جہلم(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے 40 سالہ پالیسی کو تبدیل کرکے شدت پسندی کے خلاف کریک ڈاﺅن کیا ہے جبکہ شریف اور زرداری خاندانوں کا حال کی طرح مستقبل بھی تاریک ہے۔جہلم میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک ایک سیکیورٹی اسٹیٹ بن گیا تھا، لیکن ہم نے 40 سال کی پالیسی کو تبدیل کیا ہے اور شدت پسندی کے خلاف کریک ڈاﺅن کیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر کسی کو حکومت اور ریاست کی مرضی کے بغیر کسی کے خلاف سازشیں کرنے اور گزند پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، سیاسی و عسکری قیادت میں مکمل اتفاق رائے ہے اور ایک سمت میں سوچ رہی ہے، پاکستان کو ماڈرن ملک کے طور پر آگے لے جانا چاہتے ہیں۔فواد چوہدری نے شریف خاندان اور زرداری خاندان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں پورا ملک نیچے جارہا تھا لیکن دو خاندان اوپر جارہے تھے، ان دونوں خاندانوں کا پاکستان کے سیاسی مستقبل میں اب کوئی حصہ نہیں ہے، حال کی طرح ان کا مستقبل بھی تاریک ہے، مریم بی بی سمیت شریف خاندان کو اس بات پر غصہ ہے کہ لندن میں سیل لگ گئی ہے لیکن یہ لوگ پاکستان سے باہرنہیں جاپارہے، ان کی گھبراہٹ کی وجہ یہ ہے، ان دونوں خاندانوں کے دو سپوتوں کو شوق پورا کرلینے دیں، چند ماہ میں پتہ چل جائے گا کہ ان کی سیاست ختم ہوچکی ہے۔