All posts by Daily Khabrain

بین الاقوامی شہرت یافتہ نصرت فتح علی کا 68 واں یومِ پیدائش

لاہور(شوبز ڈیسک) فن قوالی کو پوری دنیا میں متعارف کرانے والے عظیم قوال استاد نصرت فتح علی خان کا 68 واں یوم پیدائش گزشتہ روز منایاگیا۔موسیقی کی دنیا کے عظیم نام استاد نصرت فتح علی خان کی آواز سرحدوں کی قید سے آزاد تھی۔تیرہ اکتوبر 1948 کو فیصل آباد میں پیدا ہونے والے اس فنکار نے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ٹائم میگزین نے 2006 میں ایشین ہیروز کی فہرست میں ان کا نام بھی شامل کیا، بطور قوال اپنے کریئر کے آغاز میں اس فنکار کو کئی بین الاقوامی اعزازات سے بھی نوازا گیا۔آپ کے والد کا نام فتح خان تھا وہ خود بھی نامور گلوکار، سازندے اور قوال تھے۔نصرت فتح علی خان کی قوالیوں کے پچیس البم ریلیز ہوئے جن کی شہرت نے انہیں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں جگہ دلوائی، ابتدا میں حق علی علی اور دم مست قلندر وہ کلام تھے جنہوں نے انہیں شناخت عطا کی۔ان کے مقبول نغموں میں اکھیاں اڈیک دیاں، یار نا وچھڑے، میرا پیا گھر آیاسمیت متعدد شامل ہیں۔نصرت فتح علی خان کی ایک حمدوہ ہی خدا ہے کو بھی بہت پذیرائی ملی جبکہ ایک ملی نغمے ‘میری پہچان پاکستان’ اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لئے گایا گیا گیت ‘جانے کب ہوں گے کم اس دنیا کے غم’ آج بھی لوگوں کے دلوں میں بسے ہیں۔نصرت فتح علی خان کو ہندوستان میں بھی بے انتہا مقبولیت اور پذیرائی ملی جہاں انہوں نے جاوید اختر، لتا مینگیشکر، آشا بھوسلے اور اے آر رحمان جیسے فنکاروں کے ساتھ کام کیا۔استاد نصرت فتح علی خان نے جس طرح اپنے فن کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچا دیا اس طرح فن موسیقی میں پاکستان کو پوری دنیا میں متعارف کرانے کا کریڈٹ صرف اور صرف استاد نصرت فتح علی خان کو جاتا ہے۔انہوں نے ڈیڈ مین واکنگ، بینڈٹ کوئین، دی لاسٹ ٹیم پٹیشن آف کرائسٹ اور نیچرل بورن کلرز جیسی بین الاقوامی فلموں کیلئے میوزک، گیت، سانڈ ٹریکس اور الاپ وغیرہ بھی گائے اور بنائے۔ان کی فنی خدمات کے صلے میں انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نواز اگیا، وہ بیک وقت موسیقار بھی تھے اور گلوکار بھی، 1995 میں انہیں یونیسکو میوزک ایوارڈ دیا گیا جبکہ 1997 میں انہیں گریمی ایوارڈز کیلئے نامزد کیا گیا۔سولہ اگست 1997 میں ان کی وفات دنیائے موسیقی کے لئے کسی سانحہ سے کم نہ تھی وہ گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ان کی عمر 48 سال تھی اور اپنی وفات کے وقت وہ اپنے کریئر کے عروج پر تھے، کئی بین الاقوامی فنکار اسے اپنی خوش قسمتی قرار دیتے ہیں کہ انہوں نے نصرت فتح علی خان کے ساتھ کام کیا۔نصرت فتح علی خان کے بھتیجے و شاگرد استاد راحت فتح علی خان آج بھی ان کا نام زندہ و تابندہ رکھے ہوئے ہیں۔

