All posts by Khabrain News

وزارت داخلہ نے صوبائی سیکیورٹی اداروں کو ممکنہ دہشت گردی سے خبردار کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرداخلہ شیخ رشید نے چاروں صوبوں کے سیکیورٹی اداروں کو ممکنہ دہشت گردی سے خبردار کیا ہے۔ نجی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے انار کلی بازار میں ہونے والے دھماکے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے چاروں صوبوں میں ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر سیکیورٹی اداروں کو چوکنا رہنے کے لئے خبردار کردیا ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید کی ہدایت پر صوبوں کو احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ وہ انارکلی بازار میں ہونے والی دہشتگردی کے تناظر میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کریں اور کسی بھی غیرمتوقع سیکیورٹی صورتحال کے لئے تیار رہیں۔

نیویارک میں فائرنگ، ایک پولیس اہلکار ہلاک،2 زخمی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی شہرنیویارک میں پولیس اہلکاروں پرفائرنگ کے واقعہ میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور2 زخمی ہوگئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک کے علاقے ہارلیم میں پولیس پرفائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکارہلاک اور2 اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس ٹیم گھریلو جھگڑے کی اطلاع ملنے پرپہنچی تھی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ میں ملزم مارا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنی والدہ کے پستول سے پولیس اہلکاروں پرفائرنگ کی۔ حملہ آور کی والدہ پولیس کے محکمے میں کام کرتی تھیں۔ فائرنگ کے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ممبئی کی رہائشی عمارت میں آگ لگ گئی،7 افراد ہلاک

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی شہرممبئی کی ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 7افراد ہلاک اور28 زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کی ایک 20 منزلہ رہائشی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے پورے فلورکواپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ عمارت کی 18 ویں منزل پرلگی۔ آگ سے 7 افراد ہلاک اور15 زخمی ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں موجود لوگوں کونکال لیا گیا ہے۔ آگ پرقابو پا لیا گیا ہے تاہم گہرے دھوئیں کی وجہ سے علاقے کے رہائشیوں کوسانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا ہے۔

سعودی عرب میں طلاق کی شرح فی گھنٹہ 7 ہوگئی

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں طلاق کی شرح میں گزشتہ 10 سالوں کے دوران تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں طلاق کی شرح فی گھنٹہ 7 طلاقیں ہوگئی ہے۔ طلاق کے رجحان میں اضافہ 2011 کے بعد سے ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2020 میں سعودی عرب میں 57 ہزار 595 طلاقیں رجسٹرڈ ہوئیں۔ یہ اعداد وشمار 2019 کے مقابلے میں 12 فیصد سے بھی زیادہ ہیں۔ سعودی عرب میں فی گھنٹہ 7 طلاقیں ہورہی ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں حکومتی سطح پر اورپبلک سیکٹرمیں خواتین کی عزت افرائی کے بعد خواتین زیادہ خومختار ہوگئی ہیں اوراپنے فیصلے اپنے مطابق کررہی ہیں۔

کیا چینیوں نے انگریزوں سے 700 سال پہلے انگریزی ایجاد کر لی تھی؟

بیجنگ: (ویب ڈیسک) ویب سائٹ ’دی انیئن‘ (The Onion) نے اپنی ایک ’خبر‘ میں قدیم دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے ’دعویٰ‘ کیا ہے کہ چینیوں نے انگریزوں سے بھی 700 سال پہلے انگریزی زبان (رسم الخط سمیت) نہ صرف ایجاد کرلی تھی بلکہ اس کا استعمال بھی شروع کردیا تھا۔ اسی خبر میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حال ہی میں دریافت ہونے والی ان قدیم دستاویزات میں انگریزی تحریر کے کچھ نمونے ایسے بھی ہیں جن کا معیار شیکسپیئر کی شاعری سے بھی ’بہت بلند‘ ہے۔ واضح رہے کہ ’دی انیئن‘ پر طنزیہ تحریریں شائع کی جاتی ہیں جن کا مقصد تفریح ہوتا ہے نہ کہ سنجیدہ معلومات اور خبریں فراہم کرنا۔ چین میں انگریزی کی ایجاد سے متعلق اس طنزیہ خبر کا پس منظر یہ ہے کہ چند ہفتے قبل شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا تھا کہ میکسیکو کا مشہور فاسٹ فوڈ ’بریٹو‘ دراصل شمالی کوریا کے سابق صدر کِم جونگ اِل نے ایجاد کیا تھا۔ 2011 میں کِم جونگ اِل کا انتقال ہوا اور تب سے ان کے بیٹے ’کِم جونگ اُن‘ شمالی کوریا کے صدر ہیں۔ ’دی انیئن‘ کی طنزیہ خبر سے قطع نظر، یہ بات درست ہے کہ چینی ماہرین 2019 میں یہ دعویٰ کرچکے ہیں کہ انگریزی زبان دراصل چین میں ایجاد کی گئی تھی؛ اور یہ کہ چینی زبان کے بہت سے الفاظ آج بھی تلفظ میں معمولی ردّ و بدل کے ساتھ انگریزی میں استعمال کیے جارہے ہیں۔ اسی ’تحقیق‘ میں ’ورلڈ سویلائزیشن ریسرچ ایسوسی ایشن‘ نامی ایک چینی تنظیم کے ’ماہرین‘ نے یہاں تک دعویٰ کیا تھا کہ تمام مغربی تہذیبوں کی ابتداء بھی دراصل چین ہی سے ہوئی تھی اور قدیم یونانی، قدیم رومی اور قدیم مصری تہذیبوں سے منسوب باتیں محض جھوٹ کا پلندہ ہیں۔

