فرانس میں تعلیمی نظام اور اسکولوں کی ابتر صورتحال کے خلاف طلبہ کا احتجاج ملک بھر میں پھیل گیا ہے۔ مظاہرین اساتذہ اور معاون عملے کی کمی، کلاس رومز میں زیادہ تعداد، ناکافی وسائل، خستہ حال اسکول عمارتوں اور طویل تعلیمی اوقات کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق احتجاج کے دوران اسٹراسبرگ، مارسیلے، رین اور پیرس سمیت مختلف شہروں میں طلبہ اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ بعض مقامات پر مظاہرین نے رکاوٹیں کھڑی کیں، اشیا کو آگ لگائی اور پولیس پر پٹاخے یا دیگر اشیا پھینکیں، جس کے جواب میں پولیس نے آنسو گیس استعمال کی۔
فرانسیسی وزارتِ تعلیم کے مطابق سینکڑوں اسکول احتجاج یا رکاوٹوں سے متاثر ہوئے جبکہ تقریباً 400 اسکول بند رہے۔ طلبہ کا مطالبہ ہے کہ تعلیمی اداروں میں مزید وسائل فراہم کیے جائیں، اساتذہ کی خالی آسامیوں کو پُر کیا جائے اور تعلیمی ماحول بہتر بنایا جائے

