پاکستان اور کویت نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے اہم معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔ معاہدے کا مقصد فوجی تربیت، استعدادِ کار میں اضافے اور سرحدی انتظام کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
معاہدے کے تحت دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تربیتی پروگرامز، تجربات کے تبادلے اور پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کے لیے تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سرحدی نگرانی اور انتظام سے متعلق مہارتوں اور تجربات کے تبادلے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
پاکستان اور کویت کے درمیان پہلے سے موجود دفاعی تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، جبکہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تربیت اور پیشہ ورانہ روابط بھی جاری رہے ہیں۔
نئے دفاعی معاہدے کو دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری اور عسکری روابط کے مزید استحکام کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس تعاون سے دونوں ممالک کو سیکیورٹی سے متعلق مشترکہ تجربات اور مہارتوں سے فائدہ اٹھانے کے مواقع ملیں گے۔
حکام کے مطابق دفاعی شعبے میں بڑھتا ہوا تعاون پاکستان اور کویت کے درمیان مجموعی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
پاکستان، کویت میں دفاعی معاہدہ طے، فوجی تعلقات مضبوط بنانے کا فیصلہ