بابر اعظم کا ایک اور ریکارڈ …. لمبی چھلانگ

دبئی (اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں آسٹریلوی ٹیم جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں 5-0 سے وائٹ واش کے باوجود پہلے نمبر پر براجمان ہے، جنوبی افریقہ دوسرے نمبر پر موجود ہے، بلے بازوں میں اے بی ڈی ویلیئرز سرفہرست ہیں، ڈیوڈ وارنر 9 درجے ترقی پا کر کیریئر بہترین تیسرے نمبر پر آ گئے، ڈی کوک 5 درجے بہتری کے ساتھ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے، پاکستان کے بابراعظم 57 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 15ویں نمبر پر آ گئے، ریلی روسو 30 درجے ترقی کے ساتھ 32ویں نمبر پر پہنچ گئے، باﺅلرز میں ٹرینٹ بولٹ نے سنیل نارائن سے پہلی پوزیشن چھین لی۔ آل راﺅنڈرز میں شکیب کا پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے۔ جمعرات کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں آسٹریلوی ٹیم کے ریٹنگ پوائنٹس میں کمی ہوئی ہے تاہم وہ 119 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جنوبی افریقہ دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے، بھارت چوتھے، انگلینڈ پانچویں، سری لنکا چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، پاکستان آٹھویں اور ویسٹ انڈیز نویں نمبر پر ہے، بلے بازوں میں ڈی ویلیئرز پہلے اور کوہلی دوسرے نمبر پر برقرار ہیں، ڈیوڈ وارنر جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں 386 رنز بنا کر 9 درجے ترقی پا کر کیریئر بہترین تیسرے نمبر پر آ گئے، ڈی کوک کینگروز کے خلاف سیریز میں 300 سے زائد رنز بنا کر 5 درجے بہتری پا کر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے، پاکستان کے بابراعظم ویسٹ انڈیز کے خلاف مسلسل تین سنچریاں بنا کر 57 درجے ترقی پاتے ہوئے 15ویں نمبر پر پہنچ گئے، دوسری جانب نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ دنیا کے نمبر ایک باﺅلر بن گئے، سنیل نارائن تنزلی کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلے گئے۔، عمران طاہر ترقی پاتے ہوئے تیسرے، عادل رشید ساتویں، مشرفی نویں اور محمدنبی دسویں نمبر پر پہنچ گئے۔ شکیب الحسن دنیا کے نمبر ایک آل راﺅنڈر برقرار ہیں۔

مصباح الیون کو دوسری پوزیشن بچانے کاچیلنج درپیش

دبئی (آئی این پی) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین ٹیسٹ سیریز میں گرین شرٹس کے پاس پانے کیلئے کچھ نہیں ہے جبکہ وہ گنوابہت کچھ سکتی ہے۔بھارتی ٹیم ساتویں درجے کی کیوی ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی ہوم سیریز جیتنے پر پانچ پوائنٹس حاصل کرکے 115پوائنٹس کے ساتھ عالمی نمبرون بن چکی ہے۔ پاکستانی ٹیم کیلئے یہ نظام یکسر مختلف عمل ظاہر کررہاہے جو اگر نیوزی لینڈ سے محض ایک درجہ نیچے موجود ویسٹ انڈین ٹیم کے خلاف کلین سوئپ بھی کردے تو اسے صرف ایک پوائنٹ ملے گا۔ آئی سی سی کے رینکنگ پیشگوئی نظام کے تحت پاکستان ٹیم اگرکیربین سائیڈکو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک،صفر سے بھی ہرادیتی ہے تب بھی اس کاایک پوائنٹ کم ہوجائے گاجبکہ سیریز ڈراکرنے کی صورت میں پاکستان کے پانچ پوائنٹس کم جائیں گے جس کے تحت وہ ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھے نمبرپر چلی جائیگی۔پاکستان کو اپنے110 پوائنٹس برقرار رکھنے کیلئے ہر صورت میں نیوٹرل مقام پرکھیلی جانیوالی سیریزدو،صفر سے جیتنا ہوگی جس کا واضح مطلب یہ ہے کہ پاکستان کے پاس ویسٹ انڈیزکے خلاف آنیوالی ہوم سیریز میں پانے کیلئے کچھ نہیں ہے جبکہ وہ گنوابہت کچھ سکتی ہے۔

صادق محمدکوٹیسٹ میں ٹیم سے وائٹ واش کی امید

لاہور(اے پی پی ) سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کی طرح ٹیسٹ سیریز میں بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف کلین سوئپ کرے گی اور بھارت سے مستقبل قریب میں آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن دوبارہ حاصل کرلے گی۔ جمعرات کو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم متواز ن ہے ۔ باﺅلرز اور بلے باز بھرپور فارم میں ہیں اور بابر اعظم کی شمولیت سے ٹیم مزید مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ کو چار دن میں ختم کرکے فتح حاصل کرےگی اور مجھے پوری امید ہے کہ ٹیم ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کی طرح ٹیسٹ میں بھی کلین سوئپ کرے گی۔ صادق محمد نے کہاکہ بھارت کی طرف سے پاکستان کے ساتھ کرکٹ میچز نہ کھیلنے کے دیئے گئے بیان کو پوری دنیا کے کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے پسند کی نظر سے نہیں دیکھا۔ کھیلوں میں سیاست کو نہیں لانا چاہئے۔ بھارت اگر پاکستان کے ساتھ نہیں کھیلنا چاہتا تو نہ کھیلے پاکستان کو بھی اس کی پرواہ نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ جاوید میانداد اور شاہد آفریدی کے مابین تنازعہ افسوسناک ہے۔ جاوید میاندار ایک لیجنڈ کھلاڑی ہیں اور انہو ں نے شاہد آفریدی کو معاف کرکے بڑے پن کا ثبوت دیا ہے۔ دونوں کھلاڑی اب اس معاملے کو رفع دفع کردیں کیونکہ ان کی بیان بازی سے دنیا میں پاکستان کی پوزیشن خراب ہورہی ہے ۔

”پروفیسر“ سکواڈمیں دوبارہ واپسی کےلئے پرعزم

فیصل آباد ( آئی این پی)پا کستان کر کٹ ٹیم کے ما یہ ناز آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ پا کستان کرکٹ ٹیم بہتر کار کردگی کا مظا ہرہ کر رہی ہے ٹیسٹ سیر یز میں بھی ویسٹ انڈیز کو ٹف ٹا ئم دی گی جب تک پا کستان کر کٹ ٹیم کو میری ضرورت ہو گی میں قومی ٹیم کے لیے کھیلتا رہوںگا بھر پور محنت کر کے دوبارہ ٹیم میں اپنی جگہ بنا ﺅنگا محنت پر ہی یقین رکھتا ہوں وہ گز شتہ روز یہا ں میڈ یا سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ کسی بھی کھیلا ڑی پر اپ ڈا ﺅن آناکھیل کا حصہ ہے میں بھی ڈو میسٹک میںکار کر دگی دیکھا کر ٹیم کا حصہ بنونگا انہوں نے کہا کہ میں کر کٹ سے با عزت طریقے سے رخصت ہو نا چا ہتا ہوں عزت سے رخصت ہو نا ہر کھیلا ڑی کی خوا ہش ہو تی ہے پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں اپنا کھو یا ہوا مقام جلد دوبارہ حاصل کر لے گا ۔

