کوئنز لینڈ(خصوصی رپورٹ)فالج سے دماغ میں خون اور آکسیجن کم ہونے سے دماغی خلیات تیزی سے تباہ ہونے لگتے ہیں اور اس سے مریض کی موت اور عمر بھر کی معذوری کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے تاہم مکڑی کا زہر اس کیفیت کو روکنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے ۔آسٹریلوی سائنسدانوں نے فنل ویب سپائیڈر کے زہر سے Hi1a پیپٹائیڈ نکالا ہے جو فالج کی صورت میں دماغ کو مزید متاثر ہونے سے روک سکتا ہے ۔ صرف امریکہ میں ہی ہر سال 8 لاکھ افراد کو فالج ہوتا ہے جن میں سے 6 لاکھ افراد پہلی مرتبہ اس کا شکار ہوتے ہیں، ان میں سے 65 سال سے زائد عمر کے افراد کی نصف تعداد اپاہج اور معذور ہوجاتی ہے ۔ اسکے علاوہ شدید جسمانی کمزوری محسوس ہوتی ہے جسکی وجہ دماغی خلیات کا متاثر ہونا بھی ہے ۔ فی الحال اب تک کوئی دوا اس کا تدارک نہیں کرسکتی۔ایچ آئی ون اے پیپٹائیڈ دماغ میں تیزاب سے وابستہ چینل آئی اے کو روکتا ہے ۔ یہ چینل فالج کے بعد دماغ کو سب سے زیادہ نقصان پہنچاتا ہے ۔