تازہ تر ین

دروازہ کھولو ہم فوجی ہیں ….

کوئٹہ(خصوصی رپورٹ) دہشت گرد تربیتی مرکز کے ہاسٹل کے ہربند دروازے کو یہ کہہ کر دھوکے سے کھلواتے کہ ہم فوجی ہیں دروازہ کھولو،جو مقفل دروازہ دھوکے سے کھلتا تو وہاں قتل عام کرتے رہے ۔اے ایف پی نے زخمی کیڈٹ22سالہ حکمت اللہ کے حوالے سے
بتایا کہ دہشتگردوں کے حملے کے بعد زیر تربیت اہلکاروں نے ہاسٹل کے کمروں کو اندر سے بند کرلیا تھا،دہشتگرد ہرکمرے کا بند دروازہ کھٹکھٹاتے اور اہلکاروں سے کہتے کہ ہم فوجی ہیں،جیسے ہی اہلکار دروازے کھولتے تو وہ ان پر فائرنگ کردیتے ۔ حکمت اللہ نے بتایا کہ دہشتگرد ایک ایک کمرے میں جاتے تھے ،وہ کمرے میں داخل ہوتے ہی فائر نگ کررہے تھے ۔اس نے بتا یا کہ دہشت گرد دیوار پھلانگ کر کالج میں داخل ہوئے تھے ۔میں نے اپنے روم سے باہر چھلانگ لگادی لیکن دہشت گردوں نے مجھ پر فائر کیا،اس کے باوجود میں بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔کیڈٹس نے بتایا کہ دہشت گردوں نے کیموفلاج کررکھا تھا اور اپنے چہرے بھی ڈھانپ رکھے تھے ،تاہم اس متعلق کسی کو یاد نہیں کہ کیا دہشت گرد فوجی و ردی میں ملبوس تھے ۔ایک اور کیڈٹ زبیر احمد نے بتایا کہ ہم تین سے چار کیڈٹ آرام کررہے تھے اورسوا دس بجے سونے کا سوچ ہی رہے تھے کہ اچانک فائرنگ شروع ہوگئی اور باہر لوگ ادھر ادھر بھاگتے دکھائی دیئے ۔انہوں نے بتایا کہ کچھ نے چھلانگیں لگا کر جان بچائی جبکہ متعدد درختوں پر بھی چڑھ گئے ۔میں نے کھڑکی کے ذریعے درخت پر چڑھ کر باہر چھلانگ لگائی جس سے میر اکندھا زخمی ہوگیا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہم سورہے تھے ، جیسے ہی فائرنگ کی آواز آئی ہم اٹھ گئے اور باہر دیکھا تو اندھا دھند فائرنگ کی جارہی تھی، ہم بچنے کے لیے چارپائیوں کے نیچے چھپ گئے اور کمرے کا دروازہ بند کردیا۔ 2 سے 3 حملہ آور آئے اور دروازے کو لاتیں مارکر کھولنے کی کوشش کی لیکن ناکامی پر واپس چلے گئے ۔زیر تربیت اہلکار نے بتایا کہ حملہ آور سامنے بیرک میں چلے گئے اور جاتے ہی دھماکہ کردیا۔اس وقت بیرک میں 100 سے زیادہ لوگ موجود تھے ۔ ہاسٹل میں موجود ایک اور کیڈٹ نے بتایا کہ حملہ آور مقامی زبان نہیں بول رہے تھے بلکہ فارسی زبان میں بات کررہے تھے ۔ایک اور زخمی کیڈٹ نے بتایا کہ دہشت گردوں نے ہاسٹل میں داخل ہوتے ہی اندھا دھند فائرنگ کی پھر دھماکے سے خود کو اڑا لیا ۔دہشت گردوں نے تین نمبر بیرک میں قیامت ڈھا دی ۔ مین ہال میں تما م اشیا جل کر خاک ہوچکیں،دیواریں اورکھڑکیاں بھی تباہی کی داستان سنارہی تھیں۔مین ہال کے فرش میں ایک بڑا گڑھا بھی پڑگیا ۔ عینی شاہد نے بتایا کہ جب ایف سی اہلکار نے ایک دہشتگرد کوپکڑا تو اس نے خودکش جیکٹ پھاڑ دی ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ دہشتگردفائرنگ کرتے ہوئے ہماری بلڈنگ کی جانب بڑھ رہے تھے ۔ہم جان بچانے کے لیے چھت پر چڑھ گئے اور باہر چھلانگ لگا دی۔
ہم فوجی ہیں


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain