ترک ڈرامہ سیریز ’’کورولوش عثمان‘‘ میں مائیکل کوسس (مِحائل کوسےس) کا کردار ادا کرنے والے معروف اداکار سرحت مصطفیٰ کلیچ 51 برس کی عمر میں استنبول کے علاقے کاغتھانے میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پائے گئے۔
رپورٹس کے مطابق اداکار سے تقریباً ایک سے دو روز تک رابطہ نہیں ہو رہا تھا، جس پر ان کی گرل فرینڈ اوزلم ای ان کے اپارٹمنٹ پہنچیں۔ ان کے پاس چابی موجود تھی، جس کے ذریعے وہ اندر داخل ہوئیں اور اداکار کو کمرے میں بے ہوش حالت میں پایا۔
ایمرجنسی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر اداکار کا معائنہ کیا، تاہم ان کی موت کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے فرانزک معائنہ اور پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔
سرحت کلیچ 8 جولائی 1975 کو انقرہ میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے تھیٹر سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور بعد ازاں ٹی وی، فلم اور ریڈیو میں بھی کام کیا۔ Ezel، Seksenler اور Söz سمیت متعدد مقبول ڈراموں میں ان کی اداکاری کو سراہا گیا۔
کورولوش عثمان میں انہوں نے مائیکل کوسس کا کردار ادا کیا، جس کے باعث پاکستانی اور دیگر بین الاقوامی ناظرین میں بھی انہیں خاص شہرت ملی۔ وہ 2021 سے 2022 تک اس سیریز کا حصہ رہے۔
اداکار کی اچانک موت کی خبر پر ترک شوبز انڈسٹری اور ان کے مداحوں میں غم کی لہر دوڑ گئی، جبکہ سیریز کے پروڈیوسر محمد بوزداغ نے بھی سوشل میڈیا پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

