All posts by Khabrain News

اسلام آباد پولیس کے اہلکار شہریوں سے بھتا لینے میں ملوث نکلے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی پولیس کے اہلکار شہریوں کو حبس بیجا میں رکھ کر بھتا لینے میں ملوث نکلے۔
شہری کی طرف سے پولیس اہلکاروں کی طرف سے حبس بے جا میں رکھنے اور رقم لینے پر آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس کا سخت نوٹس لے لیا۔ چاروں پولیس اہلکاروں کے خلاف تھانہ ترنول میں مقدمہ درج کر لیا جبکہ ایک اہلکار گرفتار کر لیا گیا۔
شہریوں نےآئی جی اسلام آباد کی کھلی کچہری میں پیش ہو کر درخواست دی تھی۔ شہری عرفان اللہ نے درخواست دی کہ وہ 13 دسمبر 2021ء کو اپنے دوستوں کے ہمراہ پشاور سے مری جا رہے تھے، سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب 4 پولیس اہلکاروں نے انہیں روکا گیا اور وردی میں ملبوس پولیس اہلکار ان کو سیکٹر جی 15 فلیٹ پرلے گیے اور 10 لاکھ روپے لے کر چھوڑا۔ 3 روپوش اہلکاروں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

نظرثانی شدہ 5.37 فیصد شرح نمو 14 سال کی دوسری بہترین شرح نمو ہے: شوکت ترین

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شوکت ترین نے کہا ہے کہ نظرثانی شدہ 5.37 فیصد شرح نمو گزشتہ 14 سال کی دوسری بہترین شرح نمو ہے۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل تیسری مرتبہ پاکستان اکانومسٹ کے نارمل انڈیکس میں پہلی 3 پوزیشنز میں رہا، کسی اور ملک نے یہ اعزاز حاصل نہیں کیا، گزشتہ مالی سال کی نظرثانی شدہ 5.37 فیصد شرح نمو اس کی عکاس ہے، معاشی اصلاحات، پالیسی اقدامات سے معیشت پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ بلوم برگ نے بھی تسلیم کیا کہ پاکستان 10 سالہ پائیدار ترقی کے دور میں داخل ہوگیا، اگلے 10 سال میں روز گار بڑھے گا اور انسانی ترقی میں بہتری آئے گی۔

کراچی میں تیز ہواؤں کے باوجود جماعت اسلامی کا دھرنا جاری

کراچی: (ویب ڈیسک) کالے بلدیاتی قانون کے خلاف سندھ اسمبلی کے باہر تیز ہواؤں اور گرد وغبار کے طوفان کے باوجود دھرنا بائیسویں روز بھی جاری رہا،شرکا انتہائی خراب موسم کے باوجود بھی نظم و ضبط اور استقامت کامظاہرہ کرتے ہوئے اسمبلی کے سامنے ڈٹے رہے۔ امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے دھرنے کے شرکا ،پاکستان اسٹیل لیبر یونین (پاسلو)سمیت مختلف وفود اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم بامقصد اور سنجیدہ مذاکرات چاہتے ہیں،حالات اور موسم کیسے ہی ہوں ہم تھکیں گے نہ جھکیں گے، جماعت اسلامی اتوار23جنوری کو ایک بڑا جلسہ عام کرے گی جس سے امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے، پیپلزپارٹی بلدیاتی اختیارات کو باربار آمر مشرف کا نظام کہتی ہے. انہوں نے کہا کہ ہمارا مشورہ ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو اور تمام صوبائی وزرا پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے 1972میں دیے گئے بلدیاتی اختیارات کامطالعہ کریں اور2001کے نہ سہی 1972کے بلدیاتی اختیارات ہی دے دیں تو ہم سمجھیں گے کہ آپ نے اپنی پارٹی کے بانی سے وفا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سعید غنی خاصخیلی کو بتانا چاہتے ہیں کہ 1972 کے بلدیاتی قانون میں بھی فنکشن آف پلاننگ،ڈیولپمنٹ اینڈ ٹاؤن ایمپروومنٹ،ماسٹر پلان ٹاؤن پلاننگ کنٹرول،ڈیولپمنٹ کنٹرول،بلڈنگ ریگولیشن،لائسنس آف آرکیٹیکٹ اینڈ ٹاؤن پلانرز،لینڈ ڈیولپمنٹ تمام تر قیاتی اسکیمیں اور پبلک ہاؤسنگ کے محکمے سب کے ایم سی کے پاس تھے۔ دھرنے میں پاکستان اسٹیل لیبر یونین (پاسلو)کے صدر عاصم بھٹی،جنرل سکریٹری علی حیدر گبول کی قیادت میں وفد،جامع منصورہ سندھ ہالہ کے صدر مدرس محمد احسن بھٹو کی ہدایت پر اساتذہ کے وفد،امیرجماعت اسلامی پنوعاقل سٹی عبد الکریم نے دھرے میں شرکت کی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

