جمیکا ٹیسٹ …. عامر کی عمدہ بولنگ پاکستان کو جیت کے قریب لے آئی

جمیکا(سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 286 رنز پر آوٹ ہوگئی، محمد عامر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔تفصیلات کے مطابق جمیکا میں مسلسل بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی وجہ سے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرے روز کا کھیل بھی تاخیر سے شروع ہوا ،کالی آندھی نے اننگز کا آغاز 9 وکٹوں کے نقصان پر 274 رنز سے کیا اور تیسرے روز صرف 12 رنز ہی بناسکی۔پہلی اننگز میں 286 رنز بنانے کے بعد ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم آوٹ ہوگئی ،فاسٹ بولر محمد عامر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔واضح رہے کہ دوسرے روز کا کھیل بھی تاخیر سے شروع ہوا تھا لیکن ابھی 12 اوورز ہی ہوئے تھے کہ دوبارہ سے بارش برس پڑی جس کے باعث میچ کو ختم کردیا گیا ، دوسرے روز ویسٹ انڈیز نے 9 وکٹوں کے نقصان پر274رنز بنا ئے تھے جبکہ پہلے روز کالی آندھی نے کھیل کا اختتام 7 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز پر کیاتھا۔پاکستانی اوپنرز کا محتاط آغاز،آخری اطلاعات تک 23بغیر کسی نقصان کے بنا لیے تھے۔

کپتان کی زرداری پر کڑی تنقید ۔۔پیپلز پارٹی آگ بگولہ

لاہور (خصوصی رپورٹ) اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کا خواب ابتدا میں ہی بکھرنا شروع ہوگیا۔ عمران خان کی زرداری پر کڑی تنقید کے بعد پیپلزپارٹی ناراض ہوگئی، پیپلزپارٹی کی قیادت کا کہنا ہے کہ اتحادی سیاست کے لیے عمران خان کو سیاسی آداب سیکھنا ہوں گے۔ تحریک انصاف بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، سراج الحق نے بھی پیپلزپارٹی کو ہدف تنقید بنالیا۔ پیپلزپارٹی کی قیادت کا کہنا ہے کہ عمران خان اپوزیشن کو مضبوط کرنے کے بجائے حکومت کے ہاتھ مضبوط کررہے ہیں۔ جب بھی اپوزیشن قریب آنے لگتی ہے عمران خان منفی ایجنڈے پر چل پڑتے ہیں۔ سیاسی جماعتوں نے رواداری کی سیاست کو خدا حافظ کہہ دیا۔ ایک دوسرے پر تنقید میں ایک دوسرے سے بڑھ کر فقرے بازی ہونے لگی، مخالفین کو ڈاکو، چور، سیاسی میراثی کے القاب دیئے جانے لگے، ایان علی کا نام سیاسی جماعتوں میں طعنہ زنی کے کام آنے لگا، حکومتی ٹیم پیچھے ہٹنے کو تیار ہے نہ ہی اپوزیشن رہنما ایک دوسرے کو معاف کرنے کو تیار ہیں۔ سیاسی میراثی اور دوسرے طعنے سیاست میں گالم گلوچ کے کلچر کو تقویت دینے کا باعث بن رہے ہیں۔ شیخ رشید کی فقرے بازی بھی لیگی قیادت کو اشتعال دلانے کا باعث بن رہی ہے۔ مولا بخش چانڈیو کے چوروں کے سردار اور دوسرے فقرے بھی سیاست میں اشتعال پیدا کررہے ہیں۔ خواجہ سعد رفیق کی طنزیہ گفتگو بھی کچھ کم نہیں۔ طلال چودھری، دانیال عزیز، عابد شیر علی، خواجہ آصف کو کوئی بھی روکنے میں کامیاب نہیں ہوا۔ وزیراعظم کے استعفیٰ کے لیے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد سعید قاضی، مسلم لیگ (ق) کے وقاص حسن موکل اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر وسیم اختر سے رابطہ کرکے ان کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔ اجلاس آج پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے قبل اپوزیشن چیمبر میں ہوگا جس میں وزیراعظم کے استعفے پر مشترکہ قرارداد لانے، ایوان میں بھرپور احتجاج کی حکمت عملی اختیار کرنے اور ایوان کی کارروائی کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا جائے گا۔ میاں محمود الرشید نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دو ججوں کے فیصلے کے بعد وزیراعظم عہدے پر رہنے کا اخلاقی جواز کھوبیٹھے ہیں۔ عدالتی فیصلے کے بعد دُنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی، اس لیے وزیراعظم کو مستعفی ہوکر خود کو تحقیقات کے لیے پیش ہونا پڑے گا۔
دھڑن تختہ

