اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا ہے کہ رجسٹرڈ ڈاکٹر اپنے مریض کو دوا تجویز کرنے کے ساتھ اسے فراہم بھی کرسکتا ہے، تاہم وہ ڈرگز ایکٹ 1976 کے تحت مطلوبہ لائسنس کے بغیر میڈیکل سٹور یا ریٹیل ڈرگ آئوٹ لیٹ نہیں چلا سکتا۔وفاقی آئینی عدالت نے یہ فیصلہ پشاور ہائیکورٹ کے ڈی آئی خان بینچ کا 5 جون 2023 کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے جاری کیا۔ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں رجسٹرڈ میڈیکل پریکٹیشنرز کے خلاف میڈیکل سٹورز اور ڈسپنسریاں چلانے کے الزام میں کی جانے والی ضابطہ کار کارروائی روک دی تھی۔چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل وفاقی آئینی عدالت کے 2 رکنی بینچ نے خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کے سیکرٹری کی جانب سے دائر اپیل پر فیصلہ سنایا۔مقدمے کے فریقین میں ڈاکٹر محمد رضوان راجپوت سمیت بعض رجسٹرڈ ڈاکٹر شامل تھے، جن کے کلینیکل مراکز میں ڈسپنسریاں اور میڈیکل سٹورز قائم پائے گئے تھے۔