کتے نے ہرن کے بچے کو ڈوبنے سے بچا لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) کتے کی ہرن کے بچے کو ڈوبنے سے بچانے کی خوبصورت ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ کتا وفادار اور پیار کرنے والا جانور ہے، اکثر ایسی ویڈیوز دیکھی گئی ہیں جس میں کتوں کو انسانوں اور جانوروں کی مدد کرتے دیکھا گیا ہے، ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں ایک کتے نے ہرن کے بچے کو دریا میں ڈوبنے سے بچا لیا۔ مالک کی جانب سے ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں ہیرو کتے کو ایک ہرن کے بچے کی جان بچانے کے لیے دریا کے اس پار تیرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ کتا تیرتے ہوئے دریا کے اس پار جاتا ہے، ہرن کے بچے کو اپنے منہ میں رکھتا ہے اور اسے واپس لے آتا ہے، اس دوران کتے کا مالک بھی اپنے کتے کو ڈوبتے ہوئے ہرن کی مدد کے لیے ترغیب دیتا رہا اور ہرن کی جان بچانے پر اسے شاباشی دی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس خوبصورت ویڈیو نے صارفین کے دلوں کو چھولیا جنہوں نے ہرن کے بچے کو بچانے پر کتے کی تعریف کی۔ ایک صارف نے کہا کہ کتے اس کائنات کے بہترین جاندار ہیں، ایک اور نے لکھا کاش انسان جنگلات کی کٹائی روکیں اور جانوروں کی پناہ گاہوں کو چھوڑدیں۔

حکومت نا صرف اپنی مدت پوری کریگی بلکہ اگلے انتخابات میں سرپرائز دیگی: شاہ محمود قریشی

ملتان: (ویب ڈیسک) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حکومت نا صرف اپنی ٹرم پوری کرے گی بلکہ اگلے انتخابات میں سرپرائز دے گی، حکومت بلدیاتی انتخابات کے حق میں ہے، اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کا پورا احساس ہے، غافل نہیں، معاشی استحکام کیلئے اقدامات کیے گئے، معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، کورونا کی وجہ سے دنیا بھر کی معیشت متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی حکمت عملی سے دہشتگردی کا مقابلہ کیا، دشمنوں کےعزائم خاک میں مل جائیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے مارچ کا اعلان کیا، پی ٹی آئی کراچی کی طرف مارچ کریگی، جنوبی پنجاب صوبے کیلئے شہباز شریف اور بلاول کو خط لکھے، عوام کا دیرینہ صوبے کا مطالبہ پورا کرنا چاہتے ہیں، ماضی میں جنوبی پنجاب کا بجٹ دیگر علاقوں پر لگا دیا جاتا تھا، پنجاب اسمبلی نے رواں سال جنوبی اور شمالی پنجاب کیلئے فنڈز منظور کیے، پنجاب کی ملازمتوں کا 32 فیصد کوٹہ جنوبی پنجاب کیلئے مختص کیا گیا، جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے اپوزیشن کیساتھ بیٹھنے کیلئے تیار ہیں، آئینی ترمیم کا کریڈٹ اپوزیشن کو دینے کیلئے تیار ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ صدارتی نظام سے متعلق قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، سندھ کی تمام جماعتوں نے بلدیاتی قانون کو مسترد کر دیا ہے۔

تیز ہواؤں کے سبب سندھ کی ساحلی پٹی بھی متاثر، ماہی گیروں کی کئی کشتیاں لاپتہ

کراچی: (ویب ڈیسک) تیز ہواؤں کے باعث سندھ کی ساحلی پٹی پر کئی لانچیں پھنس گئیں۔ میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی سمیت دیگر ریسکیو ٹیمیں متحرک، گوادر میں 7 ماہی گیروں کو ریسکیو کیا گیا۔ کیٹی بندر سے 20 افراد کو ریسکیو کیا جبکہ 12 کی تلاش جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے کمشنر حیدرآباد سے رپورٹ طلب کرلی۔
تیز ہواؤں اور طغیانی سے بچاؤ کیلئے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے سرچ اینڈ ریسکیو مشن کا آغاز کر دیا۔ گوادر میں سمندرمیں پھنسی ماہی گیر کی کشتی اللہ مدد کو 7 افراد سمیت ریسکیو کیا گیا۔ فشر فوک فورم کے مطابق کیٹی بندر کے قریب سمندر میں ماہی گیروں کی 2 کشتوں کو حادثہ پیش آیا۔ ایک کشتی میں 16 ماہی گیر سوار تھے، سب کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے۔
دوسری کشتی کے 4 ماہی گیروں کو ریسکیو کرلیا جبکہ 12 کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے۔ کراچی فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے سیکیورٹی انچارج ناصر بونیری کا کہنا ہے کہ کل رات 8 بجے گہرے سمندر میں طغیانی کے باعث الصدیقی نامی لانچ سے بھی مدد کی درخواست موصول ہوئی، وہاں بھی ٹیمیں پہنچ چکیں، لانچ کو ریسکیو کیا جا رہا ہے، کل سے تقریبا 77 لانچیں، فش ہاربر محفوظ جیٹیوں پر پہنچ چکی ہیں۔ جمعہ کو ہی ماہی گیروں کو سیٹلائٹ اور دیگر صوتی رابطوں سے واپسی کی اطلاع دے دی تھی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بھی کشتیاں لاپتہ ہونے کا نوٹس لیکر کمشنر حیدرآباد اور فشریز ڈپارٹمنٹ کو ماہی گیروں کی مدد کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ رپورٹ دی جائے کہ خراب موسم کی پیشگوئی کے باوجود ماہی گیرسمندر میں کیسے گئے۔ مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ ٹھٹھہ، بدین کے سمندری علاقے میں چھوٹے بڑے جزائر ہیں، ماہی گیروں نے وہاں پناہ لے لی ہوگی، ان کے اہلخانہ اطمینان رکھیں۔

صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو مساجد اور عبادت گاہوں میں جانے کی اجازت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مساجد،عبادتگاہوں کے لیے ضروری کووڈ پروٹوکول کے نفاذ کا فیصلہ کرلیا گیا۔ مساجد اور عبادتگاہوں میں صرف مکمل ویکسین شدہ افراد کو نماز کی اجازت ہوگی۔
این سی او سی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں ملک میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں نمازیوں کے لیے ماسک پہننا لازم جبکہ مساجد، عبادتگاہوں سے قالین وغیرہ ہٹانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں میں فیصلہ کیا گیا کہ نمازیوں کے درمیان 6 فٹ سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے، بزرگ اور بیمار افراد ترجیحا گھر پر نماز پڑھیں، نمازی وضو گھر پر کر کے مساجد جائیں، نمازی ہاتھوں کو بار بار دھوئیں اور سینیٹائز کریں۔
مساجد،عبادتگاہوں کے لیے ضروری کووڈ پروٹوکول کے نفاذ کے فیصلے میں کہا گیا کہ کھلی جگہوں پر نماز پڑھنے کا اہتمام کیا جائے، وینٹی لیشن کے لیے دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں، جمعہ کی نماز کا خطبہ مختصر رکھا جائے۔

خاتون کو نوکری کا جھانسہ دے کر ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

لاہور: (ویب ڈیسک) نصیرآباد میں خاتون کو نوکری کا جھانسہ دے کر ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایس ایچ او نصیر آباد انسپکٹر شعیب خان کے مطابق لاہور کے علاقے نصیر آباد میں خاتون کو نوکری کا جھانسہ دے کر ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے اور متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کیلئے ملزم کو انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا ہے۔ متاثرہ خاتون کے بیان کے مطابق ملزم سے فیس بک پر رابطہ ہوا، ملزم نے نوکری کا جھانسہ دے کر 80 ہزار بٹور لیے، اور پیسے واپس مانگنے پر بلیک میل کرنے کی دھمکی دیتا تھا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن صاعد عزیز کا کہنا ہے کہ معاشرے میں بگاڑ پیدا کرنے والے ایسے ناسور کسی رعایت کے مستحق نہیں ہو سکتے۔ جب کہ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر محمد عابد نے کہا کہ خواتین فوری مدد کیلئے پولیس سیفٹی ایپ ڈاون لوڈ کریں۔