پاکستان نے 2 اکتوبر 2026 کو قصور کے قریب بیدیاں سیکٹر میں بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (BSF) کی فائرنگ سے 2 پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق فائرنگ میں 2 پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ ایک شہری زخمی ہوا۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ تینوں شہری غیر مسلح تھے۔ جاں بحق افراد کی شناخت عظمت رسول شاہ اور محسن جٹ کے نام سے ہوئی، جن کا تعلق لدھڑ گاؤں کے جٹاں والی حویلی سے بتایا گیا ہے۔
پاکستان نے بھارتی فورسز کی جانب سے فائرنگ کو بلااشتعال اور مہلک طاقت کا استعمال قرار دیتے ہوئے جاں بحق شہریوں کو ’درانداز‘ قرار دینے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کیا۔ دفتر خارجہ نے واقعے کو بنیادی انسانی حقوق، بالخصوص حقِ زندگی کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔

