فکسنگ سکینڈل:ناصرنے معطلی کوچیلنج کردیا

لاہور(نیوزایجنسیاں)ناصرجمشید نے پی سی بی کے نوٹس آف ڈیمانڈ پر جواب جمع کروادیا ہے ان پر پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے تحقیقات میں عدم تعاون اور تاخیری حربے استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ناصر جمشید نے اپنے وکیل کے ذریعے جواب جمع کروایا ہے جس میں انہوں نے پی سی بی کی جانب سے اپنی عبوری معطلی کو چیلنج کر تے ہوئے کہا ہے کہ معطلی سے کیریئر متاثر ہو رہا ہے۔جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ پی سی بی کی ایماء پر برطانیہ کی نیشنل کرائمز ایجنسی پہلے ہی تحقیقات کر رہی ہے، پی سی بی کی انکوائری سے این سی اے کی انکوائری متاثر ہوگی۔ اس لیے این سی اے کی تحقیقات کے بعد پی سی بی تحقیقات کرے تو بہتر ہو گا۔

یونس کا تاریخی بلا نیلام کر کے رقم عطیہ کرنے کا اعلان

جمیکا(نیوزایجنسیاں) ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے والے یونس خان اپنا بیٹ نیلام کرکے رقم فلاحی ادارے کو عطیہ کریں گے۔یونس خان نے گزشتہ سال سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ ”10 ہزار رنز مکمل کرنے کے بعد اپنا بیٹ نیلام کروں گا اور اس سے حاصل ہونے والی آمدن ٹی سی ایف پاک نامی فلاحی ادارے کو عطیہ کروں گا۔“گزشتہ روز ویسٹ انڈیز کے خلاف جمیکا ٹیسٹ کے دوران یونس خان نے 10 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا۔ میچ سے قبل یونس خان کو اعزاز حاصل کرنے کے لئے 23 رنز درکار تھے جنہوں نے محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے نہ صرف ٹیسٹ کیرئیر میں 10 ہزار رنز مکمل کئے بلکہ پاکستان کے پہلے کرکٹر بھی بن گئے۔واضح رہے کہ یونس خان اچھے کرکٹر ہونے کےساتھ فلاحی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور ریٹائرمنٹ کے بعد وہ بچوں کی تعلیم کے حوالے سے کام کرنے کے خواہاں ہیں۔یونس خان نے ایک ویڈیو پیغام میں اس کامیابی کو ’فیملی، والدین اور باب وولمر کے نام‘ کیا ہے۔ یہ صرف میری نہیں پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان نے 26 فروری سنہ 2000 کو اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلا اور اپنے پہلے ہی میچ کی دوسری اننگز میں ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے انھوں نے 107 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔یونس خان نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ انھوں نے انضمام الحق کا سب سے زیادہ 25 سنچریوں کا ریکارڈ بھی توڑا۔یونس خان کرکٹ کی تاریخ کے واحد بیٹسمین ہیں جنھوں نے تمام ٹیسٹ پلیئنگ نیشنز سمیت 11 ممالک میں سنچریاں کی ہیں۔یونس خان نے 13 فروری 2000 کو بین الاقوامی کریئر کا آغاز کراچی میں سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز سے کیا جہاں انھوں نے 46 رنز بنائے تھے۔یونس خان نے 265 ایک روزہ میچ کھیل کر 7249 رنز بنائے ہیں جن میں سات سنچریاں اور 48 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ یونس خان نے اپنی قیادت میں پاکستان کو 2009 میں ٹی 20 کا عالمی چمپیئن بنایا جو 1992 کے ورلڈکپ میں فتح کے بعد پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا اعزاز تھا۔اس کے بعد انھوں نے ٹی 20 کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔یونس خان کی ریٹائرمنٹ کے اعلان پر سابق کرکٹرز کی جانب سے بھی انھیں خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔ سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ٹوئٹر پر کہا کہ یونس خان کی پاکستان کرکٹ کے لیے ایمانداری اور بے لوث خدمات کے عوض ان کو ‘یونیک خان’ کا نام دیا جانا چاہیے۔شاہد آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یونس خان ‘عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔

ترانہ بھولنے پر سونم کپورپر بھارتی عوام کی تنقید

ممبئی(شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور کو اپنا قومی ترانہ بھولنے پر بھارتی عوام کی جانب سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ سونم کپورنے اپنے ایک کالم میں بھارتی قومی ترانے کا ذکرکرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم جو بچپن اپنا قومی ترانہ بہت پڑھتے تھے ہمیں ایک بار پھراسے ذہن میں لانا چاہیئے جس کی ایک لائن ’ہندو، مسلم، سکھ ،عیسائی ‘ بھی تھی۔اداکارہ کے اس کالم کے بعد ان کے مداحوں نے ہی انہیں خوب تنقید کا نشانہ بنایا کیونکہ ’ہندو، مسلم، سکھ ،عیسائی جیسا کوئی بھی جملہ بھارت کے قومی ترانے میں شامل نہیں ہے۔ اداکارہ کے قومی ترانہ بھولنے پر ان کے مداحوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرمختلف قسم کے خیالات اورغصے کا اظہار کیا۔ایک مداح نے بھارت کا پورا قومی ترانہ لکھا اورکہا کہ ٹارچ کی مدد سے بھی ’ہندو، مسلم، سکھ ،عیسائی والی لائن دیکھنا چاہی لیکن ایسی کوئی لائن نظر نہیں آئی

اجے دیوگن سے کوئی تعلق نہیں

اسلام آباد (شوبز ڈیسک) اداکار کرن جوہر نے کہاہے کہ اجے دیو گن سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ایک انٹرویو میں جب کاجول سے کرن کے جڑواں بچوں کے بارے میں سوال کیا گیا تو انھوں نے انتہائی بے رخی سے کہا کہ نو کمنٹس اور چند روز پہلے جب صحافی برکھا دت نے کرن سے اجے دیوگن کے بارے میں سوال کیا تو کرن کا کہنا تھا کہ اس شخص کے ساتھ ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ میں انھیں نہیں جانتا بس اتنا معلوم ہے کہ وہ کاجول کے شوہر ہیں۔ کرن کا کہنا تھا کہ وہ انھیں شناسا بھی نہیں سمجھتے۔

فاسٹ اینڈ فیوریس ایٹ کا بھارت میں 71.6کروڑ کا بزنس

لاس اینجلس(شوبزڈیسک) ہالی وڈ فلم فاسٹ اینڈ فیوریس۔8 نے بھارت میں ریلیز کے پہلے ہفتہ میں 71.6 کروڑ کا بزنس کر لیا۔امریکی میڈیا کے مطابق فاسٹ اینڈ فیوریس کے سلسلے کی آٹھویں فلم نے بھارت میں ریلیز کے پہلے ہفتہ میں 71.6 کروڑ کا بزنس کر لیا ہے،فلم نے دنیا بھر سے 532.5 ملین کی کمائی کی ہے اور کامیابی کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے،فلم کی اہم کاسٹ میں وین ڈیزل،مائیکل روڈریگوئز ،ڈاونی جونسن ، جیسن سٹیتھم اور چارلیز تھیرون شامل ہیں،فلم کی ہدایات ایف گیری گرے نے دی ہیں۔

ریلیز سے قبل ہی 500 کروڑ روپے کمانے والی فلم

ممبئی (شوبز ڈیسک)بھارتی تاریخ کی سب سے مہنگی فلم باہو بلی کا دوسرا حصہ آئندہ ہفتے ریلیز ہورہا ہے مگر اس کے فلمساز اس سے قبل ہی 500 کروڑ بھارتی روپوں سے زائد کا بزنس کرچکے ہیں۔جی ہاں اگر مختلف رپورٹس پر یقین کیا جائے تو باہو بلی: The Conclusion نے ریلیز سے قبل ہی 500 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرلیا ہے جن میں سے بیشتر حصہ اس کے نشریاتی حقوق کی فروخت سے حاصل ہوا۔یہ فلم تین زبانوں تیلگو، تامل اور ہندی میں ریلیز ہوگی جس کے ہندی ورڑن کے ہی حقوق کرن جوہر کے ادارے دھرما پروڈکشن نے 120 کروڑ روپے میں خریدے ہیں۔اسی طرح تیلگو ورڑن کے حقوق 130 کروڑ روپے میں فروخت ہوئے جبکہ تامل ورڑن سے بھی کروڑوں روپے کمائے گئے۔اسی طرح سونی ٹی وی نیٹ ورک نے اس کے ہندی ورڑن کے سیٹلائیٹ رائٹس 51 کروڑ روپے میں خریدیں جو کہ کسی بھی دوسری زبان سے ڈب فلم کے حوالے سے ریکارڈ ڈیل ہے۔اس فلم کے حوالے سے سرمایہ کاروں کی دلچسپی کی وجہ لوگوں کی جانب سے اس کا بے صبری سے انتظار ہے۔اس فلم کے پہلے ٹریلر نے بھی بھارت میں یوٹیوب میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ٹریلر کا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔اس فلم کا پہلا حصہ 2015 میں ریلیز ہوا تھا جس کے بعد سے ہی لوگ دوسرے حصے کے منتظر تھے۔باہو بلی : دی کنکلوزن میں ایک بار پھر جنوبی بھارت کے سپراسٹار پربھاز مرکزی کردار ادا کریں گے جبکہ رانا درگا بتی ولن کے روپ میں نظر آئیں گے۔ڈائریکٹر ایس ایس راجا میولی کی اس فلم کا آغاز پہلے حصے کے اختتامی حصے سے ہوگا۔مختلف ماہرین کے خیال میں یہ پہلی بھارتی فلم ہوسکتی ہے جو دنیا بھر میں ایک ہزار کروڑ روپے کا بزنس کرسکتی ہے تاہم اس کا فیصلہ آنے والا وقت ہی کرے گا۔

مسٹر بین کے مداحوں کیلئے خوشخبری

نیویارک،لاہور (شوبز ڈیسک) 62 سالہ روون اٹکنسن جنھوں نے اس آئیکونک کامیڈی کردار کو ادا کیا، نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ اس سیریز کی نئی اقسام پر کام ہورہا ہے جس میں مسٹر بین کو ایک بزرگ پنشنر کے روپ میں دکھایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا ‘ مسٹر بین کو بڑھاپے کے روپ میں دکھانا بہت پرمزاح ہوگا اور دیکھنا ہوگا کہ ہم کس قسم کا مزاح اس کردار سے نکال سکتے ہیں، مگر یہ بات یقینی ہے کہ ایک بزرگ شخص کا کردار کافی مزاحیہ ہوگا’۔مسٹر بین کا کردار پہلی بار چھوٹی اسکرین پر 1990 میں جلوہ گر ہوا تھا جس کی متعدد اقساط 1995 تک نشر ہوئیں۔بعد میں یہ کردار دو فلموں میں بھی نظر آیا جن میں سے ایک 1997 کی بین : دی الٹی میٹ ڈیزاسٹر مووی جبکہ دوسری 2007 کی مسٹر بینز ہالیڈے تھی، جبکہ اس پر ایک کارٹون شو اب بھی نشر ہوتا ہے۔اگرچہ اب روون اٹکنسن سنجیدہ کرداروں کو زیادہ دیتے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ مسٹر بین کے کردار سے کبھی ریٹائر نہیں ہوں گے۔ان کا کہنا تھا ‘ میرا ایسا کوئی منصوبہ نہیں، میرا کسی بھی کردار کو الوداع کہنے کا ارادہ نہیں، مجھے لگتا ہے کہ میں اب بھی مسٹر بین کا کردار ادا کرسکتا ہوں، بس اس کی سمت کو بدلنا ہوگا’۔

جے آئی ٹی میں فوج کا کردار, آرمی چیف کا عوام کے نام اہم پیغام

راولپنڈی (آن لائن‘ مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ فوج پانامہ لیکس کیس کی تحقیقات کے لیے بنائی جانے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) میں اپنے ادارے کے ذریعے شفاف اور قانونی طریقے سے کردار ادا کرے گی۔ سپریم کورٹ کے اعتماد پر پورا اتریں گے، ملٹری انٹیلی جنس اور آئی ایس آئی کے نمائندے ایمانداری سے تحقیقات کرینگے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 202ویں کور کمانڈر کانفرنس ہوئی۔ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے دوران ملک بھر میں جاری آپریشن ردالفساد کا جائزہ لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق شرکاء نے پانامہ لیکس کیس کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بنائی جانے والی جے آئی ٹی کے معاملے پر بھی بات چیت کی۔ جس میں ملٹری انٹیلی جنس اور آئی ایس آئی کے نمائندے بھی شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاءنے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ اپنے نمائندوں کے ذریعے جے آئی ٹی کے سلسلے میں شفاف اور قانونی کردار ادا کرے گا اور سپریم کورٹ کی جانب سے دی گئی ذمہ داری پر ایمانداری سے پورا اتریں گے اور اس پر من وعن عملدرآمد کیا جائے گا۔ اجلاس میں پہلے آپریشن ردالفساد کے تحت ملک بھر میں ہونیوالی کارروائیوں کے حوالے سے بریف کیا گیا۔ خیال رہے کہ 20 اپریل کو سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کیس کے فیصلے میں وزیراعظم نواز شریف اور انکے خاندان کے دیگر افراد کے خلاف مزید تحقیقات کے لیے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے اعلیٰ افسر کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا حکم دیا۔ فیصلے کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے سینئر ڈائریکٹر کی سربراہی میں 7 دن کے اندر جے آئی ٹی تشکیل دی جائے گی جو 2 ماہ میں اپنی تحقیقات مکمل کرے گی، جبکہ جے آئی ٹی کو ہر 2 ہفتے بعد سپریم کورٹ کے بینچ کے سامنے اپنی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا کہ جے آئی ٹی میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)، قومی احتساب بیورو (نیب)، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) اور ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) کا نمائندہ شامل کیا جائے۔

چھوٹے نواب کا پاکستانی فنکاروں بارے اہم بات

ملتان (شوبز ڈیسک) بالی وڈ سٹار سیف علی خان نے کہا کہ قوم پرستی اور ہندو ازم بالکل الگ چیز ہے کیونکہ بھارت ایک سیکولر ملک ہے جہاں اقلیتیں بھی آباد ہیں اور ہندو ازم کی باتیں اقلیتوں کو غیرمحفوظ بناتی ہیں۔ بالی وڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان سماجی مسائل پر کم ہی بات کرتے ہیں لیکن اب انہوں نے بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر پہلی بار لب کشائی کی ہے۔ سیف علی خان نے کہا کہ مجھے ہندو ریاست میں رہنے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن قانون سب کے لئے ایک ہونا چاہیے جبکہ سیف کا فلم نگری میں خوف سے متعلق کہنا تھا کہ ہم اس انڈسٹری میں رہتے ہیں جو خوف کی بنیاد پر چلتی ہے لیکن یہی خوف ہمیں آگے بڑھنے کی ترغیب دیتا ہے او کچھ کرتے رہنے کے لئے کہتا ہے۔ سونو نگم کے اذان سے متعلق توہین آمیز ٹوئٹس پر ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں لوگوں کو بطور اقلیت اپنی موجودگی کا احساس دلانا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل میں مسلمان‘ یہودی اور عیسائی رہتے ہیں لیکن وہاں بھی اذان لاﺅڈ سپیکر پر ہی دی جاتی ہے۔ پاکستانی فنکاروں پر پابندی بلاجواز ہے۔

‘گھر’ نہیں چھوڑوں گا

ممبئی (شوبز ڈیسک) لگتا ہے کہ بولی وڈ کے خانز کو ہولی وڈ میں ذرا بھی دلچسپی نہیں اور وہ اپنی ہی انڈسٹری میں کام میں زیادہ اطمینان محسوس کرتے ہیں۔گذشتہ برس شاہ رخ خان نے ہولی وڈ فلموں میں کام نہ کرنے کی وجوہات بتائی تھیں اور اب سلمان خان کا کہنا ہے کہ وہ ہولی وڈ کے لیے ہندوستان نہیں چھوڑیں گے۔آک لینڈ، نیوزی لینڈ میں فلم کی شوٹنگ کے دوران جب سلمان خان سے سوال کیا گیا۔ کہ کیا وہ ہولی وڈ جانے کے بارے میں سوچیں گے تو ان کا کہنا تھا، ‘نہیں ہولی وڈ بہت دور ہے، مجھے تو کام کے دوران اپنا گھر چھوڑنا بھی اچھا نہیں لگتا’۔اس سے قبل بھی سلمان خان نے 2015 میں اپنی فلم ‘پریم رتن دھن پایو’ کے حوالے سے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ انھیں ہولی وڈ میں کام کرنے کی کوئی خواہش نہیں۔، ان کا کہنا تھا، ‘مجھے بولی وڈ انڈسٹری میں کام کرنا اور ہندی میں ڈائیلاگ بولنا پسند ہے، میں کئی سالوں سے فلموں میں ہندی زبان میں ڈائیلاگ بولتا آیا ہوں، لہٰذا اگر اب میں انگلش فلم میں کام کے دوران انگریزی میں ڈائیلاگ بولوں گا تو وہ عجیب لگیں گے’۔دوسری جانب جب سلمان خان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ پنجابی فلموں میں کام کرنا پسند کریں گے تو ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کی ایک بڑی خواہش ہے۔ان کا کہنا تھا، ‘میں نے ایک فلم کی تھی ‘ہیروز’، جس میں میں نے ایک سردار کا کردار ادا کیا تھا، میں نے بہت سے پنجابی کردار ادا کیے ہیں، لیکن کبھی کسی پنجابی فلم میں کام نہیں کیا، اگر مجھے موقع ملا تو میں ضرور پنجابی فلم کروں گا، یہ ایک بہت تیزی سے بڑھتی ہوئی انڈسٹری ہے اور میں اس کا حصہ بننے میں خوشی محسوس کروں گا’۔رواں برس سلمان خان کی 2 فلمیں ‘ٹیوب لائٹ’ اور ‘ایک تھا ٹائیگر’ کا سیکوئل ‘ٹائیگر زندگی ہے’ ریلیز ہونے جارہی ہیں۔