بگ تھری کے خاتمے کیلئے آئی سی سی کا اجلاس

دبئی(سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں آج بگ تھری کے خاتمے کے لئے آج بڑی بیٹھک ہورہی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین پہلے ہی اجلاس میں شرکت کیلئے دبئی پہنچ چکے ہیں جبکہ پاکستان کوانگلینڈ،آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا اعتما د حاصل ہونے کا امکان ہے مگر ایشیائی ممالک بگ تھری کے خاتمے کے حق میں نظر نہیں آتے ہیں اور بھارت ان کو بھاری پیشکشیں کررہا ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی جانب سے بگ تھری کے خاتمے کی کوششوں پر ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے سخت موقف اپناتے ہوئے اپنے خلاف فیصلہ آنے پر چیمپئنز ٹرافی کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔رواں سال آئی سی سی کے ورکنگ گروپ کی جانب سے آئینی اور مالی معاملات میں تبدیلیوں کی سفارش کی گئی جس کو آئی سی سی بورڈ نے قبول کرتے ہوئے تبدیلیوں پر غور وخوض اور اراکین کو شامل کرنے کے لیے اپریل میں ہونے والے بورڈ کے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔آئی سی سی نے 2014 میں تین ملکوں ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ پر مشتمل بگ تھری کا ایک مضبوط نظام قائم کیا تھا جس کو آئی سی سی سے زیادہ فوائد حاصل ہورہے تھے تاہم اس پر کرکٹ کے غیرجانبدار حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی۔اس نظام کے تحت مالی اور انتظامی معاملات کے تمام تر اختیارات ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے پاس تھا اور بڑھتے ہوئے ٹی وی رائٹس، آئی پی ایل اور دیگر وجوہات کے سبب اس منصوبے کا سب سے زیادہ فائدہ ہندوستان نے اٹھایا۔اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی کے ورکنگ گروپ نے اسے ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن اس صورت میں سب سے زیادہ نقصان بی سی سی آئی کو ہو گا جس کی وجہ سے انہوں نے ابھی سے منصوبے کے خلاف پراپیگنڈا شروع کردیا ہے۔اس معاملے پر بی سی سی آئی کا جنرل اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ انڈیا آئی سی سی کے نئے آئین کی مخالفت کرے گا جس میں ہندوستان کا مالی حصہ ممکنہ طور پر کم کردیا جائے گا۔اس وقت ہندوستان نے چھوٹے بورڈز کو ساتھ ملانے کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا ہے اور سری لنکا، بنگلہ دیش اور زمبابوے اس کا ساتھ دینے پر رضامندی ظاہر کر چکے ہیں اور اسے بگ تھری کو برقرار رکھنے کیلئے صرف ایک تہائی اکثریت درکار ہے۔تاہم اگر آئی سی سی کا فیصلہ بی سی سی آئی کے خلاف آتا ہے تو بورڈ نے اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کے بائیکاٹ کا منصوبہ بنایا ہے اور اگر آئی سی سی نے بگ تھری کے خاتمے کی منظوری دی تو ہندوستان یکم جون سے شروع ہونے والے ایونٹ کا بائیکاٹ کر دے گا۔چیمپئنز ٹرافی میں ہندوستان کی ٹیم گروپ بی میں موجود ہے جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف پاکستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا سے ہو گا۔

عمر نے پی سی بی کا فٹنس ٹیسٹ پاس کر لیا

لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستانی بلے باز کامران اکمل نے کہا ہے کہ ان کے چھوٹے بھائی عمر اکمل نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا تازہ ترین فٹنس ٹیسٹ پاس کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کامران اکمل نے کہا کہ ”عمر اکمل نے پی سی بی کا تازہ ترین فٹنس ٹیسٹ پاس کر لیا ہے۔ یہ ٹیسٹ چیف سلیکٹر انضمام الحق کی نگرانی میں ہوا۔“انہوں نے ٹی 20 اور ون ڈے ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ”سرفراز احمد بہت ہی شاندار کپتان ہے اور میں توقع کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے مزید خود میں مزید بہتری لائیں گے۔

پاکستانی فلم ’چلے تھے ساتھ‘سنیما گھروں کی زینت بن گئی

لاہور (شوبز ڈیسک)پاکستان اور چین کی خوبصورت لوکیشن پر شوٹ کی گئی فلم ’چلے تھے ساتھ‘ ملک بھر کے سینما گھروں کی زینت بن گئی۔گلگت ،ہنزہ اور خنجراب جیسی خوبصورت لوکیشن پر عکس بند کی گئی اس فلم میں سائرہ شہروز اور فارس خالد نے مرکزی کردار ادا کیے۔فلم میں سینئر اداکار بہروز سبزواری اور شمیم ہلالی نے بھی یادگار کردار ادا کیے۔

بھارتی میڈیا کا پاکستان پر ڈراموں کی نقل کا الزام

لاہور(کلچرل رپورٹر) بہت سے دیگرالزامات کے بعد بھارتی میڈیا نے اب پاکستان پر ڈراموں کی نقل کا الزام بھی لگایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ایک نجی ٹی وی سے ان دنوں ڈرامہ”ناگن“آن ایئر ہے جس کی کاسٹ میں جاناں ملک،ریشم، شین، عمران احمد،عائشہ جاویدبٹ ، ضیاخان اوررشیدعلی سمیت بہت سے فنکار کام کررہے ہیں۔اس ڈرامے کے آن ایئرہونے سے پہلے جب چینل اور سوشل میڈیا پر پرموشن کا آغازکیا گیا تو بھارتی میڈیا نے اس کی مخالفت شروع کرتے ہوئے یہ تاثر دیا یہ ڈرامہ بھارتی ڈرامے ”ناگن“کی نقل ہے جو کچھ عرصہ پہلے ایک بھارتی چینل سے نشرکیا گیا تھا۔ بھارتی میڈیا سے وابستہ افراد نے سوشل میڈیا پر ایک باتصویرمہم کا آغاز کیا ہے جس میں نہایت طنزیہ اندازمیں پاکستانی ڈرامے اور فنکاروں کو مخاطب کرکے کہ کہا گیا ہے وہ ہمارے ڈرامہ جیسا ڈرامہ بنانے کا خواب بھی نہیں دیکھ سکتے۔اس سلسلے میں پاکستانی ڈرامے”ناگن“ کا ٹائٹل رول کرنے والی اداکارہ جاناں ملک کا کہنا ہے پاکستانی ڈرامہ کسی بھی بھارتی ڈرامے کی نقل نہیں کیونکہ جس طرح کے ڈرامے وہاں بنائے جاتے ہیں ان کا ہمارے کلچرسے کوئی تعلق نہیں ہے ۔اسی طرح بھارت میں سانپوں کے بارے میں جو تھیوری ہے اس کا ہمارے نظریات سے کوئی تعلق نہیں ہے ،پاکستان نے ماضی میں بھی بہترین ڈرامہ بنایا جو آج تک بھارت میں نقل کیا جارہا ہے ۔ہم نے نہیں بلکہ بھارت نے ہمیشہ ہمارے ڈراموں کی نقل کی ہے ۔

