پاکستان کے تجربہ کار ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی نے پرتگال کے شہر لزبن میں جاری آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ چیمپئن شپ میں مکسڈ ڈبلز کا عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
اعصام الحق نے آسٹریا کی نِینا ہرمن کے ساتھ جوڑی بنائی اور فائنل میں ٹاپ سیڈڈ پرتگالی جوڑی فریڈ گل اور ریٹا فریٹاس کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-4، 6-3 سے شکست دی۔
اس کامیابی کے ساتھ اعصام الحق نے مسلسل دوسری مرتبہ مکسڈ ڈبلز کا عالمی ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ گزشتہ سال بھی انہوں نے مکسڈ ڈبلز ورلڈ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
اعصام الحق نے چیمپئن شپ میں ایک اور میڈل بھی حاصل کیا۔ انہوں نے پاکستانی ٹینس اسٹار عقیل خان کے ساتھ مینز 45 پلس ڈبلز میں سلور میڈل جیتا۔ عقیل خان نے 40 پلس مکسڈ ڈبلز میں جرمنی کی ایلین اراناس روتھ کے ساتھ کانسی کا تمغہ بھی حاصل کیا۔
یوں پاکستان نے لزبن میں ہونے والی آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر ایک گولڈ، دو سلور اور ایک برونز سمیت چار میڈلز حاصل کیے۔

