ایشیا کپ ٹرافی تنازع، بھارتی کوچ نے خاموشی توڑ دی
بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ امول مزومدار نے ایشیا کپ کی ٹرافی پاکستانی عہدیدار اور ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی سے وصول نہ کرنے کے فیصلے پر وضاحت کردی۔
امول مزومدار نے کہا کہ ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ بی سی سی آئی (BCCI) کا تھا اور ٹیم نے بورڈ کے فیصلے پر عمل کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کی چیمپئن ہے اور اس فیصلے پر قائم ہے۔
بھارت نے ایشیا کپ ویمنز کے فائنل میں سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر آٹھویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا، تاہم میچ کے بعد ٹرافی کی تقریب متنازع ہوگئی۔ بھارتی ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے گریز کیا، جس کے باعث روایتی ٹرافی پریزنٹیشن بھی مکمل نہ ہوسکی۔
رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی نے ٹورنامنٹ سے قبل ہی اے سی سی کو اپنے مؤقف سے آگاہ کردیا تھا کہ اگر محسن نقوی ٹرافی پیش کرنے کے لیے موجود ہوئے تو بھارتی ٹیم ان سے ٹرافی وصول نہیں کرے گی۔
یہ واقعہ گزشتہ سال ایشیا کپ میں بھارتی مردوں کی جانب سے محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے کے واقعے کی بھی یاد تازہ کرگیا۔