ٹنڈوالہیار میں ایم کیو ایم کارکن کے قتل کے سوگ میں کاروبار بند

سندھ: (ویب ڈیسک) سندھ کے شہر ٹنڈوالہیار میں ایم کیو ایم پاکستان کے کارکن خلیل عرف بھولو خانزادہ کے قتل کے سوگ میں کاروبار مکمل بند رہا۔ شہر کے چھوٹے بڑے تمام کاروباری مراکز بند ہیں اور ٹریفک کی آمدورفت بھی معطل ہے۔ پولیس نے مددگار دفتر کے سامنے کار اور موٹر سائیکل نذر آتش کرنے کے دو الگ لگ مقدمات تھانہ اے سیکشن میں درج کرلیے ہیں۔ ایک مقدمہ سرکاری مدعیت جبکہ دوسرا مددگار 15 اہلکار کی مدعیت میں کار نذرآتش کرنے کا درج کیا گیا، جن میں 10 سے زائد افراد کو نامزد کیا گیا جبکہ 30 نامعلوم افراد شامل ہیں۔ مقدمات میں ہنگامہ آرائی، توڑپھوڑ، خوف وہراس پھیلانے کی دفعات لگائی گئی ہیں۔ ایم کیوایم پاکستان کے کارکن خلیل الرحمان خانزادہ کے قتل پر شہر میں کشیدگی برقرار ہے۔ پولیس نے نامزدملزمان کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن کیا جس کے دوران گرفتارکیے گئے افراد کی رہائی کے لیے خواتین نے احتجاج کیا جس کے جواب میں پولیس نے خواتین اورمردوں پرلاٹھی چارج کیا۔ خواتین نے پولیس کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور لاٹھی چارج کے بعدکشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا۔

عالمی برادری افغانوں کو فوری امداد فراہم کرے، وزیر اعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ افغانوں کو فوری امداد فراہم کرے۔
وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ افغانوں کو فوری امداد فراہم کرے۔ عالمی برادری اقوام متحدہ کے تحفظ کی ذمہ داری کے متفقہ اصول پر عمل کرے۔

