالم نگار ومیزبان تجزیہ نگار توصیف احمد نے کہا ہے کہ آئین شکن کی سزا موت ہے۔ پہلا آئین سکندر مرزا نے توڑا تھا جو غدار میرجعفر کی اولاد میں سے تھا۔ آج کے سیاستدانوں کو اپنی حفاظت مقدم ہے۔ عمران خان نے پروٹوکول نہیں لینا تو اچھی بات ہے مگر اس کیلئے بلیو بک میں تبدیلی کریں۔ عوام کو تنگ کرنے سے بہتر ہے وزیراعظم ہیلی کاپٹر کا استعمال کریں یا پرائیویٹ سڑکیں بنا لیں۔ انہوں نے کہا کہ سادگی اپنانا ہے تو گورنر ہاﺅس سمیت تمام پراپرٹی بیچ کر ایک نہیں دس ڈیم بنائے جا سکتے ہیں۔ الیکشن کے نتائج میں تاخیر پر الیکشن کمیشن نے اپنی ناکامی چھپانے کیلئے آر ٹی ایس میں خرابی کو ڈھال بنایا۔ فیصل صالح حیات کے 10 سے 12 ہزار اور دیگر کے بھی ڈھیروں ووٹ کینسل ہوئے۔ تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا۔ کالم نگار خالد چودھری نے کہا کہ پاکستان کی عدالتوں نے آمروں کو آئین میں ترمیم کی اجازت دی۔ نواز شریف کی سزا میں پرویز مشرف کے کیس کا حصہ شامل ہے ورنہ نواز شریف کا ان قوتوں سے آمنا سامنا نہ ہوتا۔ پرویز مشرف بلیٹن ایئر بیس ہیں عرب ملکوں میں مہنگے ترین فلیٹوں کے مالک ہیں۔ انہوں نے تنخواہ کا ایک روپیہ خرچ نہیں کیا آمدنی سے زیادہ پیسہ کہاں سے آیا۔ عرب ملکوں سے بھیک مانگنے پر شرم سے ڈوب مرنا چاہیے۔ سپیکر ہاﺅس پارلیمنٹ کی ملکیت ہے۔ عمران خان 10 ڈاﺅننگ سٹریٹ کی طرح گھر بنا کر آئین میں درج کروائیں کہ اگلا ہر وزیر اعظم سادگی سے وہاں رہے گا۔ مدینہ ویلفیئر سٹیٹ کی بات کرنے والے حضور کی عملی زندگی جیسی رہائش، خوراک ودیگر اقدامات اپنائیں۔ بیوروکریٹس سے سینکڑوں ایکڑ پر مشتمل گھر لے کر انہیں چھوٹے گھروں میں منتقل کریں اور لیے گئے گھروں کو یونیورسٹی ہسپتال میں منتقل کریں۔ الیکشن 2018ءکے نتائج میں تاخیر پر انکوائری کریں۔ بلاول نے جمہوری خوبصورتی کا ثبوت دیا اور کہا کہ سسٹم چلانا ہے تو حلف اٹھانا ہو گا۔ اپوزیشن حکومت کو چلنے والے فوری سڑکوں پر نہ آئے۔ نواز شریف کا مسئلہ سڑکوں کی بجائے پارلیمنٹ میں حل کرتے تو یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ پاکستان کی معیشت کو مضبوط کر کے عوام کی زندگی بہتر کرنا ترجیح ہونی چاہیے اس کیلئے ترکی اعلیٰ مثال ہے۔ معیار زندگی بہتر ہو گا تو عوام آپ کیلئے مرنے کو بھی تیار ہونگے۔ کالم نگار میاں سیف الرحمان نے کہا کہ پرویز مشرف بخشی ہوئی روح ہیں یہاں ادارے خود منہ زور ہیں خود اپنے محافظ اور محتسب ہیں سڑکوں پر آنے سے پولرائزیشن بڑھے گی۔ اپوزیشن دھاندلی کے الزامات ثبوتوں سے ثابت کرے۔ تجزیہ نگار افضال ریحان کا کہنا تھا کہ آئین اور پارلیمنٹ کو وقت نہ دینے کا خمیازہ ہم آج بھگت رہے ہیں۔ پرویز مشرف آئین اور خود کو بے گناہ ثابت کریں۔ آئین شکنی کرنے والوں کو قبروں میں سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پروٹوکول کے تمام ریکارڈ توڑیں گے۔ پروٹوکول نہ لینے کی ان کی باتیں نمائشی ہیں۔ الیکشن کمیشن پر عوام کا اعتماد بحال ہونا چاہیے۔ شہباز شریف کا رویہ سیاستدانوں کی بجائے افسروں والا ہے سڑکوں پر حلف اٹھانے کے بعد احتجاج کی بات مدبر انداز میں کرتے۔
