بھارہ کہو (نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نواحی شہر بھارہ کہو میں سی ڈی اے کی طرف سے ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن، مری روڈ پر تعمیر شدہ بڑی بڑی بلڈنگز کو مسمار کرنے کی کارروائی جاری، بلڈنگز کو گرانے کے لیے ہیوی مشینری استعمال۔ عوام میں سی ڈی اے کے اس اقدام پر ملے جلے رجحانات پائے جاتے ہیں۔ پلازوں میں موجود دکانداروں اور دیگر کاروباری اشخاص نے اس عمل پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کاروبار کو تباہ کرکے ہمیں اور ہمارے خاندانوں کو بے روزگار کر دیا گیا، اس مہنگائی اور بے روزگاری کے دور میں ہم کہاں جائیں گے۔ جبکہ دوسری جانب عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے کی جانب سے تجاوزات اور غیر قانونی قبضہ جات کے خلاف اقدام قابلِ تعریف ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب یہ تجاوزات عمل میں لائی گئیں تو اس دور کے سی ڈی اے کے ملازمین اور افسران، اور محکمہ مال کے عملے سے بھی سرکاری سطح پر بازپرس ہونی چاہیے تاکہ آئندہ قبضہ مافیا اور سرکاری ملازمین ان غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات سے باز رہیں۔