لوڈ شیڈنگ ختم ….حکومتی حلقوں میں کھلبلی

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)عدالت عظمی کے پانامہ گیٹ فیصلے کے تناظر میںحکومت نے 10مئی سے ملک بھر میںغیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جب کہ شیڈول لوڈ شیڈنگ کو کم کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی تا کہ ممکنہ عوامی غم و غصے کو روکا جا سکے ،خاص طور پر سندھ میں پیپلز پارٹی کی طرف سے مسلسل لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہروں کے نتیجے میں عوام کا غیض و غضب بڑھ سکتا ہے ۔ایک اعلی افسر نے بتایا کہ یہاں تک کہ تحریک انصاف ا ور مسلم لیگ ق نے بھی لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے ،ر مضان کا ماہ مقدس مئی کے آخر میں شدید گرمی میں شروع ہو رہا ہے ، ایک طرف موسمیاتی تغیر اور دوسری طرف افغا نستا ن میں مادر آف آل بمز گرانے کی وجہ سے پارہ بہت بڑھنے کا امکان ہے ، اس صورت حال کی وجہ سے موسم گرما میں حکومت خود تنے ہوئے رسے پر کھڑی ہوگئی ، جس کے دوران بجلی کی بندش جاری رہے گی۔ سپریم کورٹ کے پانامہ کیس پر فیصلے کے بعد تیزی سے بدلتا سیاسی منظر نامہ، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کی تحریکوںکا آغاز ،لاہور ہائی کورٹ بار اور سپریم کورٹ بار کے یہ اعلانات کہ وزیر اعظم ایک ہفتے میں استعفی دے دیں ، حکومت اس پوزیشن میں نہیں کہ وہ سیاست چمکانے کے لیے لوڈ شیڈنگ کا ایشو اپنے مخالفین کے ہاتھ میں دے سکے ، تا ہم وفاقی وزیر پانی وبجلی کا پارلیمنٹ میں دیا گیا یہ بیان ریکارڈ پر موجود ہے کہ رواں موسم گرمامیں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ عوام کے سروں پر منڈلاتی رہے گی ، اتوار کے روز انہوں نے ٹویٹ کیا کہ بجلی کی طلب 19500میگا واٹ سے کم ہو کر 17399میگا واٹ رہ گئی ہے ۔تا ہم غیر جانبدار ماہرین کا خیال ہے کہ پنجا ب اور خیبر پختون خوا کے اکثر علاقوں میں بارش کے نتیجے میں گرمی کی شدت کم ہوئی ہے جس سے بجلی کی طلب بھی کم ہوئی ہے ، وفاقی وزیر نے کہا کہ اتوار کے روز بجلی کی پیداوار 12948میگاواٹ تھی جب کہ شارٹ فال 4451تھا ۔ تا ہم اعلی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ حکومت گھریلو سیکٹر کو خوش کرنے کے لیے صنعتی سیکٹر کے لیے زیرو لوڈ شیڈنگ کی پالیسی کو ختم کر سکتی ہے ۔غالب امکان ہے کہ رمضان میں حکومت صنعتی سیکٹر کے لیے لوڈ شیڈنگ کا عمل شروع کر دے گی ، تا ہم وزیر اعظم کو تازہ دی گئی پری زینٹیشن میں ملک میں لوڈ شیڈنگ میں اضافہ پر تشویش کاا ظہار کیا گیا ہے ، اب تک موجودہ حکومت نے سسٹم میں 44OOمیگا واٹ بجلی شامل کی ہے اور دسمبر2017تک مزید 6010میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ ہے ۔حکومت نے کہا ہے کہ 10مئی کے بعد ملک میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی ، اس لیے کہ سالانہ مرمت کے نتیجے میں جو پاور پلانٹ بند تھے وہ بھی رواں ماہ کے اختتام تک چالو ہو جائیں گے ۔اہم بات یہ ہے کہ چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ ون مئی کے پہلے ہفتے کے دوران فعال ہو جائے گا جس سے 300میگا واٹ بجلی دستیاب ہو گی ، مزید برآں نندی پور پاور پلانٹ کی ایل این جی پر منتقلی کے بعد یکم مئی سے اس سے بھی 525میگا واٹ بجلی میسر ہو گی ، اسی طرح ساہیوال کا کوئلے سے چلنے والا پہلا پاور پلانٹ بھی جولائی میں کام کرنا شروع کر دے گا ، ا س سے 660میگا واٹ بجلی مل سکے گی ۔ایل این جی سے چلنے والاحویلی بہادر شاہ پلانٹ بھی اگست میں پیداوار دینا شروع کر دے گا ، اس پلانٹ سے 380میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو گی ، جون2017 ءمیں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ فور بھی325میگا واٹ بجلی دینا شروع کر دےگا۔ ساہیوال کول پاور پلانٹ کا دوسرا یونٹ شیڈول کے مطابق 660میگا واٹ اگست اور بلوکی ایل این جی پاور پلانٹ کا پہلا یونٹ ستمبر 2017ءمیں 380میگا واٹ بجلی دے گا۔ اسی طرح پورٹ قاسم کول پاور پلانٹ کا بھی پہلا یونٹ دسمبر 2017میں 660میگا واٹ بجلی پیدا کرنے لگے گا، بلوکی ایل این جی پلانٹ کےدوسرے یونٹ سے اکتوبر میں 380میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو نے کا امکان ہے، اسی طرح بھکی اور بہادر شاہ ایل این جی پاور پلانٹس سے بھی دسمبر میں چار چارسو میگا واٹ بجلی سسٹم کا حصہ بن جائے گی، دوسری طرف ہواا ور سورج کے منصوبوں سے پیدا ہونے والی 300میگا واٹ بجلی بھی اکتوبر 2017ءتک سسٹم میں شامل ہو جائے گی، 2000میگا واٹ بجلی نیلم جہلم اور تر بیلا فور ہائیڈرو پاور سے فروری 2018تک پیدا ہونے لگے گی۔
لوڈشیڈنگ

پی پی کی خاتون رہنماءشیری رحمان بھی ماڈل بن گئیں

کراچی(شوبز ڈیسک)پیپلزپارٹی کی خاتون رہنماء بھی ماڈل بن گئیں، مقامی جریدے کا فوٹو شوٹ منظر عام پر آگیا، شیری رحمان کی تصاویر نے سب کو حیران کردیا۔پاکستان پیپلزپارٹی کی خاتون رہنماءاور سابق وفاقی وزیر اطلاعات شیری رحمان بھی ماڈل بن گئیں، مقامی جریدے کیلئے کیا گیا فوٹو شوٹ منظر عام پر آگیا۔شیری رحمن اس وقت ایوان بالا کی رکن بھی ہیں۔

انجلینا جولی کا برطانوی بزنس مین سے شادی کافیصلہ

لاس اینجلس (شوبز ڈیسک) اداکارہ انجلینا جولی نے برطانوی بزنس مین سے جلد شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا ،ذرائع کے مطابق انجلینا جولی نے نہایت رازداری سے سیاسی اثر ورسوخ رکھنے والے ایک ہینڈ سم برطانوی بزنس مین جس کا نام ظاہر نہیں کیا جا رہا سے شادی کا فیصلہ کر لیا ہے جو کہ جولی کی چوتھی شادی ہو گی۔ہالی وڈ ذرائع کے مطابق جولی نے بریڈ سے علیحدگی کے دنوں اور عدالتی جنگ کے دوران برطانوی بزنس میں سے دوستی کی پینگیں نہایت رازداری کے ساتھ بڑھائیں۔ ان کی ان کے ساتھ تمام تر ملاقاتیں انکی مالیبو میں نجی رہائش گاہ میں ہوتی رہیں س کی باہر والوں کو کوئی خبر نہ ہوئی۔ذرائع کے مطابق بریڈ کو جب اس خبر کا علم ہوا تو وہ سٹپٹا گئے کیونکہ وہ ایسا سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ کوئی اجنبی ان کے بچوں سے نجی ملاقاتیں کر رہا ہے اور انجلینا نے دوستی چھوڑ اس سے آسانی سے شادی کا فیصلہ کر لیا جن کو شادی کے لئے منانے پر بریڈ کو9 سال لگے۔انجلینا اور بریڈ کے درمیان 2005 میں فلم ”مسٹر اینڈ مسز سمتھ “کے سیٹ پر دوستی ہوئی وہ اس سے اگلے سال اکٹھے رہنے لگے اور بریڈ نے اپنی پہلی بیوی اداکارہ جنیفر اینی سٹن کو چھوڑ دیا اور 2014 میں انجلینا سے شادی کی جو گزشتہ سال ٹوٹ گئی۔

”مبارک ہو بیٹی ہوئی ہے “صائمہ کراچی روانہ

لاہور(کلچرل رپورٹر) اداکارہ صائمہ گزشتہ روزکراچی روانہ ہوگئی ہیں جہاں وہ نجی ٹی وی کی ڈرامہ سیریل” مبارک ہو بیٹی ہوئی ہے“کی ریکارڈنگ کرائیں گی جس کی کاسٹ میںصبورعلی، ساجدحسن، ناہید شبیر،مریم انصاری ، فہدشیخ اور ٹیپوشریف سمیت بہت سے دیگرفنکار شامل ہیں۔اس ڈرامے کو بگ بینگ پروڈیوس کررہا ہے جس کے ڈائریکٹربدرمحمود ہیں ۔ اس بار ے میں صائمہ نے کہا کہ میں فلموں کے ساتھ ساتھ ٹی وی پر بھی یکساں کام کررہی ہوں اور اس سے پہلے بھی جن ڈراموں میں کام کیا عوام کی طرف سے ان کی بہت پزیرائی کی گئی جہاں تک بات ”مبارک ہو بیٹی ہوئی ہے“کی ہے یہ بہت ہی منفرد دکہانی ہے جسے کرنے میں مجھے بہت اچھا لگا کیونکہ یہ ایک کی ترجمانی کرتی ہے جسے بیٹی پیداکرنے پر معاشرے کی طرف سے بہت کچھ سننا پڑتا ہے ۔اور اسے ایسا لگتا ہے کہ جیسے بیٹی پیداکرنا کوئی جرم ہے۔صائمہ کا مزیدکہنا ہے کہ تمام خواتین کے لئے ایک سیریل میں اہم پیغام ہے۔