سعودی عرب نے اہم ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن پر ڈرون حملے کے بعد یورپ کو خام تیل کی کچھ ترسیلات معطل کردی ہیں۔ حملے کے نتیجے میں بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع اہم برآمدی مرکز ینبع سے ستمبر کے بعض خام تیل کے کارگو منسوخ کیے گئے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق سعودی عرب نے حملے کے بعد پائپ لائن کو عارضی طور پر بند کردیا تھا۔ یہ تقریباً 1,200 کلومیٹر طویل پائپ لائن خلیج سے بحیرہ احمر تک تیل پہنچاتی ہے اور آبنائے ہرمز سے بچتے ہوئے سعودی تیل کی برآمد میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
پائپ لائن کی بندش سے یورپی خریداروں کو متبادل ذرائع سے خام تیل حاصل کرنا پڑ رہا ہے۔ پولینڈ کی کمپنی اورلن، جو اپنے خام تیل کا تقریباً 40 فیصد سعودی آرامکو سے حاصل کرتی ہے، نے متبادل سپلائرز سے تیل کی خریداری شروع کردی ہے۔

