مودی کی مسلم دشمنی نئی دہلی (آئی این پی )بھارت میں مسلمانوں کی مذہبی شناخت اور تاریخی ورثے کو مرحلہ وار ختم کرنے کی منصوبہ بندی کا انکشاف ہوا ہے۔ کشمیر
میڈیا سروس کی تحقیقاتی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بی جے پی حکومت کے دور میں مسلم مذہبی املاک اور تاریخی مقامات کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آئی ہے۔رپورٹ کے مطابق متنازع وقف ترمیمی ایکٹ 2025کو مسلم شناخت کے خاتمے کے لیے بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ وقف قانون کی آڑ میں عدالتوں کے ذریعے مسلم مذہبی املاک کی مسماری اور قبضے کی کارروائیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق تجاوزات کے خلاف کارروائی کے نام پر مساجد، مزارات، درگاہوں، مدارس اور عیدگاہوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور گزشتہ 3برس کے دوران 861مسلم مذہبی مقامات منہدم کیے گئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان میں 60مساجد، 563مزارات، 226مدارس اور 6عیدگاہیں شامل ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 5ستمبر 2026کو سہارنپور کی 120سال پرانی مسجد علی الصبح منہدم کردی گئی، جبکہ دہلی کے مہرولی میں 700سالہ اخوندجی مسجد اور وارانسی کی 200سال پرانی ازغیب شہید مسجد بھی منہدم کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایک ہزار سال پرانی گنج شہیدہ مسجد کو بھی مسلم احتجاج کے باوجود انہدام کا نوٹس جاری کیا جاچکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مسلم مذہبی عمارات کے خلاف کارروائیاں اتراکھنڈ، اترپردیش، دہلی، راجستھان، گجرات، مہاراشٹر، ہریانہ، آسام اور مدھیہ پردیش میں کی گئی ہیں، جبکہ رپورٹ کا دعویٰ ہے کہ یہ کارروائیاں بالخصوص بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں جاری ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اتراکھنڈ میں تقریبا 572 مزارات کو تجاوزات کے خلاف کارروائی کی آڑ میں منہدم کیا گیا، جبکہ اترپردیش میں 35 مساجد، 225 مدارس، 25 مزارات اور 6 عیدگاہوں کو منہدم کیے جانے کا دعوی کیا گیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مہاراشٹر میں 5، گجرات میں 4، راجستھان میں 5 اور آسام میں 5 مساجد بھی مسمار کی گئیں، جبکہ آسام میں 2023 سے 2025 کے دوران 48 مسلم مذہبی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جماعت اسلامی ہند، جمعیت علمائے ہند اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی مخالفت کے باوجود مسلم مخالف اقدامات میں کمی نہیں آئی، جبکہ کانگریس سمیت اہم اپوزیشن جماعتوں نے بھی مسلم مذہبی مقامات کے خلاف انہدامی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مساجد مسمار
