لاہور (افضل سیال سے) ایل ڈی اے ٹائون پلاننگ زون4 کے افسران کی سرپرستی میں علی
ٹائون شان بھٹی روڈ پر درجنوں غیر قانونی کمرشل و رہائشی تعمیرات جاری، دکانیں، مارکیٹس حتی کہ پارکنگ کی اراضی پر بھی تعمیرات کی اجازات دے دی گئی۔ زون فور کے متعلقہ افسران مبینہ طور پر بھاری رشوت لیکر سرپرستی کرنے لگے، غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی نہ ہوسکی۔ ایل ڈی اے کے سینئر افسران بھی غیر قانونی تعمیرات رکوانے میں ناکام ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق ایل ڈی اے ٹائون پلاننگ زون فور میں غیر قانونی تعمیرات کی بھرمار، علی ٹائون شان بھٹی روڈ پر غیر قانونی بغیر نقشہ منظوری، دکانیں، مارکیٹس، کمرشل و رہائشی تعمیرات جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق زون فور کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر اعجاز چیمہ بھاری رشوت لیکر درجنوں غیر قانونی تعمیرات کی سرپرستی کر رہا ہے۔ خبریں ٹیم نے زون فور میں سروے کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کا کھوج لگا لیا، سروے کے دوران ذرائع نے خبریں ٹیم کو بتایا کہ شان بھٹی روڈ پر تمام غیر قانونی تعمیرات اعجاز چیمہ نامی ایل ڈی اے افسر کے ساتھ مک مکا کرتے ہوئے تعمیر کی جارہی ہیں یہی وجہ ہے کہ زون فور میں غیر قانونی تعمیرات کی شکایات کے باوجود کارروائی نہیں کی جارہی۔
