Tag Archives: misbah-eleven

دوسرے ٹیسٹ کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان

لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کیلئے ٹیم کا اعلان کر دیا ،ٹیم کا انتخاب قومی سلیکشن کمیٹی، ہیڈ کوچ اور کپتان کی مشاورت سے کیا گیا، یونس خان کو پندرہویں کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ طبیعت ناساز ہونے کے باعث یونس خان کو پہلے ٹیسٹ کیلئے آرام دیا گیا تھا ۔پہلے ٹیسٹ کیلئے منتخب 14 رکنی اسکواڈ کو برقرار رکھتے ہوئے یونس خان کو بھی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے،یونس خان ڈینگی بخار کی وجہ سے پہلے ٹیسٹ سے دستبردار ہو گئے تھے ۔ٹیم مصباح الحق ، سمیع اسلم ، اظہر علی ، یونس خان ، اسد شفیق ، بابر اعظم ، سرفراز احمد ، محمد نواز، یاسر شاہ ، ذوالفقار بابر ، محمد عامر، وہاب ریاض ، سہیل خان ، عمران خان اورراحت علی پر مشتمل ہے۔پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس اسی بیماری کے سبب وہ قائد اعظم ٹرافی کے پہلے راﺅنڈ میں بھی شرکت نہیں کر پائے تھے۔دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستانی اسکواڈ میں اور کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور بقیہ تمام کھلاڑیوں کو برقرار رکھا گیا ہے اس سے قبل چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ٹیسٹ سیریز کیلئے 14 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا تھا ۔ یونس کی شمولیت کے بعد پاکستان کی 15 رکنی ٹیم مکمل ہو گئی ہے ۔ سٹار مڈل آرڈر بلے باز گزشتہ روز ہی دوبئی میں ٹیم کو جوائن کرچکے ہیں ۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کا دوسرا ٹیسٹ میچ21اکتوبر سے ابوظہبی میں شروع ہو گاجبکہ تیسرا ٹیسٹ میچ شارجہ میں 30 اکتوبر سے 3 نومبر کے دوران کھیلا جائے گا۔

مصباح الیون کو دوسری پوزیشن بچانے کاچیلنج درپیش

دبئی (آئی این پی) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین ٹیسٹ سیریز میں گرین شرٹس کے پاس پانے کیلئے کچھ نہیں ہے جبکہ وہ گنوابہت کچھ سکتی ہے۔بھارتی ٹیم ساتویں درجے کی کیوی ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی ہوم سیریز جیتنے پر پانچ پوائنٹس حاصل کرکے 115پوائنٹس کے ساتھ عالمی نمبرون بن چکی ہے۔ پاکستانی ٹیم کیلئے یہ نظام یکسر مختلف عمل ظاہر کررہاہے جو اگر نیوزی لینڈ سے محض ایک درجہ نیچے موجود ویسٹ انڈین ٹیم کے خلاف کلین سوئپ بھی کردے تو اسے صرف ایک پوائنٹ ملے گا۔ آئی سی سی کے رینکنگ پیشگوئی نظام کے تحت پاکستان ٹیم اگرکیربین سائیڈکو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک،صفر سے بھی ہرادیتی ہے تب بھی اس کاایک پوائنٹ کم ہوجائے گاجبکہ سیریز ڈراکرنے کی صورت میں پاکستان کے پانچ پوائنٹس کم جائیں گے جس کے تحت وہ ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھے نمبرپر چلی جائیگی۔پاکستان کو اپنے110 پوائنٹس برقرار رکھنے کیلئے ہر صورت میں نیوٹرل مقام پرکھیلی جانیوالی سیریزدو،صفر سے جیتنا ہوگی جس کا واضح مطلب یہ ہے کہ پاکستان کے پاس ویسٹ انڈیزکے خلاف آنیوالی ہوم سیریز میں پانے کیلئے کچھ نہیں ہے جبکہ وہ گنوابہت کچھ سکتی ہے۔