آئرلینڈ میں 2 سال بعد کورونا پابندیاں ختم

ڈبلن: (ویب ڈیسک) آئر لینڈ میں دو سال بعد کورونا کی تمام پابندیاں ختم کر دی گئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ ہفتے تک آئر لینڈ یورپ میں کورونا مثبت کیسز کی بلند ترین شرح والا ملک تھا لیکن اب کورونا کیسز میں کمی کے بعد آئر لینڈ میں کورونا کی لگائی گئی پابندیوں کو ختم کر دیا گیا۔
آئر لینڈ میں کورونا سے بچاؤ کے لیے اضافی ویکسی نیشن کی کامیاب مہم کے بعد وبا کو مکمل کنٹرول کر لیا گیا۔ جس کی وجہ سے ملک میں کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد میں تیزی سی کمی آئی ہے۔
کورونا وائرس کے دوران آئر لینڈ یورپ کے ان چند محتاط ترین ممالک میں شامل تھا جس نے اندرون اور بیرون ملک طویل ترین سفری پابندیاں لگائیں لیکن اب تمام تر صورتحال کے بعد آئر لینڈ نے 2 سال سے لگی تقریباً تمام پابندیاں اٹھالی ہیں۔
آئر لینڈ کے وزیر اعظم مائیکل مارٹن نے ملک میں پابندیاں اٹھانے کا اعلان ٹی وی پر اپنے خطاب کے دوران کیا۔
مائیکل مارٹن نے کہا کہ ہم نے اومیکرون کے طوفان کا مقابلہ کیا ہے اور میں نے کورونا وبا کے دوران اپنے ملک کے عوام سے بہت برے وقت میں بات کی ہے لیکن اب اچھا وقت آگیا ہے۔
آئر لینڈ کے وزیر اعظم کے مطابق اب ملک بھر میں بارز اور ہوٹل رات 8 بجے کے بعد بھی کھلے رہیں گے، عوامی مقامات پر جانے والوں سے کورونا ویکسی نیشن کا ثبوت نہیں مانگا جائے گا۔

مظفرآباد میں نوسدہ کے مقام پر نایاب تیندوا زخمی، محکمہ جنگلات کے اہلکار ابھی تک پہنچ نہ سکے

مظفر آباد: (ویب ڈیسک) آزاد کشمیر میں نایاب تیندوا زخمی حالت میں دریائے نیلم کے کنارے پر پڑا ملا، تیندوے کو شاہراہ نیلم سے گزرنے والی گاڑی نے ٹکر مار کر زخمی کر دیا۔
دار الحکومت مظفرآباد سے بیس کلو میٹر دور دریائے نیلم کے کنارے راہگیروں نے زخمی تندوا دیکھا۔ مقامی لوگوں نے جب تندوے کے قریب جانے کی کوشش کی تو وہ چلانے لگا۔ تیندوا دریا کنارے پھتروں اور پانی کے درمیان بیٹھا ہے اور حرکت کرنے سے معذور ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ تیندوے کو شاہراہ نیلم پر رات کے وقت کسی گاڑی نے ٹکر مار کر زخمی کر دیا، تیندوا شدید زخمی ہے، وہ چل نہیں سکتا۔ ادھر محکمہ جنگلی حیات کے اہلکار تنیدوے کو بچانے اور اسے طبی امداد دینے کے لئے تاحال نہ پہنچ سکے۔ مقامی لوگ زخمی تیندوے سے فاصلہ رکھ کر سیلفیاں اور ویڈیوز بنانے میں مصروف ہیں۔
خیال رہے آزاد کشمیر میں تیندوے اکثر خوراک کی تلاش میں انسانی آبادیوں کا رخ کرتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زخمی تیندوے کی قسم نایاب ہے، انسانی آبادیوں کا جنگلات کے قریب جانے سے جنگلی جانور بالخصوص تیندوے آبادیوں میں خوراک کے لئے گھستے ہیں اور اکثر اوقات حادثات کے شکار ہو جاتے ہیں۔

اسلام آباد ائیرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے 111 منشیات کے کیپسولز برآمد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے ایئرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے 111 منشیات سے بھرے کیپسول برآمد کرلئے۔ اسلام آباد ائیرپورٹ پر اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے ایک مسافر کے پیٹ سے 111 منشیات کے کیپسولز برآمد کرلئے، ملزم کی شناخت محمد حنیف کے نام سے ہوئی اور اس کا تعلق پنجاب کے شہر گجرات سے ہے۔ اے این ایف حکام کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی تھی، ملزم حنیف پرواز نمبر QR-633 سے دوحہ کے لئے روانہ ہو رہا تھا، ملزم نے دورانِ تفتیش اپنے پیٹ میں منشیات بھرے کیپسولز کی موجودگی کا اعتراف کیا، ملزم کو بینظیر اسپتال راولپنڈی منتقل کر کے کیپسولز کی برآمدگی کی گئی، برآمد شدہ کیپسولز سے لاکھوں روپے مالیت کی 840 گرام آئس برآمد ہوئی ہے، ملزم کو تھانے منتقل کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