دھونی کی اہلیہ ساکشی پر مبینہ فراڈ پر ایف آئی آر درج

ممبئی (آئی این پی) مہندرا سنگھ دھونی کی بیگم ساکشی دھونی کےخلاف کروڑوں روپے کے مبینہ فراڈ پر ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ایک بھارتی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ ایف آئی آر ڈینس اروڑا نامی شخص کی جانب سے ساکشی دھونی اور دیگر تین افراد کے خلاف درج کرائی ہے۔جس میں دعوی کیا گیاہے کہ ساکشی دھونی، ارون پانڈے، سبھا وتی پانڈے اور پریتیم پانڈے کی ایک مشترکہ کمپنی نے اس کے ایک جم اینڈ فٹنس سینٹر اسپورٹس فٹ ورلڈ کے حصص خریدے تھے ۔ان حصص کے گیارہ کروڑ روپے ساکشی دھونی اور دیگر تین افراد نے ڈینساروڑا کو ادا کرنے تھے تاہم انہوں نے صرف 2.25 کروڑ روپے ہی دیئے۔رقم کی ادائیگی نہ کرنے پر ڈینس اروڑا نے پولیس سے رجوع کرکے گرو گرام پولیس اسٹیشن میں ان چاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔دوسری جانب ساکشی دھونی گزشتہ سال اس کمپنی سے الگ ہوچکی ہیں۔اس لئے ان پرایف آئی آر کی وقعت کم دکھائی دیتی ہے لیکن بہرحال پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے، جبکہ ساکشی دھونی نے اس حوالے سے اپنا موقف اب تک بیان نہیں کیا ہے۔

ویسٹ انڈیز سے تاریخی نائٹ ٹیسٹ ، پاکستان کے 400 میچز مکمل

اسلام آباد (نیوزایجنسیاں) پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ میچز کی چوتھی سنچری مکمل کر لی، گرین شرٹس چارسو ٹیسٹ کھیلنے والی دنیا کی ساتویں ٹیم بن گئی، گرین شرٹس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف شروع ہونے والے تاریخی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں شرکت کے ساتھ ہی یہ اعزاز حاصل کیا۔ اس سے قبل آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز بھی یہ کارنامہ انجام دے چکی ہیں، ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ میچز کھیلنے کا عالمی اعزاز انگلینڈ کے پاس ہے جس نے 976 میچز کھیل رکھے ہیں، آسٹریلیا 791 میچز کے ساتھ دوسرے، ویسٹ انڈیز 517 میچز کے ساتھ تیسرے، بھارت 502 میچز کے ساتھ چوتھے، نیوزی لینڈ 415 میچز کے ساتھ پانچویں، جنوبی افریقہ 402 میچز کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستانی ٹیم نے پہلا ٹیسٹ بھی 1952ءمیں اکتوبر کے مہینے میں کھیلا تھا اور اب وہ چارسواں ٹیسٹ بھی اکتوبر میں کھیل رہی ہے، گرین شرٹس نے 399 میچز میں 129 فتوحات حاصل کیں، 113 ہارے جبکہ 158 ڈرا ہوئے۔ پاکستانی ٹیم نےپہلا ٹیسٹ1952ءمیں دہلی میں بھارت کیخلاف کھیلا۔ قومی ٹیم کوپہلی جیت بھی روایتی حریف کیخلاف لکھنو میں ملی۔نذرمحمد ٹیسٹ کی پہلی گیند کھیلنے اورپہلے سنچری بنانے والے پاکستانی بنے۔ دوسری جانب قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کوثابت کرنا ہوگا کہ پاکستان ٹیسٹ میں دنیا کی ٹاپ ٹیم ہے، پاکستان کے 400 ویں ٹیسٹ کی کپتانی کرنا اعزاز ہے، پنک بال اور ڈے اینڈ نائٹ کو بھول کر صرف پرفارم کریں گے، ٹیم کی رینکنگ کچھ بھی ہو، کارکردگی اہمیت رکھتی ہے۔ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز آسان حریف نہیں ہے لہذا کھلاڑیوں کوثابت کرنا ہوگا پاکستان ٹیسٹ میں دنیا کی ٹاپ ٹیم ہے جب کہ عمدہ پرفارمنس سے نہ صرف دبئی ٹیسٹ بلکہ سیریز جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنک بال اور ڈے اینڈ نائٹ کو بھول کر صرف پرفارم کریں گے جب کہ ٹیم کی رینکنگ کچھ بھی ہو، کارکردگی اہمیت رکھتی ہے۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ یونس خان کی غیرموجودگی میں بابراعظم اچھا انتخاب ہے اور بابراعظم کے ڈیبیو کا اس سے بہتروقت نہیں ہوسکتا جب کہ وہ بھرپور فارم میں ہیں، امید ہے وہ اچھا پر فارم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 400ویں ٹیسٹ کی کپتانی کرنا اعزاز ہے۔

