انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوش ٹنگ نے انکشاف کیا ہے کہ کپتان جو روٹ نے کھلاڑیوں کو میدان سے باہر اپنے رویے کے حوالے سے واضح اور سخت پیغام دیا ہے۔
جوش ٹنگ کے مطابق جو روٹ نے برائیڈن کارس کے حالیہ واقعے پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو یاد دلایا کہ انگلینڈ کی نمائندگی اعزاز کے ساتھ ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔
برائیڈن کارس کو ڈربی میں نائٹ آؤٹ کے دوران مختصر گرفتاری کے واقعے کے بعد پاکستان کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کے اسکواڈ سے باہر کردیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں انہیں پولیس کی حراست میں دیکھا گیا، جس کے بعد معاملہ کرکٹ ریگولیٹر کو بھیج دیا گیا۔
جوش ٹنگ نے بتایا کہ جو روٹ نے ڈریسنگ روم میں کھل کر گفتگو کی اور کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ میدان سے باہر بھی پیشہ ورانہ رویہ برقرار رکھیں۔ ان کے مطابق ٹیم اب ماضی کے واقعات کو پیچھے چھوڑ کر لارڈز ٹیسٹ پر مکمل توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ جوش ٹنگ خود بھی گزشتہ سال ایک نائٹ کلب سے متعلق تنازع میں موجود تھے، تاہم ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی تھی۔
پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کی کامیابی میں جوش ٹنگ نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا اور اب وہ لارڈز میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا حصہ ہیں۔
انگلش کپتان جو روٹ نے کھلاڑیوں کو سخت پیغام دے دیا، فاسٹ بولر جوش ٹنگ کا انکشاف