مالی سال کی پہلی ششماہی، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 9 ارب ڈالر سے تجاوز

کراچی: (ویب ڈیسک) رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں جاری کھاتے کا خسارہ 9 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا جو کہ جی ڈی پی کے 5.7 فیصد کے برابر ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی تا دسمبر 2021ء میں جاری کھاتے کو 9 ارب 9 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں برآمدات میں اضافہ کی شرح 29 فیصد جبکہ درآمدات کی شرح نمو 56.9 فیصد رہی۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں برآمدات کی شرح نمو منفی 4.8 فیصد جبکہ درآمدات کی شرح نمو منفی 0.5فیصد رہی تھی۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں جاری کھاتے کا خسارہ ایک ارب 24کروڑ 70لاکھ ڈالر رہا تھا جو اس عرصہ کی جی ڈی پی کے ایک فیصد سے بھی کم تھا۔ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے مقابلے میں خسارہ 7 ارب 84 کروڑ ڈالر زائد رہا۔ جولائی تا ستمبر پہلی سہ ماہی میں جاری کھاتہ کا خسارہ 3 ارب 52 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھا۔ اکتوبر تا دسمبر دوسری سہ ماہی کا خسارہ 5ارب 56کروڑ60لاکھ ڈالر رہا۔ دسمبر 2021ء میں جاری کھاتے کو ایک ارب 93 کروڑ 20لاکھ ڈالر کا خسارہ ہوا۔ دسمبر 2020ء میں جاری کھاتے کا خسارہ 63 کروڑ ڈالر رہا تھا۔ بڑھتی ہوئی درآمدات جاری کھاتے کے خسارے کی بنیادی وجہ بنی۔ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران تجارتی خسارہ 21ارب 17کروڑ ڈالر رہا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں تجارت کو 11ارب 38کروڑ ڈالر کا خسارہ ہوا تھا۔ اشیاء و خدمات کی تجارتی کا مجموعی خسارہ 23ارب ڈالر رہا جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں اشیاء و خدمات کی تجارت کا مجموعی خسارہ 12ارب33کروڑ ڈالر رہا تھا۔

سرگودھا میں بااثر افراد نے مبینہ طور پر 3 سگی بہنیں اغوا کرلیں

سرگودھا: (ویب ڈیسک) نواحی چک 15 جنوبی میں بااثر افراد نے تین بہنوں کو اغوا کر لیا۔ نجی نیوزکے مطابق سرگودھا کے نواحی چک 15 جنوبی میں بااثر افراد نے تین بہنوں کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا، مغوی لڑکیوں کے ورثا کا کہنا ہے کہ 4 روز قبل تینوں بہنوں کے اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، اور اس میں ملزمان کو نامزد بھی کیا گیا ہے، لیکن پولیس کی جانب سے تاحال مغویوں کی بازیابی عمل میں نہ لائی جا سکی، جب کہ ملزمان نے پولیس کو بھی مغوی لڑکیاں واپس کرنے سے انکار کردیا ہے۔ دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اغوا ہونے والی تینوں بہنوں کے اغوا کا مقدمہ دو خواتین سمیت پانچ افراد کے خلاف تھانہ بھلوال صدر پولیس نے مقدمہ درج کیا ہے، لڑکیوں میں 12 سالہ شائستہ، 20 سالہ شازیہ اور 22 سالہ سجیلہ شامل ہے، تینوں بہنیں گزشتہ ماہ کی 28 تاریخ سے غائب ہیں،متاثرہ خاندان کی مدعیت میں پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور ملزمان کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