راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) کی جنگ کے ہیرو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی بے مثال قربانی پر پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے
انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، ایڈمرل نوید اشرف، نشانِ امتیاز، نشانِ امتیاز (ملٹری)، تمغہ بسالت، چیف آف نیول سٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف ایئر اسٹاف، اور جنرل سید عامر رضا، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ستارہ بسالت، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ نے پاک فوج کی جانب سے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید، نشانِ حیدر کی 61ویں یومِ شہادت پر ان کی غیر معمولی بہادری، قیادت اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔بیان میں کہا گیا کہ 1965 کی جنگ کے دوران میجر عزیز بھٹی شہید نے لاہور کے قریب برکی سیکٹر کا غیر معمولی بہادری سے دفاع کیا اور دشمن کے مسلسل حملوں کے باوجود 5 دن اور 5 راتیں اپنی پوزیشن پر ڈٹے رہے، ان کی ثابت قدم قیادت اور ناقابلِ تسخیر جذبے نے دشمن کی پیش قدمی روک دی اور وہ بہادری، فرض شناسی اور قربانی کی لازوال علامت بن گئے، ان کی میراث آج بھی قوم اور پاکستان کے محافظوں کی نسلوں کیلئے مشعلِ راہ ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عزیز بھٹی شہید کی فرض سے بے لوث وابستگی، غیر متزلزل بہادری اور عظیم قربانی آنے والی نسلوں کیلئے ہمیشہ باعثِ تحریک رہے گی۔پاک فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک کی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کیلئے اسی بہادری، عزم اور جذب قربانی کے ساتھ اپنا فرض ادا کیا جائے گا جس کی مثال میجر عزیز بھٹی شہید نے قائم کی۔
