آبنائے ہرمز میں کویت کے پرچم بردار آئل ٹینکر MT Kazimah III کو ایک نامعلوم پروجیکٹائل کا نشانہ بنائے جانے کے بعد اس پر سوار 5 بھارتی شہریوں کو بحفاظت ریسکیو کرکے ساحل پر منتقل کردیا گیا۔ بھارتی سفارتخانے کے مطابق مسقط میں بھارتی مشن نے عمانی حکام کے تعاون سے ریسکیو آپریشن مکمل کیا۔
رپورٹس کے مطابق ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزر رہا تھا کہ اسے پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا، جس کے بعد جہاز پر آگ لگنے کی بھی اطلاعات سامنے آئیں۔ برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) نے واقعے کی اطلاع دیتے ہوئے پروجیکٹائل کی نوعیت اور اس کے ماخذ کو نامعلوم قرار دیا۔
بھارتی سفارتخانے نے ریسکیو آپریشن میں تعاون پر عمانی حکام کا شکریہ ادا کیا۔ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خطے میں کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی بحری جہازوں کی سکیورٹی پر تشویش بڑھ رہی ہے۔

