پیرس(آئی این پی )فرانس کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی کی صدارتی امیدوار میرین لی پین
نے کہا ہے کہ فرانس کی موجودہ مالی صورتحال ایسی نہیں رہی کہ وہ یوکرین کو مزید مالی مدد فراہم کر سکے۔انہوں نے فرانس کے بجٹ خسارے اور کمزور معاشی نمو کو اس فیصلے کی بنیادی وجہ قرار دیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اپنے بیان میں لی پین نے کہا کہ اگر وہ 2027 کے صدارتی انتخابات میں کامیاب ہوئیں تو ان کی حکومت یوکرین کی مالی امداد ختم کرے گی۔ ان کا کہناتھا کہ انتخاب کے بعد ابتدائی چھ ماہ تک موجودہ امداد برقرار رکھی جا سکتی ہے تاکہ یوکرین کو اچانک مشکلات کا سامنا نہ ہو، لیکن اس کے بعد مالی معاونت روک دی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ فرانس پہلے ہی یوکرین کیلئے بہت بڑی مالی ذمہ داری قبول کر چکا ہے۔ انہوں نے یورپی یونین کے 90 ارب یورو کے قرض پیکیج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں فرانس کا حصہ تقریبا 18 ارب یورو بنتا ہے، جو ان کے بقول فرانس کے لئے بہت بڑی رقم ہے۔ان کا موقف ہے کہ فرانس محدود فوجی و آپریشنل تعاون جاری رکھ سکتا ہے، لیکن بڑے پیمانے پر مالی امداد اب برداشت نہیں کی جا سکتی۔
فرانس اب یوکرین کی مالی معاونت نہیں کر سکتا:میرین لی پین

