وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کسی بھی ملک کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں دفاع، استحکام اور امن کے لیے مشترکہ عزم ہے۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کو قابل مذمت قرار دیا اور کہا کہ مقدس شہر مکہ مکرمہ کی جانب ڈرون حملے کی کوشش نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو غم و غصے میں مبتلا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس کو خطرہ پہنچانا ایسی سرخ لکیر ہے جسے کبھی عبور نہیں کیا جانا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تاریخی مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں دفاع، استحکام اور امن کے لیے اجتماعی عزم ہے۔