ڈے نائٹ ٹیسٹ میں پاکستان نے پہلے دن کے اختتام پر 279 رنز بنا لیے

دبئی(ویب ڈیسک) پاکستان نے سیریز کے پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک وکٹ کے نقصان پر 279 رنز بنا لیے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم نے پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور دن کے اختتام پر مخالف ٹیم کیخلاف ایک وکٹ کے نقصان پر 279 رنز بنائے۔پہلا ڈے اینڈ نائٹ پاکستان نے ٹاس جیت لیاپاکستان کے اوپنر بلے باز اظہر علی اور سمیع اسلم نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 215 رنز بنائے۔ سمیع اسلم 90 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، جبکہ اظہر علی 146 اور اسد شفیق 33 رنز بنا چکے ہیں۔اس سے قبل ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایڈیلیڈ میں پچھلے سال نومبر میں کھیلا گیا تھا جس میں کینگروز کو فتح نصیب ہوئی تھی۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو یونس خان کی خدمات حاصل نہیں۔ یونس خان علالت کے باعث نہیں کھیل سکتے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان اپنا چارسواں ٹیسٹ میچ کھیل رہا ہے۔

توہین رسالت کیس؛ سپریم کورٹ کے جج کی آسیہ بی بی کی درخواست کی سماعت سے معذرت

اسلام آباد (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے توہین رسالت کے جرم میں سزائے موت پانے والی ملزمہ آسیہ بی بی کی اپیل کی سماعت کی، سماعت کے آغازپربنچ میں شامل جسٹس اقبال حمیدالرحمان نے کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سلمان تاثیرسے متعلق کیس کی سماعت کی تھی اس لئے وہ آسیہ بی بی کی درخواست کی سماعت کرنے والے بنچ کا حصہ نہیں بن سکتے۔بنچ نے کیس واپس چیف جسٹس آف پاکستان کو بھجواتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ جسٹس اقبال حمید الرحمان سلمان تاثیرقتل کیس کی سماعت کر چکے ہیں، چیف جسٹس پاکستان کیس کی سماعت کے لیے نیا بنچ تشکیل دیں گے۔ آئندہ ایسے بینچ میں کیس مقرر کیا جائے گا جس میں جسٹس اقبال حمید الرحمان نہ ہوں، کیس کی سماعت کے لیے نئی تاریخ کا تعین بھی بنچ کی تشکیل کے بعد ہوگا۔ آسیہ بی بی کو توہین رسالت کے الزام میں 2010 میں لاہور کی ماتحت عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔ لاہور ہائی کورٹ نے بھی آسیہ بی بی کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج کر دی تھی، جس کے بعد ملزمہ نے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کی تھی، سپریم کورٹ نے 22جولائی 2015 کو آسیہ بی بی کی اپیل ابتدائی سماعت کے لئے منظور کی تھی۔

دہلی میں طلبہ نے مودی کا پتلا جلادیا

دہلی (وییب ڈیسک) دہلی کی باغی جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے طالب علموں نے مودی اور آر ایس ایس کے ارکان کو راون سے تشبیہ دے دی، طالب علموں نے مودی اور دیگر رہنماﺅں کی تصویر والا پتلا نذر آتش کردیا۔جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کی نیشنل اسٹوڈنٹ یونین نے دو روز قبل مذہبی تہوار دسہرا کے موقع پر مودی اور دیگر رہنماﺅں کا پتلا جلایا جس میں بی جے پی کے سربراہ امیت شاہ اور جے این یو کے وائس چانسلر بھی شامل تھے۔طالب علموں کے مطابق مودی اور آر ایس ایس ان کے نزدیک جھوٹ کی علامت ہیں اس لئے ان کے پتلے جلائے گئے جس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے واقعے کی تفتیش کا آغاز کردیا۔