پاکستانی باڈی بلڈر محمد حمزہ راجہ نے سوئٹزرلینڈ میں منعقدہ IFBB مسٹر یونیورس 2026 چیمپئن شپ میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے مینز فیزیک کیٹیگری میں گولڈ میڈل اور مجموعی ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
واپڈا کی نمائندگی کرنے والے حمزہ راجہ نے 26 ممالک کے ایتھلیٹس پر مشتمل بین الاقوامی مقابلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مجموعی ٹائٹل کے ساتھ انہیں IFBB پرو کارڈ بھی حاصل ہوا۔
واپڈا اسپورٹس بورڈ کے مطابق حمزہ راجہ بین الاقوامی سطح پر مجموعی ٹائٹل اور IFBB پرو کارڈ بیک وقت جیتنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔ ان کی کامیابی کو پاکستان کی باڈی بلڈنگ کے لیے تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
حمزہ راجہ کی کامیابی پر واپڈا اسپورٹس بورڈ نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے اسے پاکستان اور واپڈا کے لیے قابلِ فخر لمحہ قرار دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی عالمی سطح پر پاکستانی باڈی بلڈنگ کے بڑھتے ہوئے مقام کی عکاسی کرتی ہے۔

