کراچی میں پی ایس اے سیٹلائٹ انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 26 سے 30 اگست 2026 تک کھیلی جائے گی، جس میں مجموعی طور پر 6 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔
32 کھلاڑیوں پر مشتمل اس ایونٹ میں سابق قومی چیمپئن ناصر اقبال کو ٹاپ سیڈ قرار دیا گیا ہے، جبکہ ایک اور سابق قومی چیمپئن طیب اسلم دوسرے سیڈ ہوں گے۔ مصری کھلاڑی عمر الخطان کو چوتھی سیڈ دی گئی ہے۔
ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں 8 کھلاڑیوں کو بائی ملے گی، جس کے باعث وہ بغیر میچ کھیلے براہِ راست پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائیں گے۔
چیمپئن شپ کے فاتح کو ٹرافی کے ساتھ 950 ڈالرز کی انعامی رقم دی جائے گی، جبکہ رنر اپ 600 ڈالرز کا حقدار ہوگا۔ ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ حاصل ہوگا اور شائقین کو سنسنی خیز اسکواش مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
پاکستان میں حالیہ عرصے کے دوران اسکواش کے بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد میں اضافہ ہوا ہے، جس سے مقامی کھلاڑیوں کو عالمی سطح کے کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنے اور اپنی رینکنگ بہتر بنانے کے مواقع مل رہے ہیں۔

