راولپنڈی(سٹی رپورٹر)تھانہ روات راولپنڈی میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کرتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر تین اہم مقدمات درج کر لیے۔تفصیلات کے مطابق روات پولیس نے پہلی کارروائی کے دوران قحبہ خانے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پنجاب انفارمیشن آف ٹیمپریری ریزیڈنٹس ایکٹ 2015 کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔ دوسری کارروائی میں جوئے کے اڈے پر چھاپہ مار کر پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ جوئے میں استعمال ہونے والا سامان اور نقدی بھی قبضے میں لی گئی۔اسی طرح پولیس نے غیر قانونی طور پر پٹرول فروخت کرنے اور شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے کے معاملے پر بھی کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔یہ تمام کارروائیاں ایس ایچ او روات کی نگرانی میں عمل میں لائی گئیں۔ روات پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں جرائم کے خاتمے، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
